• Thu, 04 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹاٹا گروپ کے پروگریسو الیکٹورل ٹرسٹ نے ۲۵۔۲۰۲۴ء میں بی جے پی کو اپنے فنڈز کا ۸۳؍ فیصد عطیہ کیا

Updated: December 03, 2025, 6:01 PM IST | Mumbai

مہندرا کے حمایت یافتہ نیو ڈیموکریٹک الیکٹورل ٹرسٹ نے بھی اپنے ۱۶۰ کروڑ روپے کے فنڈز میں سے ۱۵۰ کروڑ روپے بی جے پی کو عطیہ کئے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

سپریم کورٹ کی جانب سے الیکٹورل بانڈز کی اسکیم ختم کئے جانے کے بعد، کارپوریٹ اور ٹرسٹ سے منسلک سیاسی عطیات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس فہرست میں ٹاٹا گروپ کے زیر کنٹرول ’پروگریسو الیکٹورل ٹرسٹ‘ (پی ای ٹی) سب سے آگے رہا۔ پی ای ٹی نے ۲۵۔۲۰۲۴ء میں ۹۱۵ کروڑ روپئے کا سیاسی چندہ دیا۔ ٹرسٹ نے بی جے پی کو سب سے زیادہ ۶ء۷۵۷ کروڑ روپے عطیہ کئے جو اس کے ذریعے تقسیم کئے گئے کل چندے کا ۸۳ فیصد ہے۔ ان اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹاٹا گروپ کے ٹرسٹ کی جانب سے حکمراں پارٹی کو دیئے جانے والے چندے میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل، ۱۹-۲۰۱۸ء میں پی ای ٹی نے بی جے پی کو ۴۵۴ کروڑ روپے عطیہ کئے تھے جو ٹرسٹ کے کل چندے کا ۷۵ فیصد تھا۔ 

اس کے علاوہ، بی جے پی کو نیو ڈیموکریٹک الیکٹورل ٹرسٹ اور ہارمونی الیکٹورل ٹرسٹ سے بھی بڑے عطیات موصول ہوئے جس کے بعد اس کو موصول ہونے والا چندہ ۹۵۹ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ مہندرا کے حمایت یافتہ نیو ڈیموکریٹک الیکٹورل ٹرسٹ نے اپنے ۱۶۰ کروڑ روپے کے فنڈز میں سے ۱۵۰ کروڑ روپے بی جے پی کو عطیہ کئے۔

یہ بھی پڑھئے: رازداری کے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے ایپل کا سنچار ساتھی کو پری لوڈ کرنے کا سرکاری حکم ماننے سے انکار

کانگریس کے اعلان کردہ تفصیلات کے مطابق، اسے پی ای ٹی کی جانب سے ۳ء۷۷ کروڑ روپے اور دیگر کئی ٹرسٹس سے چندہ موصول ہوا۔ اس سال کانگریس کو کل ۳۷ء۵۱۷ کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے جن میں تقریباً ۳۱۳ کروڑ روپے مختلف ٹرسٹ کی جانب سے دیئے گئے۔ اگرچہ کانگریس کو موصول ہونے والے عطیات، گزشتہ سال کی اس کی غیر بانڈ آمدنی سے زیادہ ہیں لیکن یہ اب بھی ۸۲۸ کروڑ روپے سے بہت کم ہے جو اسے گزشتہ سال انتخابی بانڈز کے ذریعے ملے تھے۔

ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس کو مختلف الیکٹورل ٹرسٹس کی جانب سے ۵ء۱۵۳ کروڑ روپے موصول ہوئے جو ۲۴-۲۰۲۳ء میں اس کی ۶۱۲ کروڑ روپے کی بانڈ آمدنی سے نہایت کم ہے۔ بیجو جنتا دل نے اس سال ۶۰ کروڑ روپے کے عطیات کی اطلاع دی جن میں ٹرسٹس سے موصول ہونے والے ۳۵ کروڑ روپے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ملک کا مہنگا ترین نمبر پلیٹHR88B8888 دوبارہ نیلام ہوگا،سدھیررقم ادا کرنے سے قاصر

۲۰۲۴-۲۵ء کے یہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ انتخابی بانڈز کے بعد قومی اور علاقائی سیاسی پارٹیوں کیلئے الیکٹورل ٹرسٹ، سب سے بڑے عطیہ دہندگان بن کر سامنے آئے ہیں۔ ٹاٹا گروپ کی کمپنیوں میں ٹاٹا سنز، ٹی سی ایس، ٹاٹا اسٹیل، ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا پاور اور ٹاٹا کمیونیکیشنز شامل تھیں جنہوں نے پی ای ٹی کے عطیات میں حصہ لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK