Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ کی حمایت میں اوراسرائیلی جارحیت کیخلاف آزاد میدان پرزبردست احتجاج

Updated: August 20, 2025, 9:49 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مظاہرین میں بائیں بازو کی پارٹیوں، فلمی ہستیوں،سماجی خدمتگاروں اورسیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی شرکت ۔حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا

Scenes from a protest in Azad Maidan against Israeli atrocities against Palestinians in Gaza.
غزہ میں فلسطینیوں پراسرائیل کے مظالم کے خلاف آزادمیدان میں احتجاج کے مناظر۔

غزہ  کی حمایت میں اور  اسرائیلی حیوانیت کے خلاف آزاد میدان پربدھ کو زبردست احتجاج کیا گیا  جس کے دوران ’اسرائیل مردہ باد، قتل عام بند کرو، بچوںاور بزرگوں کے قاتل اسرائیل کو سزا دو‘ کے نعرے بلند کئے گئے۔ اس احتجاج میں بائیں بازو کی  پارٹیوں، فلمی ہستیوں، سماجی خدمت گاروں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور رضا کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت ِ ہند کوبھی ہدف تنقید بنایا ۔
 سابق رکن پارلیمنٹ حسین دلوائی نے کہا کہ’’ ہم سب فلسطین کے حامی اوراسرائیل مخالف ہیں مگرآر ایس ایس اس کی ہمنوا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمیں فلسطینیو ںکے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئےحکومت اجازت نہیںدیتی ۔ آج پوری دنیا اسرائیل کے مظالم کے خلاف آوازبلند کررہی ہے۔‘‘ سائی ناتھ (صحافی ) نے کہاکہ’’ ہماری حکومت اسی لئے ظالم اسرائیل کے خلاف نہیں ہے کیونکہ وہ تو اسرائیل سے ۳۰؍ فیصد سے زائد ہتھیارخرید رہی ہے۔ اس طرح ہماری ہی رقم سے اسرائیل فلسطینیوں پر بم برساکر ان کو تباہ وبرباد کررہا ہے، یہ سلسلہ فوراًروکا جائے ۔‘‘ فلم ڈائریکٹرعزیزمرزا نے کہاکہ ’’ اسرائیل کافی وقت سےظلم کی انتہا کئے ہوئے ہے مگرفلسطین جھکنے کو تیار نہیں ہے۔   ایسے میںدنیا کے امن پسندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہوں۔‘‘فلمساز آنند پٹوردھن نے ایک گانے ’میرے سپنے میںدابھولکرنے کہا میں نہیں مرا، زندہ ہوں تم میں، گوری لنکیش، پنسارے اورکلبرگی بھی آئے۔ ‘‘  
 فلم اداکارہ سورا بھاسکرنے کہاکہ ’’ ۲۰۱۱ء میں ہم لوگ غزہ گئے تھے ،ہم گواہ ہیںکہ غزہ کوکھلی جیل بنا دیا گیا ہے ۔برسو ں سے فلسطین اپنی آزادی اوروجود کی لڑائی لڑرہا ہے۔وہاں جنگ نہیںنسل کُشی کی جارہی ہے ،یہ انسانیت کے خلاف اورانسانیت کا مسئلہ ہے۔ ‘‘
 ریاستی کانگریس کے نائب صدر موہن جوشی نے کہاکہ ’’ فلسطین  کی لڑائی میںہم سب فلسطین کے ساتھ ہیں ، وہاں ہر حال میںقتل عام بند ہونا چاہئے ۔‘‘ سی پی آئی کے عہدیدار سبھاش لانڈے نے کہاکہ ’’ہندوستان میںآر ایس ایس کے کنٹرو ل والی حکومت ہے، جو ہٹلر اور مسولینی کومانتی ہے ۔ یہ حکومت امریکہ اور اسرائیل کی غلام نظرآتی ہے۔  ہم سب اس آندولن کواورتیزکریں گے ۔‘‘ 
 ڈاکٹر سلیم خان (جماعت اسلامی ) نے کہا کہ ’’ میں حکومت ِ ہند سے کہنا چاہتا ہوں کہ ظالم کونہ روکنا بھی ظلم ہے ۔‘‘ کامریڈ ملند راناڈے نے کہاکہ ’’  ہمارے ملک کی قدیم تاریخ رہی ہے کہ ظلم کے خلاف، خواہ کہیں بھی ہو، آوازبلند کرنا ہماری روایت رہی ،ہم اسے اپنافرض سمجھتے ہیں۔‘‘ فیروزمیٹھی بور والا نے کہاکہ’’ تمام رکاوٹوں کے باوجود ہم سب احتجاج کرنےمیںکامیاب ہوئے ،یہ ہمارے اتحاد کی طاقت اورانسانیت دوستی کی علامت ہے۔‘‘ احتجاج میںسماج وادی پارٹی کی خواتین نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK