چال نمبر ۷؍تا ۱۴؍کا معاملہ، گندہ پانی راستے پر بہنے سے نمازیوں کو مزیددشواری ،سابق کارپوریٹروں نے پریشانی کا اعتراف کرتے ہوئے یکم اکتوبر سے کام دوبارہ شروع کئے جانے کی یقین دہانی کے ساتھ کئی اوردعوے بھی کئے
EPAPER
Updated: September 27, 2025, 11:49 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
چال نمبر ۷؍تا ۱۴؍کا معاملہ، گندہ پانی راستے پر بہنے سے نمازیوں کو مزیددشواری ،سابق کارپوریٹروں نے پریشانی کا اعتراف کرتے ہوئے یکم اکتوبر سے کام دوبارہ شروع کئے جانے کی یقین دہانی کے ساتھ کئی اوردعوے بھی کئے
مالونی گیٹ نمبر ۷؍ ایم ایچ بی کالونی کی چال نمبر ۶؍ سے ۱۴؍کے سیکڑوں مکین، ادھوری گٹر،راستے پر گندے پانی، اوبر کھابڑ راستہ اور بی ایم سی کی جانب سے انتہائی سست رفتاری سے روڈ اور گٹر کی تعمیر کے سبب پریشان ہیں۔ گندہ پانی راستے پر آنے سے نمازیوں کو مزید دشواری ہوتی ہے ۔ نمائندۂ انقلاب نے مذکورہ بالا چالیوں میںمکینوں سے ملاقات کی اوران کی شکایات معلوم کرنےکے بعد سابق کارپوریٹرس سے بات چیت کی۔
پریشانی مکینوں کی زبانی
ایم ایچ بی کالونی چال نمبر۶؍ روم نمبر ۴۷؍ میں (محمدی مسجد کے کے قریب )مقیم ایم اے شنو نے بتایا کہ ’’میں یہاں برسوں سے رہتا ہوںلیکن آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میری چال میںچلنے کے لئے راستہ نہیں ہے، گندہ پانی بھرا رہتا ہے جس سےنماز کے لئے جانا مشکل ہوتا ہے۔ ایک سال قبل کام شروع کیا گیا تھا مگرابھی کام بند ہے، صرف ایم ایل اے کے بینرلگے ہوئے ہیں۔ جب تک گٹر کا کام پورا نہیںہوگا اس وقت تک پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں ہوگا۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ابھی محض ایک جانب گٹر کاآدھا ادھورا کام ہوا ہے ،نہ معلوم کتنا وقت لگے گا ۔اس وقت تک ہمیںاسی طرح سے پریشان ہونا پڑےگا۔ ‘‘ بقول ایم اے شنّو’’کام کا وقت مقرر کیا جانا چاہئے اور وقت پرکام پورا نہ کرنے والے کنٹریکٹر پرجرمانہ بھی عائد کرتے ہوئے بلیک لسٹ کیا جانا چاہئے تاکہ شہریوں کو ان مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘
اسی چال میںرہنے والے دوسرے بزرگ عبدالکریم نے کہاکہ’’ گٹر ،گندے پانی ،راستہ اورپانی کی نکاسی کا نظم نہ ہونے سے ہم سب کوکافی پریشانی ہے۔ اس کا جلد سےجلد حل نکالا جائے تاکہ پریشانی ختم ہو۔‘‘محمدی مسجد کے مؤذن سے پوچھنے پران کاکہنا تھاکہ ’’ پانی کی نکاسی ہوتی ہے مگرمسئلہ تو ہے۔ راستے کی تعمیر نہیں ہوئی ہے ،اس سے پانی جمع رہتا ہے ۔ مکینوں کو اورمصلیان کو بھی اس سے پریشانی ہوتی ہے۔ اس لئے شہری انتظامیہ یہ تمام کا م جلد سے جلد پورا کروائے ۔‘‘
یکم تا ۵؍اکتوبر کام دوبارہ شروع ہوگا
ان مسائل کے تعلق سے قمر جہاںصدیقی کے شوہر معین صدیقی سے بات چیت کرنےپر ان کا کہنا تھا کہ ’’ کام شروع کیا گیا ہے لیکن بارش میں بی ایم سی کی جانب سے اس طرح کی کا م نہیں کیا جاتا ہے ۔ صاف صفائی کرائی جاتی ہے۔لیکن یہ درست ہے کہ لوگوں کو پریشانی ہورہی ہے ۔مگرجلد ہی دوبارہ کام شروع کرایا جائے گا اورتیزی سےاسے پورا کیا جائے گا۔جہاںتک اس کام کو شروع ہوئے ڈیڑھ سال گزر جانے کی بات ہے تویہ درست نہیںہے، میںآپ کوورک آرڈر دکھا سکتا ہوں۔‘‘
دوسرے سابق کارپوریٹروریندر چودھری نے کہاکہ’’ شکایتیں درست ہیں،میرے وارڈ کے حصے میں آنے والے ایم ایچ بی کالونی میںبھی یہی مسائل ہیں مگر ۵؍اکتوبر سے دوبارہ کام شروع کیا جائے گا ۔اس کے بعدمکینوں کی شکایتیں دور ہوجائیں گی ۔‘‘
سابق کارپوریٹرسلمیٰ المیلکر کے شوہر سلیم شیخ نے بتایا کہ ’’ ۶؍نمبر سے ۱۴؍ نمبر تک یہ تمام چالیاں ان کے ہی وارڈ میں ہیں اوریہاں ابھی کام رکا ہوا ہے مگر یکم اکتوبر سے دوبارہ شروع کرایا جائے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ پورے ایم ایچ بی کالونی کے ۱۴؍ روڈ اورانفنیٹی مال سے مالونی کے درمیان راستہ کھلوانے کے لئے بھی کوشش جاری ہے ۔ اس کے انہوںنے کاغذات بھی دیئے۔‘‘ سلیم شیخ نے یہ بھی بتایاکہ’’ ہم لوگوں نے کام کے لئے ہی شیوسینا میںشمولیت اختیار کی ہے۔ امید ہے کہ یہ تمام روڈ ا ورانفنیٹی مال سے مالونی کو جوڑنے والا دوسرا روڈ بھی بنوانے میںکامیابی ملے گی ،اس سے بہت سے مسائل حل ہوجائیںگے۔‘‘