• Fri, 12 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملئے ایپل کے سب سے پتلے فون ”آئی فون ایئر“ کے ڈیزائنر عابد چودھری سے

Updated: September 11, 2025, 8:05 PM IST | Washington

چودھری نے ۹ ستمبر کو ایپل پارک میں خطاب کرتے ہوئے آئی فون ایئر کو ”ایک ایسا تضاد قرار دیا جس پر یقین کرنے کیلئے آپ کو اسے ہاتھ میں لینا ہوگا۔“

Apple`s iPhone Air and Abidur Chowdhury. Photo: X
ایپل کا آئی فون ایئر اور عابد چودھری۔ تصویر: ایکس

ایپل نے ۹ ستمبر کو اپنے ایونٹ میں اپنا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون، آئی فون ایئر متعارف کرایا جسے لندن میں پیدا ہونے والے صنعتی ڈیزائنر عابد چودھری نے ڈیزائن کیا ہے۔ ۹ ستمبر کو کیلیفورنیا میں واقع ایپل پارک میں خطاب کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ ان کا مقصد ”ایک ایسا آئی فون بنانا تھا جو مستقبل کا ٹکڑا محسوس ہو۔“ انہوں نے اس ڈیوائس کو ”ایک ایسا تضاد قرار دیا جس پر یقین کرنے کیلئے آپ کو اسے ہاتھ میں لینا ہوگا۔“

عابد چودھری کون ہیں؟

عابد چودھری کی پیدائش لندن، برطانیہ میں ہوئی اور وہیں انہوں نے پرورش پائی۔ فی الحال وہ سان فرانسسکو، امریکہ میں مقیم ہیں جہاں وہ ایپل کی صنعتی ڈیزائن ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ چودھری نے لوفبرو یونیورسٹی سے پروڈکٹ ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کی ہے اور اس میدان میں کئی اعزازات حاصل کئے ہیں، جن میں جیمز ڈائسن فاؤنڈیشن برسری، نیو ڈیزائنرز کین ووڈ اپلائنس ایوارڈ اور ۲۰۱۶ء میں ان کے جدید ”پلگ اینڈ پلے“ تصور کیلئے دیا گیا ریڈ ڈاٹ ڈیزائن ایوارڈ شامل ہے۔

۲۰۱۹ء میں ایپل میں شامل ہونے سے پہلے، چودھری نے برطانیہ کی ڈیزائن فرمس کے ساتھ کام کیا، اپنی کنسلٹنسی بھی شروع کی اور عالمی ایجنسیوں اور اسٹارٹ اپس کے ساتھ تعاون کیا۔ ایپل میں انہوں نے مصنوعات کے تجربات کو نئی شکل دینے میں ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے، جس میں آئی فون ایئر ان کی تازہ ترین کامیابی ہے۔ چودھری کا کہنا ہے کہ ان کا فلسفہ ایسی مصنوعات بنانا ہے ”جن کے بغیر لوگ رہ نہیں سکتے۔“

یہ بھی پڑھئے: ایپل کی آئی فون ۱۷ سیریز لانچ، آئی او ایس ۲۶ بھی منظرعام پر، ایپل واچ اور ایئرپوڈ میں تبدیلیاں

آئی فون ایئر

ٹائٹینیم سے بنا آئی فون ایئر، ایپل کے پچھلے موبائلز کے مقابلے زیادہ پتلا اور چھوٹا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس قدرپتلا ہونے کے باوجود، نئے آپٹیمائزیشن سافٹ ویئر کی بدولت اس کی بیٹری سارا دن چلتی ہے۔ اس میں ایک نئے ڈیزائن والا سنگل ٹیلی فوٹو کیمرہ بھی ہے، جو اے آئی سے چلنے والی امیجنگ کی مدد سے بہتر بنایا گیا ہے۔ ہندوستان میں آئی فون ایئر کا ۲۵۶ جی بی اسٹوریج والا بیس ماڈل ایک لاکھ ۲۰ ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK