Inquilab Logo Happiest Places to Work

کئی اہم وزراء اشوک کھرات کے رابطے میںتھے

Updated: April 16, 2026, 12:01 AM IST | Mumbai

انجلی دمانیا کا دعویٰ، چندر کانت پاٹل، سنیل تٹکرے، ایکناتھ شندے اور جینت پاٹل جنسی استحصال کے ملزم سے ملاقات کیا کرتے تھے

Social activist Anjali Damania during a press conference (file photo)
سماجی کارکن انجلی دمانیا ایک پریس کانفرنس کے دوران (فائل فوٹو)

اپنے سنسنی خیز دعوئوں کیلئے مشہور سماجی کارکن انجلی دمانیا نے بدھ کے روز ایک بار پھر پریس کانفرنس منعقد کرکے ان بڑے لیڈران کے نام ظاہر کئے ہیں جو جنسی استحصال کے ملزم اشوک کھرات سے ملا کرتے تھے۔ ان میں بی جے پی کے سینئر وزیر چندر کانت پاٹل سے لے کر مہاوکاس اگھاڑی کے اہم لیڈر جینت پاٹل تک کئی لوگوں کے نام ہیں۔ ساتھ ہی انجلی دمانیا کچھ لیڈران کے پرسنل اسسٹنٹ ( پی اے) کے نام بھی ظاہر کئے جو ان کی طرف سے اشوک کھرات سے ملا کرتے تھے۔ انجلی دمانیا کی پریس کانفرنس کے بعد ایک بار پھر سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ 
 انجلی دمانیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اشوک کھرات جیسے ملزم کو سیاست دانوں اور افسران نے ہی اتنا بڑا کیا ہے۔ ان میں سے کچھ سیاست داں تو اس کے پاس اپنا مستقبل دیکھنے کیلئے جایا کرتے تھے جبکہ کچھ لیڈران کچھ اور ہی کرنے جایا کرتے تھے۔  انہوں نے بتایا کہ ناسک کے رکن اسمبلی نتن پوار ، سینئر وزیر چندر کانت پاٹل اور چندر کانت پاٹل کے پی اے منگیش دیشپانڈے اشوک کھرات سے ملا کرتے تھے۔ ان کے علاوہ سنر(ناسک) کے ہارے ہوئے امیدوار اودئے سانگلے، ودھان پریشد کے  رکن شیواجی شہانے، پدم شری پوپٹ رائو پوار بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو اشوک کھرات سے ملاقات کیا کرتے تھے۔ اتنا ہی نہیں وزیر تعلیم دادا بھسے کے پی اے رام داس کھیڑ کر ، سابق وزیر تعلیم دیپک کیسرکر، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ، پربھاکر کالے اور سنیل تٹکرے جیسے لوگ بھی کھرات کے یہاں حاضری لگایا کرتے تھے۔ ان میں سب سے اہم نام جس پر خود انجلی دمانیا کو بھی یقین نہیں ہے وہ ہے این سی پی (شرد) کے سینئر لیڈر جینت پاٹل۔ انہوں نے کہا ’’ جینت پاٹل سے مجھے ایسی امید نہیں تھی۔ مجھے کبھی نہیں لگا تھا کہ وہ کسی بابا کے پاس اپنا مستقبل دیکھنے جائیں گے۔ مجھے یہ جان کر دکھ ہوا۔ میں انہیں اچھا آدمی سمجھتی تھی۔ 
 یاد رہے کہ انجلی دمانیا اس سے قبل ان لوگوں کے نام ظاہر کر چکی ہیں جو اشوک کھرات کو فون لگایا کرتے تھے۔ اس بار انہوں نے ان ناموں مزید وضاحت کے ساتھ بیان کیا۔ خاتون سماجی کارکن کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ فون ترپتی کھرات کے آئے ہیں جو اشوک کھرات کی اپنی بیٹی ہے۔ اس کے بعد ان سے فون پر سب سے زیادہ باتیں روپالی چاکن کر نے کی ہے۔ تیسرے نمبر پر دیپک لونڈھے ہیں اور چوتھے نمبر پر کلپنا کھرات یعنی اشوک کھرات کی بیوی۔ انجلی دمانیا نے بتایا کہ دیپک لونڈھے اشوک کھرات کے سب سے قریبی سمجھے جاتے ہیں اور یہی دیپک لونڈھے سابق وزیر دیپک کیسر کرکے بھی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ غالباً یہی وجہ ہے کہ خود دیپک کیسر کے اشوک کھرات کو فون کرنے کے سراغ نہیں ملتے۔  انہوں نے اس موقع پر دیپک کیسر کر اور دیپک لونڈھے کی ایک ساتھ کئی تصاویر بھی میڈیا کو دکھائیں۔ 
 چاکن گھرانے کے کئی افراد اشوک کھرات سے رابطے میں تھے۔ ان میں روپالی چاکن کر اور ان کی بہن پرتبھا چاکن کے تعلق سے تو لوگ جانتے ہیں لیکن انجلی دمانی کے مطابق روپالی چاکن کر کا بیٹا سوہم چاکن کر بھی اشوک کھرات سےملا کرتا تھا۔ ساتھ ہی تنمئے چاکن کر اور پرفل چاکن کر بھی اشوک کھرات کے رابطے میں تھے۔  یاد رہے کہ روپالی چاکن کر کی بہن پرتبھا چاکن کر سے ایس آئی ٹی نے حال ہی میں ۱۲؍ گھنٹے طویل پوچھ تاچھ کی ہے۔ حالانکہ فی الحال ان کی گرفتاری کے تعلق سے کوئی اشارہ نہیںملا ہے۔     

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK