Inquilab Logo

ممتا بنرجی بھوانی پورسےالیکشن لڑیں گی ترنمول کانگریس کااعلان بی جےپی اورکانگریس میں تذبذب کی کیفیت

Updated: September 07, 2021, 8:19 AM IST | kolkata

وزیراعلیٰ کے خلاف امیدواری کیلئے بی جے پی میں ۷؍ ناموں پر غور میں کیاجارہا ہے، اس فہرست میں سابق وزیر ریلوے دنیش ترویدی کا نام سب سے اوپر ہے جو ترنمول کانگریس سے بی جے پی میں گئے ہیں

Chief Minister Mamata Banerjee is optimistic about her success.Picture:INN
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اپنی کامیابی کیلئے پُر امید ہیں تصویر آئی این این

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی۳۰؍ ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھوانی پور سیٹ سے الیکشن لڑیں گی۔ برسر اقتدار ترنمول کانگریس نےممتا بنرجی کے آبائی حلقے سےان کی  امیدواری  کا اعلان  کردیا۔ اسی طرح پارٹی نے۲؍ دیگر امیدواروں کے ناموں کابھی اعلان کردیا ہے۔ جنگی پور سےذاکر حسین   اور مرشد آباد ضلع کے شمشیر گنج سے  امیر الاسلام الیکشن لڑیں گے۔ بی جے پی  کے ساتھ ساتھ کانگریس اور بایاں محاذ اتحادمیں بھی سرگرمی شروع ہوگئی ہے تاہم ابھی تک یہ طے نہیں ہوسکا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف کون امیدوار ہوگا۔بی جے پی کی طرف سے سابق وزیر ریلوے دنیش ترویدی کی امیدواری کا امکان ہے جنہوں نے ٹی ایم سی چھوڑکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
  خیال رہے کہ ممتا بنرجی ریاست میں ہونےوالے اسمبلی انتخابات میں نندی گرام کی سیٹ پر بی جے پی کے امیدوارشوبھیندو ادھیکاری سے ہار گئی تھیں لیکن الیکشن میں ترنمول کانگریس کو واضح اکثریت ملی تھی جس کے بعد  انہوں نے تیسری باروزیراعلیٰ کے عہدے کاحلف لیا تھا۔ آئینی نظام کے سبب انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کیلئے ۶؍ ماہ کے اندر اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے۔  یہ حد۵؍ نومبرکو ختم ہورہی ہے۔ اسی کے مدنظر الیکشن کمیشن کی طرف سے۳؍ اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی قیادت اس سیٹ سے دیگر ۷؍ لیڈروں کے ناموں پر بھی غور کررہی ہے۔ممتا بنرجی کے خلاف بی جے پی کے امیدوار کے بارے میں پارٹی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہاکہ ہمارے یہاں امیدواروں کے انتخاب کاایک عمل ہے اور اسی عمل کے بعد نام منتخب کئے جائیں گے۔ کچھ نام پیش کئے جاتے ہیں اور ان ناموں پر مرکزی قیادت حتمی فیصلہ کرتی ہے۔
 ذرائع کے مطابق بی جے پی، ممتا بنرجی کے خلاف بھوانی پور سے جن۷؍ ناموں پر غور کرہی ہے، ان میں ترنمول کانگریس سے سابق راجیہ سبھا رکن اور سابق وزیر ریلوے دنیش ترویدی کا نام سب سے اوپر ہے۔ اس کے علاوہ ردرنیل گھوش کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے، جنہیں اسمبلی انتخابات میں اسی سیٹ سے ترنمول کانگریس  کے شوبھن دیو چٹوپادھیائے نے شکست دی تھی۔ بی جے پی کی ہگلی سے رکن پارلیمان اور بنگلہ سنیما کی اداکارہ لاکٹ چٹرجی کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ وہیں میگھالیہ اور تریپورہ کے سابق گورنر اور مغربی بنگال میں پارٹی کے صدر رہ چکے سینئر لیڈر تتھاگت رائے، گول پوراسمبلی سیٹ سے امیدوار انربان گنگولی، سابق راجیہ سبھا رکن اور صحافی سوپن داس گپتا اور بی جے پی کے ریاستی نائب صدر پرتاپ  بنرجی کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
 بی جے پی کے ریاستی اکائی کے لیڈروں کاخیال ہے کہ ممتا بنرجی کے سامنے  دنیش ترویدی زیادہ بہتر متبادل ہوں گے۔ دراصل اس سیٹ پر۲؍ لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان ہیں، جن میں سے سمجھا جاتا ہے کہ ۵۰؍ ہزار بی جے پی کے حامی ہیں۔ ان میں بنگالی زبان کی آبادی کے ساتھ گجراتی،  بہاری، مارواڑی، سکھ اور دوسری کمیونٹی کے لوگ بھی شامل ہیں۔ امیدواری کیلئے تتھاگت رائے کا نام بھی چل رہا ہے۔۲۰۱۴ءکے لوک سبھا انتخابات میں تتھاگت  رائے بی جے پی کی طرف سے کولکاتا جنوب سے امیدوار تھے اور اس میں ترنمول کانگریس کے سبرت بخشی سے انہیں شکست ملی تھی۔ حالانکہ اس الیکشن میں انہیں بھوانی پور اسمبلی حلقہ میں اچھی سبقت ملی تھی۔خیال رہے کہ۲۰۱۱ء اور۲۰۱۶ءکے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی بھوانی پور سیٹ سے ہی جیتی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK