• Fri, 08 December, 2023
  • EPAPER

منوج جرنگے کی بھوک ہڑتال ختم، وزیراعلیٰ خود جالنہ پہنچے، اپنے ہاتھوں سے جوس پلاکر ’برت‘ ختم کروایا

Updated: September 15, 2023, 9:41 AM IST | Z A Khan | jalna

گزشتہ ۱۶؍ دنوں سے مراٹھا ریزرویشن کیلئے جالنہ میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے منوج جرنگے پاٹل نے بالآخر جمعرات کو اپنا احتجاج ختم کر دیا۔

Shinde giving juice to Jaranga (Photo: PTI)
شندے ، جرنگے کو جوس پلاتے ہوئے ( تصویر: پی ٹی آئی)

   گزشتہ ۱۶؍ دنوں سے مراٹھا ریزرویشن کیلئے  جالنہ میں  بھوک ہڑتال پر بیٹھے  منوج جرنگے پاٹل نے بالآخر جمعرات کو اپنا احتجاج ختم کر دیا۔  انہوں نے شرط رکھی تھی کہ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے خود یہاں آئیں گے تو وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں گے۔  ایکناتھ کئی وزراء کے ساتھ خود جالنہ پہنچے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں سے جوس پلایا اور ان کی بھوک ہڑتال ختم کروائی۔ 
  وزیر اعلی نے منوج جرنگے پاٹل کو یقین دلایا کہ ایک مہینہ کے اندر مراٹھا ریزرویشن کے مسئلہ پر کوئی ٹھوس فیصلہ کر لیا جائے گا ۔ حالانکہ جرنگے نے حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دیدی تھی  لیکن ان کا کہناتھا کہ وہ باقاعدہ کھانا پینا اسی وقت شروع کریں گے جب حکومت مراٹھا ریزرویشن کے احکامات جاری کر دے۔  لیکن ایکناتھ شندے چاہتے تھے کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔  اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ   گریش مہاجن، رادھا کرشن وکھے پاٹل، راجیش ٹوپے، سندیپ بھومرے اور ارجن کھوتکر وغیرہ بھی موجود تھے۔ ان دنوں ہر جگہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ رہنے والے اجیت پوار اور دیویندر فرنویس موجود نہیں تھے۔
  بھوک ہڑتال ختم کرنے کے بعد منوج جرنگے پاٹل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’ آج وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے یہاں آئے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ صرف ایکناتھ شندے ہی مراٹھا سماج کے ساتھ انصاف کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا’’ میں  ایسا  اس لئے نہیں کہہ رہا  ہوں کہ وہ  یہاں آئے ہیں۔ بلکہ  مجھے یقین ہے کہ وہ ریزرویشن دیں گے۔ حکومت نے ہم سے درخواست کی ہے کہ اسے ایک ماہ کا وقت دیا جائے۔ ہم نے اسے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔‘‘ منوج جرنگے پاٹل نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت ۳۱؍ ویں دن ہم تمام مراٹھا سماج کے لوگوں کو کنبی ذات سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کرے گی۔  اس موقع پر  جرنگے پاٹل کے والد بھی اسٹیج پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے ان سے پوچھا کہ وہ کیسے ہیں؟ منوج جرنگے پاٹل کو جوس پلانے کے بعد وزیر اعلیٰ نے جرنگے پاٹل کے والد کو بھی جوس پلایا اور کہا’’ آپ کا بیٹا بہت  بھاری ہے ۔‘‘ جرنگے پاٹل نے وزیر اعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مراٹھا ریزرویشن کی لڑائی کامیاب نہیں ہوتی میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ میرے والد اب بھی سخت محنت کرتے ہیں، میں ان کی محنت کو جانتا ہوں اس لئےمیں مراٹھا برادری کو کبھی دھوکہ نہیں دوں گا۔‘‘ انہوں نے مراٹھا برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ کوئی انتہائی قدم نہ اٹھائیں۔
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا کہنا تھا کہ ’’ میں بہت پہلے یہاں آنا چاہتا تھا لیکن کچھ لوگ مجھے روک رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروٹوکول کے خلاف ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ میں پروٹوکول کی پروا نہ کرتے ہوئے یہاں آیا ہوں۔ ‘‘ یاد رہے کہ ایک روز قبل ایکناتھ شندےنے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ فی الحال جالنہ نہیں جائیں گے ان کے نمائندے جا کر منوج جرنگے سے ملیں گے لیکن جمعرات کو اچانک وہ جالنہ پہنچ گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK