• Thu, 01 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسپتال کےعملےکو الیکشن ڈیوٹی دینے سے طبی خدمات متاثر

Updated: January 01, 2026, 3:55 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

دیگر اسپتالوں کےعلاوہ صرف جے جے اسپتال کے ۱۳۴؍ اسٹاف ممبروں کو الیکشن ڈیوٹی پرتعینات کیا گیاہے ۔ مریضوں کو دقتوں کا سامنا۔

A large number of people come to JJ Hospital for treatment every day. Picture: INN
جے جے اسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ علاج کیلئے آتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخاب ۱۵؍جنوری کو ہونے والے ہیں۔ ایسےمیں الیکشن کے کاموںکیلئے میونسپل کمشنر اور ضلع الیکشن کمیشن نے سرکاری اداروں کے عملے کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کرنے کے احکامات جاری کئےہیں۔ اسکول کے علاوہ اسپتال کےاسٹاف کوبھی انتخابی کاموں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اسپتال کے عملے کو الیکشن ڈیوٹی دینے سے مریضوں کے علاج میںدشواری پیش آنےکی شکایتیںموصول ہورہی ہیں۔ صرف جے جے اسپتال سے ۱۳۴؍ ڈاکٹروں  اور دیگر شعبوں کے اسٹاف ممبروں کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیاگیا ہے جس کی وجہ سےریاست بھر سے یہاں علاج کیلئے آنے والے مریضوں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اسپتال کے ڈین نےڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرکو مکتوب روانہ کرکے ضروری ڈاکٹر اور عملے کو الیکشن ڈیوٹی سےمستثنیٰ رکھنےکی اپیل کی ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے میونسپل کمشنر اور ضلع الیکشن کمیشن سرکاری دفاتر کے ملازمین کی تقرری کر رہے  ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ۲۲؍دسمبر ۲۰۲۵ءکو دیئے گئے حکم کے مطابق جے جے اسپتال کے ۱۳۴؍ ڈاکٹروں، لیباریٹری ٹیکنیشین، کلرکوں اور درجہ چہارم کے ملازمین الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کئے گئےہیںجس کی وجہ اسپتال میں عملے کی کمی ہونے سے مہاراشٹر کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں غریب اور نادار مریض جوعلاج کیلئے آرہےہیں ،انہیں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ یہاں زیر علاج اور اوپی ڈی میں علاج کیلئے آنےوالے مریضوںکو فوری طبی امداد فراہم کرنےکی ضرورت ہوتی ہے لیکن ڈاکٹروںاور عملے کی کمی سے ان مریضوںکےعلاج میںتاخیر ہورہی ہے جس سے مریض اور ان کےرشتے داروں کو دقتیں ہورہی ہیں۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے  انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے جے جے اسپتال کے ڈاکٹروںاور میڈیکل کالج کے ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی پرتعینات کیاہے۔ فی الحال ۱۳۴؍ لوگوںکوالیکشن ڈیوٹی دی گئی ہے۔اس کی وجہ سے اسپتال کانظام بری طرح متاثرہواہے۔ اسٹاف کی قلت سے مریضوںکے علاج میں رکاوٹ پیداہورہی ہے۔ اس لئے اسپتال کے ڈین ڈاکٹر اجے بھنڈار وار نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ جے جے اسپتال کے عملے کودی جانےوالی الیکشن ڈیوٹی منسوخ کی جائے ۔ویسے بھی اسپتال اور میڈیکل کالج میں عملے کی قلت ہے،ایسےمیں اگر یہاں کےعملے کو انتخابی کاموں کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے تومریضوںکی خدمات اور انتظامی کاموںمیں بڑا خلل پڑسکتاہے ۔انہوںنے اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ۷؍جون ۲۰۲۳ء کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے مکتوب میں یہ بھی لکھاہےکہ سرکاری اسپتالوں کی ضروری خدمات کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے ۔اس میں میڈیکل افسروں، ڈاکٹروں اور نرسوں کو انتخابی کام سے مستثنیٰ رکھنےکی واضح ہدایت ہے۔ لہٰذا مریضوں کی دیکھ بھال سے متعلق انتخابی کام کیلئے مقرر کردہ تمام ڈاکٹروں، لیباریٹری ٹیکنیشین، کلرکوں اور درجہ چہارم کے ملازمین کےالیکشن ڈیوٹی کے احکامات کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK