• Thu, 19 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مارک زکربرگ کا عدالت میں دفاع: انسٹاگرام لت کیلئے نہیں

Updated: February 19, 2026, 5:05 PM IST | Los Angeles

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے لاس اینجلس کی عدالت میں گواہی دیتے ہوئے کہا کہ انسٹاگرام کو نوجوانوں کے لیے لت لگانے کے مقصد سے ڈیزائن نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ یہ مقدمہ ۱۶۰۰؍ سے زائد مدعیان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نابالغوں کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر مبنی ہے۔

Mark Zuckerberg. Photo: INN
مارک زکربرگ۔ تصویر: آئی این این

مارک زکربرگ نے بدھ کو لاس اینجلس کاؤنٹی سپیریر کورٹ میں پیش ہو کر بچوں کی حفاظت سے متعلق الزامات کا جواب دیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ میٹا پلیٹ فارمز نے انسٹاگرام کو نوجوان صارفین کے لیے نشہ آور بنانے کے مقصد سے ڈیزائن نہیں کیا۔ زکربرگ نے کہا کہ ، ’’میں ایک ایسی کمیونٹی کی تعمیر پر توجہ مرکوز کر رہا ہوں جو پائیدار ہو۔‘‘ ان کے مطابق اگر کوئی پلیٹ فارم صارفین کے لیے نقصان دہ ہو تو وہ طویل مدت میں اسے استعمال نہیں کریں گے۔ مدعیان کا الزام ہے کہ انسٹاگرام، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور اسنیپ چیٹ جیسی کمپنیوں نے جان بوجھ کر ایسے فیچرز تیار کیے جو نوجوانوں کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ یہ مقدمہ ۱۶۰۰؍ سے زائد شکایت کنندگان کے اجتماعی کیس کا پہلا ٹرائل ہے، جن میں ۳۵۰؍ سے زائد خاندان اور ۲۵۰؍ سے زیادہ اسکول شامل ہیں۔ ایک ۲۰؍ سالہ خاتون، جس کی شناخت کے جی ایم کے طور پر کی گئی، نے الزام لگایا کہ کم عمری میں سوشل میڈیا استعمال کرنے سے انہیں نشے کی عادت پڑی اور ذہنی صحت متاثر ہوئی۔

یہ بھی پڑھئے: مصنوعی ذہانت کا مستقبل چند ممالک کے ہاتھوں میں نہیں ہونا چاہیے: انتونیو غطریس

کم عمر صارفین پر سوال
زکربرگ نے عدالت میں کہا کہ ۱۳؍ سال سے کم عمر بچوں کو انسٹاگرام استعمال کرنے کی اجازت کبھی نہیں دی گئی، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض صارفین اپنی عمر کے بارے میں غلط بیانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر صارفین کی شناخت اور نفاذ ایک ’’بہت مشکل‘‘ عمل ہے، اگرچہ کمپنی نے وقت کے ساتھ عمر کی تصدیق کے ٹولز متعارف کرائے ہیں۔ مدعی کے وکیل نے ۲۰۱۸ء کی ایک داخلی دستاویز پیش کی جس میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ تقریباً ۴۰؍ لاکھ صارفین ۱۳؍ سال سے کم عمر کے تھے۔

استعمال کے اہداف پر وضاحت
۲۰۲۲ء کی ایک داخلی دستاویز میں انسٹاگرام صارفین کے لیے روزانہ ۴۰؍ منٹ کے استعمال کا ہدف درج تھا، جسے ۲۰۲۶ء تک ۴۶؍  منٹ تک بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔ زکربرگ نے وضاحت کی کہ یہ اہداف ملازمین کی کارکردگی کے لیے نہیں بلکہ صنعت میں کارکردگی کی پیمائش کے عمومی اشاریے ہیں۔

دیگر کمپنیوں کا مؤقف
ٹک ٹاک اور اسنیپ انکارپوریٹیڈ نے مقدمے کی سماعت سے قبل پہلی مدعی کے ساتھ تصفیہ کر لیا، تاہم انہیں مزید قانونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ مقدمہ سوشل میڈیا کے اثرات، بچوں کی ذہنی صحت اور ٹیک کمپنیوں کی ذمہ داری سے متعلق عالمی بحث کا حصہ بن چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK