’بھاجپا ہٹاؤ دیش بچاؤ اور اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ ‘کا نعرہ ۔مطالبہ پورا ہونے تک وقفے وقفے سے مہم جاری رکھنے کاعہد
Updated: May 17, 2023, 10:04 AM IST | Mumbai
’بھاجپا ہٹاؤ دیش بچاؤ اور اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ ‘کا نعرہ ۔مطالبہ پورا ہونے تک وقفے وقفے سے مہم جاری رکھنے کاعہد
ملک کے موجودہ حالات اوردھاراوی کے ڈیولپمنٹ کا ٹھیکہ اڈانی کودیئے جانے کے خلاف وقفے وقفے سے صدائے احتجاج بلند کی جارہی ہے۔ پیر کی شب میںسی پی آئی اوردیگر ۸؍سماجی اورطلبہ کی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے ’بھاجپا ہٹاؤ دیش بچاؤ اوراڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ ‘کا نعرہ بلند کیا گیا۔ مظاہرین سی پی آئی کا جھنڈا اوربڑا بینر جس پریہی نعرہ لکھا ہوا تھا، لے کرآگے بڑھتے ہوئے نظرآئے۔
سی پی آئی کے سینئر لیڈر پرکاش ریڈی نے کہا کہ ’’مودی نے دیش کوبرباد کردیا اوراڈانی کو دھاراوی کا ٹھیکہ دے کردھاراوی کو برباد کرنے کی ریاستی حکومت کوشش کر رہی ہے لیکن یہ ہم ہونے نہیںدیںگے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’آج دیش کی کیاحالت ہے ،کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔ بے روزگاری، بدعنوانی ، نفرت ، ایک دوسرے کو لڑانے اور سیاسی روٹی سینکنےکےلئے ہرسطح پر کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام نے یہ سمجھا دیا کہ ان کے اصل مدعو ں سے زیادہ وقت تک بھٹکایا نہیںجاسکتا ۔اس کی تازہ مثال کرناٹک الیکشن کےنتائج ہیں۔‘‘
ملند راناڈے نے کہا کہ ’’ ہم لوگوںنے پہلے ہی کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوںکے ساتھ دھاراوی کے اڈانی کے ذریعے ڈیولپمنٹ کی مخالفت کی جائے گی ،اس کی شروعات بہت پہلے کردی گئی تھی ، اسی کو آگے بڑھایا جارہا ہے اوریہ پیغام دیاجارہا ہے کہ بی جے پی صرف نفرت اوربانٹنے کی سیاست کرتی ہے ،اسے اقتدار سے بے دخل کردینے میں ہی دیش واسیوں کی بھلائی ہے۔‘‘ کامریڈ نصیر الحق نے کہا کہ ’’ یہ صرف احتجاج اورمورچہ نہیں ہے بلکہ یہ ہم سب کا اور دھاراوی واسیوں کاعہد ہے کیونکہ اڈانی سے ڈیولپمنٹ کا مطلب اپنا نقصان کرنا ہے۔ اس لئے حکومت دھاواری واسیوں کی بات سنے۔‘‘ چارول جوشی نے کہا کہ ’’ جن دو موضوعات کوبنیاد بنایا گیا ہے ، اس پرہم سب مستقل طور پر کام کریںگے اورزیادہ سے زیادہ لوگوں کوجوڑا جائے گا۔ ‘‘