Inquilab Logo

مالیگاؤں اور ناسک میں خسرہ توناگپو رمیں ڈینگو کازور

Updated: November 25, 2022, 10:00 AM IST | malegaon

خسرہ سے نمٹنے کیلئے مالیگائوں میں ۱۱؍پرائمری ہیلتھ سینٹروں میںاسپیشل وارڈزکا قیام ،ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سپنا ٹھاکرے نے کہاکہ اب تک ۷۲۶؍بچوںکی جانچ کی گئی ہے،ٹیکہ کاری مہم میں جوش وخروش کا مظاہرہ کرنے کی اپیل،ناسک سے۵؍ مریضوںکے نمونے ممبئی بھیجے گئے ،ناگپور میںڈینگو کا پھیلاؤ ،۲۲؍ دنوں میں ۲۳؍  مریض پائے گئے

The cases of measles have been increasing for the past few days, which are the focus of the health department
خسرہ کے معاملات گزشتہ کچھ دنوں سے بڑھتے جا رہے ہیںجن پر محکمہ صحت کی توجہ ہے

:گزشتہ ۲؍ دنوںسے خسرہ کے نئے مریض سامنے تو نہیں آئے البتہ خسرہ پر قابو پانے کیلئے شہری انتظامیہ عملی کارروائیوں میں مصروف ہے۔شہر مالیگائوں کے مشرقی حصے کی مسلم اکثریتی بستیوں میں خسرہ کے مرض کی روک تھام کیلئے میونسپل پرائمری ہیلتھ سینٹرز پر طبّی سہولیات فراہمی کے انتظامات کئے جانے کا دعویٰ شہری انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔اس ضمن میں ڈاکٹر سپنا ٹھاکرے (ہیلتھ آفیسر ،مالیگائوں میونسپل کارپوریشن)نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ شہر میں۱۴؍مقامات پرمیونسپل پرائمری ہیلتھ سینٹرجاری ہیں۔ ان میں سے ۱۱؍سینٹروںپرخسرہ کے مریضوں کیلئے خصوصی وارڈ تشکیل دئے گئےہیں۔خصوصی وارڈ میں صرف خسرہ کے مریضوں کی تشخیص وعلاج ہوگا۔جس طرح ۲۰۱۱ء  میں مالیگائوں کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے مشترکہ طور پر پولیو ڈوزپلانے کی منظم مہم چلائی گئی تھی ،اُسی طرح خسرہ سے تدارک ومدافعت کیلئے خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔حالات کے پیش نظر گھرگھر پہنچ کر کمسن بچے بچیوں کی طبّی جانچ شروع کردی گئی ہے۔اب تک ۷۲۶؍بچوں کی جانچ وتشخیص کا عمل پورا ہوگیا ہے۔دوران جانچ مشتبہ پائے جانے والے بچوں کو خسرہ سے مدافعت و بچائو کے ٹیکے لگانے کے ساتھ لازمی دوائیاں گولیاں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
 ڈاکٹر سپنا نے کہاکہ ہافکن لیب (ممبئی)سے ۵۶؍ مریضوں کی رپورٹ پازیٹیو آئی تھی ۔اُن مریضوں کے مکمل علاج کیلئے شہری انتظامیہ نے پوری توجہ مرکوز کردی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ (پونے )سے طبّی ماہرین مالیگائوں کا دورہ کرنے آئے تھے ۔انہوں نے یہاں پر مریضوں کیلئے کئے گئے انتظامات دیکھے ۔طبّی نکتہ نگاہ سے مزید انتظامات کیلئے رائے موصول ہوئی تھی ۔اس کے پیش نظر شہری انتظامیہ کے محکمہ صحت عامہ کمربستہ ہے۔
ناسک میںخسرہ  کے اثرات  
  ممبئی ، بھیونڈی اور مالیگائوں کے ساتھ ناسک میں بھی خسر ہ نے اپنے اثرات دِکھانے شروع کردیئے ہیں۔یہاں شہری انتظامیہ کے محکمہ صحت عامہ سے جاری اطلاعات کے مطابق ۲۴؍ نومبر کو ۵؍ مریضوں کے نمونے جانچ کیلئے ہافکن لیب (ممبئی) بھیجے گئے ہیں۔ان پانچوں مشتبہ مریضوں کے جسم میں خسرہ کی علامتیں پائی گئی تھیں۔خسرہ کے مریضوں کے علاج کیلئے بِٹکو اسپتال اور ذاکر حسین رُگنالیہ میں ناسک میونسپل کارپوریشن کے ذریعے انتظامات کئے جانے کا دعویٰ بھی کیاگیا ہے۔میونسپل ہیلتھ ڈپارٹمنٹ  نے شہریوں سے گزارش کی  ہےکہ  وہ خسرہ کی علامتیں ظاہر ہونے پر سرکاری اسپتالوں اور میونسپل پرائمری ہیلتھ سینٹرز سےفوراً رابطہ کریں۔
ناگپور میں ڈینگو کے مریضوں میں اضافہ 
  بارش کا موسم ختم ہوتے ہی آبادیوں کے آس پاس جمع پانی میں مچھروں کی افزائش کے ساتھ ساتھ ناگپور میں ڈینگو کا پھیلاؤ بھی شدت اختیار کرنے لگا ہے۔۲۲؍ نومبر تک ناگپور شہر کی حدود میں ڈینگو کے۲۳؍ مریض پائے گئے۔ محکمۂ صحت نے ناگپور واسیوں کو ممکنہ خطرات کو ذہن میں رکھتے ہوئے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ عام طور پر مانسون کے دوران کیڑے اور مکھیوں سے بیماریاں پھیلتی ہیں۔ اگست کے مہینے سے پانی جمع ہونا شروع ہو جاتا ہے اور اس کے بعد ڈینگو پھیلنے لگتا ہے۔ تاہم اس سال بارش کا موسم بہت طویل رہا۔اس کے فوراً بعد سردی شروع نہیں ہوئی۔ مرطوب ماحول کی وجہ سے مچھروں کے لیے سازگار ماحول پیدا ہونے کے باعث ستمبر سے ڈینگو کے مریض بڑھنے لگے ہیں۔ گرچہ ۱۵؍ دن میں۱۶؍ مریض اتنی بڑی تعداد نہیں ہے لیکن یہ ایک انتباہی علامت ہے کیونکہ ستمبر سے یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔ جولائی اور اگست دونوں مہینوں میں۱۰؍ مریض پائے گئے تھے۔ ستمبر کے مہینے میں یہ تعداد براہ راست ڈھائی گنا یعنی۲۴؍ تک پہنچ گئی۔۱۵؍ نومبر کے بعد مریضوں کی تعداد کم  رہی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن (این ایم سی) کے میڈیکل آفیسر نریندر بہیروار نے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
فوگنگ کے بارے میں شبہات
 مچھروں اور ڈینگو کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر فوگنگ شروع کرنے کا مطالبہ زور پکڑ  رہا ہے۔ اسی مناسبت سے ناگپور میونسپل کارپوریشن نے مختلف بستیوں میں فوگنگ شروع کردی ہے۔ کچھ دنوں پہلے جنوبی اور مشرقی ناگپور کی کچھ بستیوں میں فوگنگ شروع کی گئی تھی لیکن لوگوں کی شکایت ہے کہ دھواں پہلے جیسا نظر نہیں آیا۔ پہلے دھواں نکلنے کے بعد فوگنگ میں ملائی گئی ادویات کی الگ ہی بو آتی تھی لیکن اب شہری فوگنگ پر ہی  شبہات کا اظہار کررہے ہیں۔ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ فوگنگ  کی دوا میں بھی کیمیکل میں ملاوٹ کی جارہی ہے۔

measles Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK