Inquilab Logo Happiest Places to Work

کہیں سرکار کا’’ ای ۸۵؍‘‘ پیٹرول کا منصوبہ سنگین آبی بحران کا سبب نہ بن جائے!

Updated: May 01, 2026, 11:56 PM IST

مرکزی حکومت نےخام تیل کا امپورٹ کم کرنے کیلئے ’فلیکسی فیول ‘ لانے کا اعلان کیا ہے جس میں ۸۵؍ فیصد اتھنال ہو گا ، ماہرین ماحولیات نے اس پر تشویش ظاہر کی ہے

E85 petrol is being touted as a green fuel
ای ۸۵؍ پیٹرول کو گرین ایندھن قرار دیا جارہا ہے

مودی حکومت نے توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش اور خام تیل پر انحصار کم کرنے کی کوششوں کے تحت اتھنال بلینڈنگ کو ایک مؤثر حل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔اسی کے تحت حکومت ای ۸۵؍ فلیکسی فیول لانے کا اعلان کرچکی ہے۔ حکومت کی پالیسی کے مطابق پیٹرول میں زیادہ سے زیادہ  اتھنال ملا کر نہ صرف  خام تیل کے امپورٹ پر خرچ کم کیا جا سکتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔ بظاہر یہ منصوبہ ایک ’’گرین اینرجی‘‘  منصوبہ محسوس ہوتا ہے، مگر اس کے پس منظر میں ایک سنگین حقیقت پوشیدہ ہے جو مستقبل میں ہندوستان کو شدید آبی بحران کی طرف ڈھکیل سکتی ہے۔
 اتھنال کیا ہے اور اس کی تیاری کیسے ہوتی ہے؟
  اتھنال ایک قسم کا الکوحل ہے جو زرعی فصلوں جیسے گنا، مکئی اور چاول سے تیار کیا جاتا ہے۔ ہندوستان میں خاص طور پر گنے اور اب تیزی سے چاول کواتھنال کی تیاری کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔مرکزی حکومت  نے ۲۵۔۲۰۲۴ء کے دوران تقریباً ۵۲؍ لاکھ ٹن چاول اتھنال بنانے کیلئے مختص کیا تھا  جبکہ موجودہ مالی سال میں  اسے بڑھا کر ۹۰؍ لاکھ ٹن کرنے کی تیاری ہے۔ زائد چاول کہاں سے آئے گا اس بارے میں فی الحال حکومت نے کوئی معلومات نہیںدی ہے لیکن اندازہ ہے کہ غریبوں کو جو چاول مفت میں یا بالکل کم قیمت میں دیا جارہا ہے وہ اتھنال بنانے کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ یعنی غریبوں کو دیا جانا والا اناج کم کردیا جائے گا۔ 
    اصل مسئلہ کہاں ہے؟
 اتھنال کی تیاری میں سب سے بڑا مسئلہ اس میں استعمال ہونے والا پانی ہے۔ رپورٹس کے مطابق  ایک لیٹر اتھنال تیار کرنے کیلئے تقریباً ۱۰؍ ہزار لیٹر پانی  درکار ہوتا ہے، خاص طور پر جب یہ چاول سے تیار کیا جائے۔ اس میں زیادہ تر پانی کھیتی کے دوران استعمال ہوتا ہے نہ کہ فیکٹری میں۔ مثال کے طور پر ایک کلو چاول اگانے کیلئے ۳؍ سے ۵؍ ہزار لیٹر پانی درکار ہو تا ہے جبکہ ایک لیٹر اتھنال بنانے کیلئے ڈھائی سے ۳؍ کلو چاول درکار ہوتا ہے ۔ نتیجہ ۱۰؍ ہزار لیٹر سے زائدپانی صرف ایک لیٹر اتھنال کےلئے چاہئے۔یہ اعداد و شمار اس بات کو واضح کرتے ہیں کہ اتھنال خاص طور پر چاول سے تیار ہونے والا دنیا کے سب سے زیادہ پانی استعمال کرنے والے ایندھنوں میں سے ایک ہے۔ اسی طرح مکئی سے ایک لیٹر اتھنال بنانے کیلئے تقریباً ۴۶؍سو لیٹر پانی اور گنے سے تقریباً ۳۵؍ سو لیٹر پانی  ۔ اگرچہ یہ بھی کم نہیں ہے مگر چاول کے مقابلے میں ان فصلوں میں نسبتاً کم پانی استعمال ہوتا ہے۔ اس کے باوجود یہ ایندھن اتنا ماحول دوست نہیں ہے جتنا اس کے بارے میں بتایا جارہا ہے کیوں کہ یہ ماحول کے بنیادی عنصر پانی کا بے تحاشہ استعمال کررہا ہے۔ 

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK