Inquilab Logo Happiest Places to Work

ماروتی کی کاروں کی قیمت میں ۳۰؍ ہزار روپے کا اضافہ

Updated: May 23, 2026, 1:21 PM IST | New Delhi

کمپنی نے افراط زر اور لاگت میں  اضافہ کا حوالہ دیا، مار چ کے بعد سے اسٹیل، پلاسٹک اور دیگر دھاتیں  ۱۰؍ سے ۳۰؍ فیصد مہنگی ہوچکی ہیں۔

Maruti Suzuki has announced a price hike in view of rising costs. Photo: INN
ماروتی سوزوکی نے لاگت میں اضافہ کے پیش نظر قیمتیں  بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ نے جون۲۶ء سے اپنی کاروں   کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں ۳۰؍ ہزار روپے تک کے اضافہ کا اعلان کیا ہے جس کا نفاذ جون سے ہوگا۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے وہ لاگت میں   اضافہ کے اثر کوکم کرنے کیلئےاخراجات میں کمی کے اقدامات کر رہی تھی مگرخاطر خواہ کامیابی نہیں  ملی۔ 
ماروتی سوزوکی انڈیا کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کےمطابق ’’افراطِ زر کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور لاگت کا منفی ماحول برقرار ہے، اس لئے کمپنی کو بڑھتی ہوئی لاگت کا کچھ حصہ مارکیٹ پر منتقل کرنا پڑ رہا ہےتاہم یہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ صارفین پر اس کا اثر کم سے کم ہو۔ ‘‘کمپنی کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی مقدار مختلف ماڈلز کے لحاظ سے الگ الگ ہوگی۔ اس اعلان کے ساتھ ملک کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی بھی ان دیگر کمپنیوں میں شامل ہو گئی ہے جنہوں نے حال ہی میں مہنگائی کے دباؤ کے باعث قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ کئی آٹو موبائل کمپنیوں کیلئے یہ قیمتوں میں پہلا اضافہ ہے، جو ستمبر۲۵ء کے آخر میں جی ایس ٹی کی شرح میں ۱۰؍ فیصد تک کمی کے بعد کیا جا رہا ہے۔ گاڑی خریدنے والوں کیلئے یہ اضافہ جھٹکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ یہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خوردہ سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے منگل۱۹؍مئی کو ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً۹۰؍ پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ یہ ۵؍دنوں میں دوسرا اضافہ تھا، اس سے قبل۱۵؍مئی کو ایندھن کی قیمتوں میں ۳؍روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکی سافٹ ویئر کمپنی کلِک اَپ نے ۲۲؍ فیصد ملازمین کو فارغ کر دیا

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے آٹو انڈسٹری کی ترقی کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ستمبر ۲۵ء میں جی ایس ٹی کونسل کی جانب سے شرحوں میں تبدیلی کے بعد تیز ہوئی تھی۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ مغربی ایشیاء میں کشیدگی برقرار رہنے کے سبب اگر مستقبل قریب میں مزید اضافہ ہوا تو اس سے خریدار بڑی خریداری مؤخر کر سکتے ہیں اور مختصر مدت میں طلب میں کمی بھی آ سکتی ہے۔ اس سے قبل ہنڈائی موٹر کمپنی نے مئی۲۶ء سے اپنے ماڈلز کی قیمتوں میں ایک فیصد تک اضافہ کیا تھا۔ صنعتی ذرائع کے مطابق مارچ کے آغاز سے اسٹیل، پلاسٹک اور دیگر دھاتوں جیسی ضروری اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اسٹیل، نان فیرس دھاتوں ( وہ دھاتیں  جن میں   لوہا شامل نہیں  ہوتا، مثلاًتانبا، ایلومینیم، زنک، سیسہ، نکل وغیرہ) اور پلاسٹک کی قیمتوں میں ۱۰؍ سے۳۰؍فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آر بی آئی کا مالی سال ۲۶ء کے لئے مرکز کو ۸۷ء۲؍ لاکھ کروڑ ڈیویڈنڈ کا اعلان

کچھ ماروتی سوزوکی انڈیا کے بارے میں 
ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کی بنیاد۲۴؍فروری ۱۹۸۱ء کو حکومت ہند کی ملکیت والی کمپنی’’روتی انڈسٹریز لمیٹڈ‘‘ کے طور پر رکھی گئی تھی۔ ۱۹۸۲ء میں کمپنی نے جاپان کی سوزوکی موٹر کارپوریشن کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچر’’ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ‘‘ قائم کیا۔ 
کمپنی نے ہندوستانیوں کیلئے پہلی بجٹ کار’’ماروتی ۸۰۰‘‘ ۱۹۸۳ءمیں لانچ کی۔ ۴۷؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے کی قیمت پر کمپنی نے کار کو ملک کے ایک بڑے طبقے کیلئے قابل خرید بنا دیا تھا۔ 
کماروتی سوزوکی گزشتہ۴۰؍ برسوں میں ملک میں ۳؍کروڑ سے زیادہ گاڑیاں فروخت کر چکی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK