Inquilab Logo

ممتا بنرجی کے رُکن اسمبلی بننے کا راستہ صاف

Updated: September 05, 2021, 9:05 AM IST | kolkata

الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی کے روایتی انتخابی حلقہ بھوانی پور اور مرشدآباد ضلع کی دو سیٹوں پر ۳۰؍ستمبرکو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا

In Bhawanipur, Mamata Banerjee`s party has started a series of election campaigns. (Photo: PTI)
بھوانی پور میں ممتا بنرجی کی پارٹی نے انتخابی تشہیر کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

تقریباً ۳؍ ماہ کی کشمکش اور سیاسی رسہ کشی کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے رکن اسمبلی بننے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بالآخر ممتا بنرجی کے روایتی انتخابی حلقہ بھوانی پور اور مرشدآباد ضلع کی دو سیٹوں شمشیر گنج اور جنگی پور میں ۳۰؍ ستمبر کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کمیشن نے ریاست کی چار سیٹیں کھاراداہ، گوسابا، دین ہاٹ اور شانتی پور میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق مغربی بنگال کی ۲؍ اسمبلی نشستوں اور ادیشہ  کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کے  لئے پولنگ ۳۰؍ ستمبر کو ہوگی جبکہ  ووٹوں کی گنتی ۳؍اکتوبر کو ہوگی۔
  یہ اعلان اس لئے اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ ممتا بنرجی نندی گرام سے اسمبلی  انتخاب ہار گئیں تھیں اور وہ اس وقت ممبر اسمبلی نہیں  ہیں اس لئے انہیں ۶؍مہینے میں رکنیت حاصل کرنا ضروری تھا۔  ضمنی انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں تاخیر کی وجہ سے ٹی ایم سی اور بی جے پی میں لفظی جھڑپیں بھی ہو رہی تھیں اور زعفرانی پارٹی پر یہ الزام لگ رہا تھا کہ وہ جان بوجھ کر اعلان نہیں ہونے دے رہی ہے۔ اسی وجہ سے ترنمو ل کانگریس پریشان تھی۔نومبر تک انتخابات نہیں ہونے کی صورت میں ریاست میں آئینی بحران پیدا ہوسکتا تھا۔اس سال اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی نے بھوانی پور اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑنے کے بجائے مشرقی مدنا پور کے نندی گرام سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔نندی گرام میں حصول اراضی کے خلاف تحریک چلاکر ممتا بنرجی اقتدار میں آئی تھیں لیکن  وہاں سے وہ اپنے سابق ساتھی اور اب اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری سے انتخاب ہار گئی تھیں۔
 انتخابی نتائج کے بعد بھوانی پور حلقہ سے ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے شوبھن دیب چٹوپادھیائے نے بنرجی کو وہاں سے الیکشن لڑانے کے  لئے سیٹ خالی کردی ۔  الیکشن کمیشن کے پریس نوٹ کے مطابق، مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری نے بتایا ہے کہ انتظامی ضروریات اور عوامی مفاد کے پیش نظر بھوانی پور اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب ضروری ہےکیوں کہ ممتا بنرجی کو ۵؍نومبر تک مقننہ کی رکنیت حاصل کرنا ضروری تھا۔مغربی بنگال کے شمشیر گنج اور جنگی پور اور ادیشہ کے پیپلی میں اسمبلی انتخابات کرانے کے اپنے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کمیشن نے کہا کہ چونکہ ان تینوں نشستوں کے امیدوار اور سیاسی جماعتیں پہلے ہی انتخابی مہم کا ۲۹؍ اپریل سے مئی تک فائدہ اٹھا چکے ہیں اس لئے اس سال ان سیٹوں پر صرف ۲۰؍ ستمبر سے انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہوگی۔کمیشن نے کہا کہ اس نے کوویڈ کی صورتحال، سیلاب اور تہوار کے موسم کے پیش نظر دیگر۳۱؍ اسمبلی حلقوں اور تین پارلیمانی حلقوں میں ضمنی انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
 واضح رہے کہ بی جے پی نے کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے ضمنی انتخاب کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتخابات ملتوی کردئیے جانے چاہئیں۔ حالانکہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھی بنگال اسمبلی انتخابات کے تسلسل  اور بی جے پی لیڈروں کی ریلیوں پر سوال اٹھایا گیا تھا۔  ادھرکمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی ۱۳؍ ستمبر تک جمع کرانے ہوں گے۔ جانچ۱۴؍ستمبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی۱۸؍ ستمبر کو واپس لئے جا سکتے ہیں۔ ووٹنگ کا  پورا عمل ۵؍اکتوبر تک مکمل ہونا ہے۔ دوسرے لفظوں میں ممتا بنرجی درگا پوجا سے قبل تک اسمبلی کی رکنیت حاصل کرلیں گی۔تاہم، کھاراداہ، گوسابا، دنہٹا اور شانتی پور میں ضمنی انتخابات نہیں ہو رہے ہیں۔ کھارادھا اور گوسابا میں جیتنے والے ترنمول امیدواروں کی موت ہو گئی ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK