Updated: April 03, 2026, 3:18 PM IST
| Hyderabad
ہینرک کلاسن (۵۲؍رن) کی نصف سنچری اور ابھیشیک شرما (۴۸؍رن)، ٹریوس ہیڈ (۴۶؍رن) نیز نتیش کمار ریڈی (۳۹؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے جمعرات کے روز آئی پی ایل کے چھٹے مقابلے میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو ۶۵؍ رنز سے شکست دی۔
حیدرآباد کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
ہینرک کلاسن (۵۲؍رن) کی نصف سنچری اور ابھیشیک شرما (۴۸؍رن)، ٹریوس ہیڈ (۴۶؍رن) نیز نتیش کمار ریڈی (۳۹؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے جمعرات کے روز آئی پی ایل کے چھٹے مقابلے میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو ۶۵؍ رنز سے شکست دی۔
۲۲۷؍رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری کولکاتاکے بلے باز سن رائزرس حیدرآباد کے بالنگ اٹیک کا سامنا نہ کر سکے اور ان کی پوری ٹیم ۱۶؍اوورز میں ۱۶۱؍رن کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ سن رائزرس نے یہ مقابلہ ۶۵؍ رنز سے جیت لیا۔
یہ بھی پڑھئے:آبنائے ہرمز کو فوجی کارروائی سے کھولنا غیر حقیقت پسندانہ ہے: ایمانوئل میکرون
کولکاتا کے لیے کپتان اجنکیا رہانے اور فن ایلن کی جوڑی نے تیز شروعات کی، لیکن دوسرے ہی اوور میں ہرش دوبے نے فن ایلن (۷؍ گیندوں پر۲۸؍ رنز) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے بعد پانچویں اوور میں جے دیو اناڈکٹ نے اجنکیا رہانے ( ۸؍ رنز) کو آؤٹ کر کے حیدرآباد کو دوسری کامیابی دلائی۔ انگکرش رگھوونشی اور رنکو سنگھ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور تیزی سے رنز بھی بٹورے، لیکن۱۱؍ویں اوور میں رگھوونشی کے رن آؤٹ ہونے کے بعد کے کے آر کی اننگز بکھرتی چلی گئی۔ انگکرش رگھوونشی نے ۲۹؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۵۲؍ رنز بنائے۔ رمن دیپ سنگھ (۱۰؍رن)، سنیل نارائن (۱۲؍رن) اور رنکو سنگھ ۲۵؍ گیندوں پر ۳۵؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کے کے آر کے چھ بلے باز دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے جے دیو اناڈکٹ نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ نتیش کمار ریڈی اور ایشان ملنگا کو دو دو وکٹیں ملیں، جبکہ ہرش دوبے نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:سورو گنگولی کی بایوپک کا نام ’’دادا‘‘ راجکمار راؤ مرکزی کردار میں
اس سے قبل، حیدرآباد نے ہینرک کلاسن (۵۲؍رن)، ابھیشیک شرما (۴۸؍رن)، ٹریوس ہیڈ (۴۶؍رن) اور نتیش کمار ریڈی (۳۹؍رن) کی بہترین اننگز کے دم پر ۸؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۲۶؍ رنز کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ کلاسن نے ۳۵؍ گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکا لگایا، ابھیشیک نے ۲۱؍گیندوں پر چار چوکے اور چار چھکے جڑے، ہیڈ نے ۲۱؍ گیندوں پر چھ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ نتیش ریڈی نے ۲۴؍ گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ہیڈ اور ابھیشیک نے اوپننگ شراکت میں ۸۲؍ رنز کی تیز رفتار شروعات کی۔ کلاسن اور نتیش نے ۵۳؍ گیندوں پر۸۲؍ رنز کی شراکت داری قائم کی۔ کے کے آر کی طرف سے بلیسنگ مزاربانی نے ۴۱؍ رنز دے کر سب سے زیادہ چار وکٹیں لیں۔