Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی سے زیارت کے لئے جانے والا شخص شام میں پھنس گیا، اہل خانہ اور دوست فکرمند

Updated: December 10, 2024, 4:16 PM IST | Asif Rizvi | Mumbai

ممبئی سے زیارت کیلئے جانے والا ۳۵؍ سالہ شخص شام میں پھنس گیا ہے جہاں  بشارالاسدحکومت کا تختہ پلٹ کرباغیوں نے قبضہ کرلیا ہے۔

Mahdi Hassan. Photo: INN
مہدی حسن۔ تصویر: آئی این این

ممبئی سے زیارت کیلئے جانے والا ۳۵؍ سالہ شخص شام میں پھنس گیا ہے جہاں  بشارالاسدحکومت کا تختہ پلٹ کرباغیوں نے قبضہ کرلیا ہے۔ اس نمائندے سے گفتگو کے دوران اس نے شام کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔
 جنوبی ممبئی سے تعلق رکھنے والے ۳۵؍ سالہ مہدی حسن   حضرت علیؓ، امام حسینؓ اور کربلا کے دیگر شہداء کی قبروں کی زیارت کیلئے آنے والوں کیلئے عراق میں رہ کر ’ٹور‘ کا انتظام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق شام میں انہیں وقفہ وقفہ سے گولیاں چلنے کی آوازیں آتی رہتی ہیں اور وہاں کی سڑکوں پر مسلح نوجوانوں کا سیلاب  نظر  آتا ہے۔ اس دوران کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جس کے  بعد یہاں کی  سڑکیں سنسان ہوگئی ہیں۔
 شام جانے کے تعلق سے مہدی حسن نے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میں  سیّدہ  زینبؓکی قبر کی زیارت کیلئے شام آیا ہوا تھا۔ یہاں آنے کے بعد مجھے یہاں  کے کئی اہم شہروں پرباغیوں کے ذریعے قبضہ کرنے کے بارے میں پتہ چلا۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ ’’میں شام کی مختلف ہوٹلوں میں رہ رہا ہوں۔ اب تک میرے ساتھ ایسا کوئی معاملہ پیش نہیں آیا ہے جس سے میری جان کو براہِ راست کوئی خطرہ لاحق ہو لیکن یہاں کے حالات ایسے ہیں کہ کچھ کہا نہیں جاسکتا کہ کب کیا ہوجائے۔‘‘
 واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل شام کی وزارت خارجہ نے دمشق میں پھنسے ہندوستانیوں کو ان کی ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر جو وہاٹس ایپ نمبر بھی ہے اور ای میل پر رابطہ میں رہنے کو کہا تھا۔ ان کا ہیلپ لائن نمبر ۹۶۳۹۹۳۳۸۵۹۷۳ + ہے اور ای میل آئی ڈی hoc.damascus@mea.gov.in ہے۔
 مہدی حسن کے ممبئی میں رہائش پذیر دوست وسیع سید نے کہا کہ ’’خبروں سے وہاں کے جو حالات معلوم ہورہے ہیں وہ تشویشناک ہیں۔ ہمیں مہدی کی فکر ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ وہ جلد سے جلد صحیح سلامت  اپنے گھر لوٹ آئے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جس طرح ہمارے ملک نے روس اور یوکرین کی جنگ کے دوران وہاں پھنسے اپنے شہریوں کو بحفاظت واپس لانے کا انتظام کیا تھا ویسا ہی انتظام  شام میں پھنسے ہندوستانیوں کو بحفاظت لانے کیلئے بھی کیا جائے گا۔‘‘اس نمائندے نے جب شام میں ہندوستانی سفارتخانہ سے رابطہ قائم کیا تو وہاں کے ایک افسر نے کہا کہ ’’ہم ایک خصوصی طیارہ کا انتظام کیا جارہا ہے تاکہ شام میں  پھنسے ہندوستانیوں کو بحفاظت نکالا جاسکے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK