آؤٹ سورس کارکنوں کے مطالبات کے سلسلے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) کو ایک تفصیلی خط بھیجا گیا، انہیں جلد از جلد مناسب فیصلہ کرنےکی ہدایت۔
EPAPER
Updated: October 07, 2026, 3:17 PM IST | Inquilab News Network
آؤٹ سورس کارکنوں کے مطالبات کے سلسلے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) کو ایک تفصیلی خط بھیجا گیا، انہیں جلد از جلد مناسب فیصلہ کرنےکی ہدایت۔
نیشنل اربن ہیلتھ مشن (این یو ایچ ایم ) کے تحت ملازمت کرنے والے تقریباً ایک ہزار ۷۰۰؍آئوٹ سورس ہیلتھ ورکرز کے مختلف زیر التواء مطالبات کیلئے آزاد میدان میں جاری آندولن کے دوران ممبئی کی مئیر ریتو تائوڑے نے ہیلتھ ورکرزسے براہ راست ان کے مسائل سے متعلق بات چیت کی۔ انہوں نے ان ورکرز کو یقین دلایا کہ شہری انتظامیہ ان کے جائز حقوق تسلیم کرنے کیلئے پُرعزم ہےاور ان کے سبھی مطالبات کی مثبت پیروی اور انہیں حل کیا جائے گا۔میئر ریتو تاؤڑے نے آؤٹ سورس کارکنوں کے مطالبات کے سلسلے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) کو ایک تفصیلی خط بھیجا ہے اور انہیں جلد از جلد مناسب فیصلہ کرنےکی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فرانسیسی ایم ای پی نے یورپی پارلیمنٹ کی ایک تقریب میں اسرائیلی جھنڈا ہٹا دیا
خط میں کہا گیا ہے کہ ان ہیلتھ ورکرز نے کووڈ ۱۹؍ کے بحران میں ممبئی والوں کی خدمت کی ہے ۔ تجربہ کارآؤٹ سورس کے ملازمین کو باقاعدہ /مستقل بنیادوں پر سرکاری ملازمت میں ۱۰؍ سال مکمل کرنے کیلئے ایک وقتی پالیسی بنائی جائے اور ان کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے جامع تجویز تیار کی جائے۔ اس پالیسی کو میونسپل کارپوریشن اور ریاستی حکومت کو منظوری کیلئے پیش کیا جانا چاہئے ۔
کارکنوں کےمطالبات
نظرثانی شدہ کم از کم اُجرت پر عمل درآمد کرتے ہوئے براہ راست اُجرت میں اضافہ کیا جائے ۔ خواتین ملازمین کو مکمل معاوضہ کے ساتھ زچگی کی چھٹی دی جائے۔ دیوالی گرانٹ کی فراہمی کا فیصلہ کیا جائے۔ پرویڈنٹ فنڈ (پی ایف) اور دیگر قانونی فوائد مقررہ وقت پر دیئےجائیں۔ ڈی ایم اور کنٹریکٹ دینے والے ادارے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسر کی سربراہی میں ملازمین کیلئے شکایات ازالہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔