Updated: October 04, 2023, 3:42 PM IST
| Mumbai
منگل کو منی پور میں جاری تشدد کو ۵؍ ماہ مکمل ہوئے جس کے بعد کانگپوکپی کی کوکی برادری نے تابوت ریلی کے ذریعے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ برادری نے کینڈل لائٹ مارچ کے ذریعے مہلوکین کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ ضلع میں ۱۵؍ گھنٹہ کا شٹ ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے سبب نظام زندگی درہم برہم رہا۔
منی پور کے ضلع کانگپوکپی میں کوکی برداری نے ریاست میں جاری تشدد کے ۵؍ماہ مکمل ہونے پر تابوت ریلی نکالی اور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کینڈل لائٹ مارچ کیا۔ ضلع میں ۱۵؍ گھنٹہ کا شٹ ڈاؤن کیا گیا جس کے سبب نظام زندگی درہم برہم رہا۔ اس ضمن میں قبائلی گروپ کی کمیٹی نے پروگراموں کا انعقاد کیا اورکوکی برادری کے جو افراد تشدد میں ہلاک ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شٹ ڈاؤن کیا۔ اس مارچ کے ذریعے کوکی برداری نے حکومت کی توجہ ۳؍ مئی کو پھوٹ پڑنے والے تشدد کو حل کرنے کی جانب دلائی ہے۔ خیال رہے کہ کوکی برادری کا علاحدہ انتظامیہ کا مطالبہ ہے کیونکہ وہ میتی اکثریت کے ساتھ وادیٔ امپھال میں نہیں رہنا چاہتے۔ اسی مانگ کے سبب انہیں تشد د کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کانگپوکپی ضلع کے اکثریتی کوکی برادری کے سی او ٹی یو ممبر نے کہا کہ نصف کلومیٹر تابوت ریلی اور کینڈل لائٹ مارچ کا اختتام شام کو ۷؍ بجے ہوا۔ انہوں نے منی پور میں جاری تشدد کے حوالے سے کہا کہ منگل کو منی پور تشدد کو ۵؍ ماہ مکمل ہو گئے ہیں جس کیلئے ہم نے ۱۰؍ تابوتوں کے ساتھ ریلی نکالی اور اس کے بعد مہلوکین کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کینڈل لائٹ مارچ کیا۔ بعد ازیں ہم نے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کی۔ ضلع کے ایم تھامس گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی اس یادگار میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ گاؤں کے رضاکاروں کی جانب سے تابوتوں کو لائن سے رکھنے کے بعد لوگوں نے ۲؍ منٹ تک خاموشی اختیار کی۔ کوکی برادری کے لیڈران نے بھی مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کی۔ سی او ٹی یو ممبر نے کہا کہ اس یادگار میں تمام لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ضلع میں شٹ ڈاؤن کا آغاز صبح ۶؍ بجے سے کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ منی پور میں جاری تشدد کو ۵؍ماہ مکمل ہو گئے ہیں۔ تشدد میں اب تک ۱۷۶؍ سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ۳۰۰؍ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تشدد کے نتیجے میں ۶۷؍ ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ریاست کے ۴؍ مردہ خانوں میں اب بھی ۹۶؍ ایسی لاشیں ہیں جن پر اب تک کسی نے دعویٰ نہیں پیش کیا۔