Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالدہ واقعے کی ذمہ داری وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر عائد کی

Updated: April 03, 2026, 1:37 PM IST | Mumbai

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمیشن نے اہم انتظامی عہدوں پر اپنے افسران تعینات کردئیےہیںجس سے حکومت کا کنٹرول کمزور ہوگیا ہے، میرے تمام اختیارات چھین لئے گئے ہیں۔

Mamata Banerjee addressing a rally in Malda. Photo: INN
ممتا بنرجی مالدہ میں ایک ریلی سے خطاب کےد وران۔ تصویر: آئی این این

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ اور جمعرات کی شب مالدہ میں پیش آنے والے متنازع گھیراؤ واقعے سے خود کو الگ کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد کر دی۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب سپریم کورٹ نے اس معاملے پر ریاستی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اب ریاست میں امن و امان کی ذمہ داری ان کے اختیار میں نہیں رہی۔ ان کے مطابق ’’چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی اب مجھ سے رابطہ نہیں کرتے۔ جب سے میرے تمام اختیارات مجھ سے لے لیے گئے ہیں، امن و امان برقرار رکھنا اب آپ کی ذمہ داری ہے۔‘‘ممتا بنرجی نے جمعرات کو مرشد آباد اور مالدہ میں ریلیوں سے خطاب کیا ۔یہ ردعمل سپریم کورٹ کی اس سخت  سرزنش کے بعد آیا جس میں عدالت عظمیٰ نے مالدہ میں عدالتی افسران کے گھیراؤ کو ’’پہلے سے طے شدہ‘‘ قرار دیتے ہوئے ریاستی حکام کی کارکردگی پر سوال اٹھائے تھے۔ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن عدالتی افسران کو  تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ مرشدآباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا، ’’میں الیکشن کمیشن کی مذمت کرتی ہوں کہ وہ عدالتی افسران کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا۔‘‘انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے اہم انتظامی اور پولیس عہدوں پر اپنے افسران تعینات کر دیے ہیں، جس سے ریاستی حکومت کا کنٹرول کمزور ہو گیا ہے۔ممتا بنرجی کا کہنا تھا ’’میرے تمام اختیارات چھین لیے گئے ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں ایسا الیکشن کمیشن نہیں دیکھا۔‘‘ممتا بنرجی نے  (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہے جس سے ریاست میں انتخابات منسوخ ہو جائیں اور صدر راج نافذ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک منظم سیاسی سازش ہو سکتی ہے جس کا مقصد مغربی بنگال میں جمہوری عمل کو متاثر کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ  نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں اس واقعے کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ ان کے مطابق، ریاست کے اعلیٰ افسران نے بھی انہیں اس بارے میں آگاہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا، چیف سیکریٹری نے مجھے اطلاع نہیں دی۔ مجھے اس واقعے کا علم میڈیا کے ذریعے ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK