ائمہ مساجد نےووٹ کی دینی اورآئینی اہمیت پرروشنی ڈالی۔ نوجوانوں نے پلے کارڈ لے کرووٹ دینے کیلئے متوجہ کیا۔
EPAPER
Updated: May 17, 2024, 11:17 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ائمہ مساجد نےووٹ کی دینی اورآئینی اہمیت پرروشنی ڈالی۔ نوجوانوں نے پلے کارڈ لے کرووٹ دینے کیلئے متوجہ کیا۔
شہر ومضافات کی مساجد میں ائمہ نے اِ س جمعہ کے خطاب میں بھی ووٹ کی دینی اور آئینی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس حوالے سے بھی متوجہ کیا کہ۲۰؍مئی آرام کا نہیں ذمہ داری ادا کرنے والا دن ہے۔ اسی کیساتھ کئی مساجد میں ڈیموکریٹک فورم کی جانب سے دیا گیا خطبہ اور ووٹ والے دن کیا کرنا ہے ،اسے بھی پڑھ کر سنایا۔
شہر اورمضافات کے الگ الگ علاقوں مدن پورہ ، مومن پورہ ، بائیکلہ ، مصطفےٰ بازار،رے روڈ ، ماہم درگاہ جامع مسجد، کرلا ،گوونڈی ، گھاٹکوپر ، سانتا کروز، اندھیری ،جوگیشوری ،مالونی ، نالا سوپارہ ، میرا روڈاوردیگر علاقوں کی مساجد میںائمہ نے خاص طور پرتوجہ دلائی ۔ ائمہ نے ووٹ کی شرعی حیثیت کویہ کہہ کر سمجھایا کہ ووٹ ایک گواہی ہے ، گواہی کو چھپانا اورغلط گواہی دونوں شرعاً جرم ہے ۔ دوسرے آئینی طور پریہ انتہائی اہم عمل ہے اوراس کے ذریعے ہم ملک کے جمہوری نظام کےاستحکام میںعملی طور پرشریک ہوسکتے ہیں اس لئے اس جانب توجہ دینا ازحد ضروری ہے ۔اس لئے ووٹنگ والے دن ۲۰؍مئی کو اول فرصت میںووٹ دیں ، بقیہ کام کاج کو آگے پیچھے کرلیں تاکہ ووٹ دینے میں تساہل نہ ہو۔
نوجوانوں نےوو ٹ دینے کا پیغام دیا
مالونی مہاڈا کی جامع مسجد کے باہربعد نماز جمعہ نوجوانوں نے پلے کارڈز لے کر ووٹ دینے کا پیغام دیا۔ پلے کارڈپرلکھا ہوا تھا کہ ’ووٹ ضرور دیجئے ، یہ اہم ذمہ داری ہے ،اسے ضرور ادا کیجئے۔ مسجد کے ٹرسٹی سلیم شیخ نے بتایاکہ ’’جمعہ کے خطاب کے دوران بھی اس تعلق سے توجہ دلائی گئی۔ اس لئے کہ اتنی کوشش کرنے کے باوجود دیکھنے میںآرہا ہے کہ مسلمانوں میں جتنی بیداری اوراہتمام کیا جانا چاہئے وہ نہیں ہے ۔ہم لوگ ووٹنگ والے دن کو مختلف بہانوں سے ٹال دیتے ہیں۔حالانکہ ہمیں اندازہ ہونا چاہئے کہ ملک میں کس طرح کے حالات ہیں ۔ان حالات میںاِس آئینی ذمہ داری کوادا کرنا کس قدر اہم اورضروری ہے۔ ‘‘
رضا اکیڈمی کی جانب سے مینارہ مسجد کے باہر بعد نمازجمعہ پلے کارڈز اٹھاکر پیغام دینے کی کوشش کی گئی مگر پولیس نے پیشگی اجازت نہ لینے کا حوالہ دے کرمنع کردیا۔ ویسے تمام ملّی تنظیموں کی جانب سے بھی مسلسل بیداری مہم چلائی جارہی ہے اورگھرگھرجاکر لوگوں کوووٹ دینے ،ووٹ کی اہمیت اوریہ الیکشن کتنا اہم ہے،سمجھایا جارہا ہے۔
ووٹ دینے کیلئےکن ۹؍نکات پرتوجہ دی جائے
(۱)ووٹنگ والے دن آپ اپنی دینی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنے پولنگ بوتھ پر اول وقت میں اپنے خاندان کے ساتھ ووٹ دینے جائیں(۲) اپنے خاندان ،رشتہ داروں ، محلہ ، کالونی اور اپارٹمنٹ میں رہنے والوں کو بھی ووٹ کی اہمیت سمجھا کر انہیں ووٹ دینے کے لئے آمادہ کریں اورساتھ لے کر جائیں (۳) اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر استعمال کریں ، اپنے ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچائیں ، غیر اہم غیر سنجیدہ اُمیدواروں کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع نہ کریں(۴) الیکشن سے پہلے ووٹر ہیلپ لائن ایپ Voter Helpline app کے ذریعے یا اپنے بی ایل او یا پولنگ بوتھ پر جا کر اپنا نام ووٹر لسٹ میں چیک کریں(۵) ووٹ دینے کے وقت لگنے والے شناختی کارڈ ساتھ لے کر جائیںتاکہ عین وقت پر پریشانی نہ ہو (۶) سوسائٹی اورمحلے کے لوگوں کوپولنگ بوتھ لے جائیں،ہو سکے تو اپنی جیب خاص سے سواری کابندوبست کریں (۷) خاص طور پر گھر کی خواتین کوضرور ساتھ لیں اوران کوووٹ دینے کا طریقہ بھی سمجھائیں(۸) اپنا ووٹ سوچ سمجھ کےساتھ استعمال کریں اور ووٹ تقسیم نہ ہونے دیں(۹) اس بات کویقینی بنائیںکہ صدفیصد رائے دہی ہو۔