Inquilab Logo

خسرہ کے مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ

Updated: January 03, 2023, 10:10 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

اب تک ۵۴۲؍ افرادمتاثرپائے گئے ہیں ۔ مشتبہ مریضوں کی تعداد ۵؍ ہزار ۴۰۴ ؍ ہے۔ مرنے والوں کی تعداد ۱۸؍ ہوگئی

BMC has started vaccination campaign to prevent measles. (file photo)
خسرہ کی روک تھام کیلئے بی ایم سی نے ٹیکہ کاری مہم شروع کی ہے۔ (فائل فوٹو)

 شہرو مضافات میں  خسرہ کی وبا پر قابو پانے میںمیونسپل کارپوریشن  کا ہیلتھ ڈپارٹمنٹ  ناکام نظر آرہا ہے  کیونکہ خسرہ کے مریضوں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے  ۔ خسرہ کے مریضوں کی کل تعداد ۵؍ ہزار ۴۰۴؍ ہوگئی ہے  اور ان میں سے اب تک ۵۴۲؍بچے اس  وبا  سے متاثر پائے گئے ہیںجبکہ   مرنے والوں کی تعداد  ۱۸؍ ہوگئی  ہے ۔ خسرہ کےمریضوں کی تعداد بڑھنے پر شہریوں میں بی ایم سی کے تئیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ 
 گوونڈی کے رہنے والے  عبدالباری خان  نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ خسرہ کے مریض نہ صرف گوونڈی اور مانخورد  علاقے میں بلکہ ممبئی  کے دیگر علاقوں میں بھی  بڑھتے جارہے ہیں ۔ انھوں نے چمبور کے ایک پرائیویٹ اسپتال کے حوالے سےدعویٰ کیا ہے کہ ان کی نواسی  اس  اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس اسپتال کے دوسرے منزلے پر واقع بچوں کے وار ڈ میں ۴؍ بیڈ پر بچے زیر علاج ہیں ۔ ان میں سے ۳؍ بچے خسرہ کے مشتبہ  مرض  ہیں جبکہ ایک بچہ دوسرے مرض کا شکار ہے ۔ اسی طرح  دھاراوی میں مقیم امام اعظم خان نے بتایا کہ ان کی بلڈنگ میں رہنے والے کئی بچے خسرہ کا شکار پائے گئے ہیں اور ان میں سے کئی بچے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔البتہ علاج کے دوران ان کی صحت بہتر ہورہی ہے ۔ انھوں نے  یہ بھی بتایا کہ ممبئی میں اس وقت کورونا کی طرح خسرہ کے مرض سے لوگوں میں خوف پایا جارہا ہے۔ لوگوں کا یہ بھی  الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا محکمۂ صحت خسرہ کے ٹیکے اور اضافی ٹیکے لگاکر اس پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے، اس کے باوجود خسرہ کی وباپر قابو پانے میں  وہ اب تک ناکام ہے۔
 اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے ایک اسپتال کے ڈاکٹر سےبات چیت کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ اس وقت موسم کی تبدیلی کے سبب شہر میں خسرہ کی منتقلی کا زیادہ خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور ۲۰۲۲ء میں اب تک ممبئی میں ۱۸؍بچے خسرہ  سے   جان گنوا بیٹھے ہیں جوکہ ایک سنگین معاملہ ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ سنیچر کی شام تک خسرہ سے متاثر ۶؍ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر ۵۴۲؍ بچے خسرہ سے  متاثر ہوچکے ہیں  جو کئی برسوں  میں سب سے بڑی تعداد بتائی جارہی ہے۔
  اسی طرح جمعہ کوخسرہ سے ۲۲؍ مریضوں کو اسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا گیا ہے اور ۲۵؍ مریض صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں ۔  بتایا جاتا ہے کہ خسرہ کی وبا مسلسل پھیل رہی ہے ، اسی وجہ سے لوگوں میںاس بات سے ناراضگی پائی جارہی  ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا محکمۂ صحت اب تک اس پر قابو نہیں پاسکاہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں اس تعلق سے خوف پایا جارہا ہے اوراپنے بچوں کی صحت کے تعلق سے بھی فکرمند ہیں
   اس ضمن میں میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ صحت کے متعلقہ افسران سے بھی گفتگو کرنے کی کوشش کی گئی اس کے علاوہ  اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سے اس بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی مگران سے  رابطہ نہیںہوسکا ۔ 

measles Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK