• Wed, 29 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کیلئےدستاویز جمع کرانے کیلئےخصوصی مہم

Updated: October 28, 2025, 4:23 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

یکم نومبرسے ۱۵؍ نومبرتک سیکٹر کے مطابق کم از کم ۴؍ مراکز قائم کئے جائیں گے۔ جن لوگوں کا سروے ادھورا تھا یا جنہوں نے حصہ نہیںلیا ،ان کیلئے آخری موقع : ڈی آر پی

Many residents did not participate in the survey of Dhawari Redevelopment. Photo: Atal Kamble
دھاواری ری ڈیولپمنٹ کے سروے میں بہت سے مکینوں نے حصہ نہیں لیا ہے۔ تصویر:اتل کامبلے
’دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ(ڈی آر پی) ‘ نے آخری موقع کے طور پر دھاراوی میں ان مکینوں کو اپنے دستاویز سروے کیلئے دینے کی ۱۵؍ روزہ خصوصی مہم کا اعلان کیا ہے جن کا سروے مکمل نہیں ہوا ہے۔ یہ کیمپ یکم نومبر سے ۱۵؍ نومبرتک جاری رہے گا۔ڈی آر پی کے افسران کے مطابق مکینوںکو مزید ایک موقع دیا جارہاہے تاکہ اس پروجیکٹ میں بازآباد کاری سے کوئی بھی اہل شخص محروم نہ رہ جائے۔ 
ان ۱۵؍ دنوں کے دوران دھاراوی کے مختلف مقامات پر دستاویز جمع کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس میں لوگ نئے سرے سے بھی دستاویز جمع کرواسکتے ہیں اور ایسے لوگ بھی دستاویز دے سکتے ہیں جنہوں نے ماضی میں ادھورے دستاویز دیئے تھے یا ان میں کوئی کمی یا خامی تھی۔
افسران کے مطابق بازآباد کاری کیلئے سب سے کم افراد نے کمبھار واڑہ اور دیگر چند مقامات سے حصہ لیا ہے۔ چونکہ ریاستی حکومت نے تقریباً ۵؍ ماہ قبل اس پروجیکٹ کے ماسٹر پلان کو منظوری دے دی ہے اس لئے ڈی آر پی نے ان اہل افراد کی فہرست جاری کرنی شروع کردی ہے جنہیں  مکانات ملنے ہیں اور جنہوں نے ابتدائی مرحلے میں سروے میں حصہ لیا تھا۔ البتہ اب بھی جو لوگ اس سروے میں شامل ہوجائیں گے،  ان کے نام بھی فہرست میں شامل کرلئے جائیں گے اور آئندہ مرحلے میں ان کی فہرست جاری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دھاراوی کو ۵؍ سیکٹر میں منقسم کیا گیا ہے اور مذکورہ  ۱۵؍ دنوں میں دستاویز جمع کرنے کیلئے کم از کم ۴؍ سیکٹروں میں مراکز قائم کئے جائیں گے جہاں آکر لوگ اپنے دستاویز دے سکتے ہیں۔
ڈی آر پی کے مطابق دستاویز جمع کرنے کی یہ کارروائی بازآباد کاری پروجیکٹ پر عملدرآمد کرنے والی اڈانی کمپنی کی ’نوبھارت میگا ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹڈ(این ایم ڈی پی ایل )‘ اور مہاراشٹر حکومت مل کر انجام دے رہی ہے۔ اس میں سیکٹر کے مطابق مراکز پر ڈپٹی کلکٹر، تحصیلدار اور سروے کرنے والے موجود رہیں گے جو دستاویز کی جانچ کرنے کے ساتھ مقامی افراد کے مسائل کا ازالہ بھی کریں گے۔ یہاں دھاراوی واسیوں کو ضروری کاغذات اور دیگر معلومات مہیا کی جائے گی۔
اطلاع کے مطابق مذکورہ  مراکز ہفتے کے ساتوں دن کھلے رہیں گے اور صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۶؍ بجے تک یہاں کام کاج ہوگا۔ البتہ دوپہر میں ایک بجے سے ۲؍ بجے تک کھانے کا وقفہ رہے گا۔افسران کے مطابق ان ۱۵؍ دنوں میں التواء میں پڑے سروے کے کام کو مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ تعمیراتی کام آگے بڑھ سکے۔
یاد رہے کہ گھر گھر جاکر سروے کرنے کی کارروائی ڈی آر پی کی جانب سے ۱۲؍ اگست کو ختم کردی گئی ہے۔ البتہ دھاراوی واسیوں کیلئے این ایم ڈی پی ایل کے دھاراوی میں دفتر پر جاکر دستاویز جمع کرنے کا راستہ کھلا رکھا گیا تھا۔ تاہم اب یکم نومبر سے یہ خصوصی مہم چلائی جائے گی۔
واضح رہے کہ دھاراوی میں رہنے اور تجارت کرنے والے بہت سے افراد اڈانی کے ذریعہ بازآباد کاری کے حق میں نہیں ہیں اور دستاویز کی کمی یا خامی کی بنا پر نااہل قرار دیئے جانے پر دھاراوی کے باہر کسی مقام پر متبادل جگہ دیئے جانے کی بھی مخالفت کررہے ہیں جس کی وجہ سے اب تک ہزاروں افراد نے سروے میں حصہ نہیں لیا ہے اور وہ سروے اور پروجیکٹ سب کی مخالفت کررہے ہیں۔ اسی کے تحت ’دھاراوی بچائو آندولن‘ جیسی تنظیم ا  وجودمیں آئی ہے اور اس کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK