Inquilab Logo

غزہ میں قتل عام کیخلاف امریکہ اور برطانیہ میں عوام سراپا احتجاج

Updated: October 29, 2023, 9:23 AM IST | Agency | New York/ London

نیویارک میں غیر صہیونی یہودی پھر میدان میں اُترے، ’ہمارے نام پرنہیں‘ لکھی ٹی شرٹ پہن کرگرینڈ سینٹرل اسٹیشن جام کیا، جنگ بندی کی مانگ کی ، متعدد گرفتار ہوئے برطانیہ میں بیک وقت کئی شہرو ں میں احتجاج، لندن میں لاکھوں افراد کا مارچ، واٹر لو اسٹیشن کو مظاہرہ گاہ میں تبدیل کردیاگیا، مانچیسٹر، گلاسگو میں بھی مظاہرے۔

Inspired by the protest at New York`s Grand Central Station, an emergency protest was held at London`s Waterloo Station, where many passengers alighted and joined the protest. Photo: INN
نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن پر احتجاج سے متاثر ہوکر لندن کے واٹر لو اسٹیشن پر ہنگامی طور پر احتجاج کیاگیا، یہاں سے گزرنے والی ٹرینوں کے کئی مسافر اُتر کر احتجاج میں شامل ہوئے۔ تصویر:آئی این این

غزہ میں اسرائیل کو مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دینے والے ممالک امریکہ اور برطانیہ کے عوام  نے ایک بار پھر سڑکوں پر اُتر کر اپنے حکمرانوں کے سامنے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ ظالم کی حمایت کی  اُن کی پالیسی سے متفق نہیں ہیں۔ جمعہ کو نیویارک میں غیر صہیونی  یہودیوں نے ہزاروں کی تعداد میں  گرینڈ سینٹرل اسٹیشن پر قبضہ کرکے بائیڈن سرکار سے غزہ میں قتل و غارتگری بند کرنے کا مطالبہ کیا  ۔ اُدھر لندن میں سنیچر کو لاکھوں کی تعداد میں  مظاہرین  نے مارچ میں حصہ لیا جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے۔ مرکزی لندن میں واقع واٹر لو اسٹیشن پر مظاہرین نے ایک طرح سے قبضہ کرلیا اور  جنگ بندی کی مانگ کی۔ 
ہمارے نام پر نہیں: غیر صہیونی یہودی
 غزہ پراسرائیلی حملوں میں شدت کی اطلاع ملتے ہی جمعہ کو ہزاروں کی تعداد میں یہودی امریکیوں نے جن کا کہنا ہے کہ وہ صہیونی نہیں ہیں، نیویارک کا مرکزی ریلوے اسٹیشن بند کردیا۔  انہوں  نے نیویارک میں واقع دنیا کے سب سے بڑے اور ملک کے مرکزی ریلوے اسٹیشن’گرینڈ سینٹرل‘ پر جمع ہو کر غزہ میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کے دھرنے کی وجہ سے  ریلوے اسٹیشن میں کام کاج ٹھپ پڑ گیا  اور ٹرینوں کی آمد ورفت میں خلل واقع ہوا۔ نیویارک پولیس نے۲۰۰؍ مظاہرین کو گرفتار  کیا ہے۔ غیر صہیونی یہودی ’’میرے نام پرنہیں‘‘ لکھی ہوئی عبارت والی ایک جیسی شرٹس پہنے  ہوئے تھے اور فلسطینیوں کیلئے آزادی کےنعرے  بلند کررہے تھے ۔ انہوں  نے غزہ پر حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔نیویارک ریلوےاسٹیشن پر دھرنے اور مظاہرین کی گرفتار کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
لندن  اور دیگر شہروں میں جگہ جگہ مظاہرے
 غزہ میں بمباری کے خلاف سنیچر کو لاکھوں کی تعداد میں لندن  اور برطانیہ کے دوسرے شہروں  میں  عوام نے پُرزور احتجاج کیا۔ لندن کے علاوہ مانچسٹر، گلاسگو اور بیلفاسٹ  میں بھی مظاہرے ہوئے۔ لندن میں جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد کے مارچ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گشت کررہاہے  وہیں شہر کے مرکزی علاقے  میں واقع واٹر لو ریلوے اسٹیشن پرمظاہرین نے قبضہ کرلیا۔ یہاں سے گزرنے والی ٹرینوں سے احتجاج کی حمایت کرنے والے مسافر اُتر اُتر کر مظاہرہ میں  شامل ہورہے تھے۔ نیویارک کے گرینڈ سینٹرل  اسٹیشن پر غزہ کی حمایت میں  یہود یوں کے احتجاج سے تحریک پاکرواٹر لو اسٹیشن پر یہ احتجاج ہنگامی طور  پرمنعقد کیاگیا جو سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پیغام کی وجہ سے غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ اُدھر مانچسٹر کے سینٹ پیٹرس اسکوائر میں  سینٹرل لائبریری کے باہر ہزاروں کی تعداد میں  فلسطین حامی شہریوں نے رشی سونک سرکار اور نیتن یاہو سرکار کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔  مظاہروں کو دیکھتے ہوئے لندن میں ایک ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK