Updated: August 21, 2026, 9:04 PM IST
| Dublin
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا چان نے آئرلینڈ میں تقریباً۲۰۰؍ سال پرانا اسٹرانکیلی کیسل ( Strancally Castle) خرید لیا ہے۔ یہ شاندار گوتھک طرز کا قلعہ تقریباً ۴۴۰؍ ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ خریداری کی اصل قیمت ظاہر نہیں کی گئی۔
یٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا چان-تصویر:ایکس
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا چان نے آئرلینڈ میں تقریباً۲۰۰؍ سال پرانا اسٹرانکیلی کیسل ( Strancally Castle) خرید لیا ہے۔ یہ شاندار گوتھک طرز کا قلعہ تقریباً ۴۴۰؍ ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ خریداری کی اصل قیمت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم رپورٹس میں اس کی ممکنہ مالیت ۲۳؍ ملین سے ۳۵؍ ملین ڈالر یعنی تقریباً ۲۲۰؍ کروڑ سے ۳۳۵؍ کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
زکربرگ کے ترجمان برائن بیکر کے مطابق، زکربرگ اور ان کا خاندان اس تاریخی عمارت کی دیکھ بھال جاری رکھنے اور آئرلینڈ میں وقت گزارنے کے منتظر ہیں۔ میٹا کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر بھی آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں واقع ہے۔ یہ قلعہ تین منزلہ عمارت ہے اور تقریباً۱۶؍ہزار مربع فٹ رقبے پر قائم ہے۔ یہ دریائے بلیک واٹر کے کنارے واقع ہے اور یہاں سے اردگرد کا خوبصورت منظر دکھائی دیتا ہے۔ قلعہ تقریباً ۱۸۲۷ء سے۱۸۳۰ء کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا۔ اسے معروف معماروں جیمس اور جارج رچرڈ پین نے ڈیزائن کیا تھا۔ عمارت میں سینڈ اسٹون اور چونے کے پتھر کا استعمال کیا گیا ہے۔ گزشتہ تقریباً ۲۵؍ برسوں کے دوران سابق مالک مائیکل ایلن بکلے کے خاندان نے قلعے کی کئی مرتبہ تزئین و آرائش بھی کروائی۔
اس قلعے کی سب سے دلچسپ خصوصیات میں سے ایک اس کا غیر معمولی اندرونی ڈیزائن ہے۔ آئرلینڈ کے تاریخی مکانات پر لکھی گئی کتاب میں مصنفین برائن ڈی بریفنی اورروزمیری فولیوٹ نے اس کی وسعت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ کچن سے ڈائننگ روم تک پہنچنے میں تقریباً ساڑھے چار منٹ لگتے ہیں۔ یہ تفصیل اس بات کا اندازہ دیتی ہے کہ قلعہ اندر سے کس قدر وسیع اور پھیلا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سندیپ کے بھائی کا دعویٰ:دپیکا پڈوکون نے ’’اسپرٹ‘‘ کے منافع میں ۱۰؍ فیصد حصہ مانگا تھا؟
اس قلعے کی سب سے پراسرار بات اس کی تاریخ سے جڑی ایک خوفناک داستان ہے۔ موجودہ قلعے کے قریب ہی اسٹرانکلی کیسل کا ایک پرانا قلعہ کھنڈرات کی صورت میں موجود ہے، جس کی بنیاد ۱۲؍ویں صدی میں بتائی جاتی ہے۔ اس قدیم عمارت کو مقامی تاریخ اور روایات میں ’’murdering hole‘‘ سے جوڑا جاتا ہے۔ روایت کے مطابق قلعے میں ایک ایسا خفیہ راستہ یا سوراخ موجود تھا جو دریا کے اوپر چٹان میں بنایا گیا تھا۔ مبینہ طور پر وہاں سے ناآشنا مہمانوں یا دشمنوں کو نیچے پانی میں پھینک دیا جاتا تھا تاہم یہ تفصیلات تاریخی روایت اور لوک کہانیوں کا حصہ ہیں، اس لیے انہیں ثابت شدہ تاریخی واقعات کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھئے:تریسا-گایتری سیمی فائنل میں پہنچیں، ہندوستان کا ۱۵؍ سالہ تمغے کا انتظار ختم
مارک زکربرگ اور پریسیلا چان مستقل طور پر آئرلینڈ منتقل نہیں ہو رہے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں امریکہ میں ہی رہیں گے اور قلعے کو آئرلینڈ کے دوروں کے دوران استعمال کریں گے۔ میٹا کا آئرلینڈ سے پہلے ہی مضبوط تعلق ہے۔ کمپنی کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر ڈبلن میں ہے، جبکہ آئرلینڈ میں میٹا کا ایک ڈیٹا سینٹر بھی موجود ہے۔ ایک طرف یہ خریداری زکربرگ خاندان کے لیے ایک تاریخی اور پرتعیش رہائش گاہ کا اضافہ ہے تو دوسری طرف تقریباً دو صدی پرانے اس قلعے کی پراسرار ’murdering hole‘ کی کہانی اسے عام لگژری پراپرٹی سے کہیں زیادہ دلچسپ بنا دیتی ہے۔