Inquilab Logo

انوراگ کشیپ کے گھر انکم ٹیکس کاچھاپہ انتقامی کارروائی : اراکین اسمبلی

Updated: March 04, 2021, 10:32 AM IST | Iqbal Ansari | Vidhan Bhavan

برہمی کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی مرکز پر تنقید کررہا ہے اس کے خلاف ایجنسیوںکے ذریعے کارروائی کی جارہی ہے

Anurag Kashyap Agency
اندھیری کے لنک روڈ پر واقع کامرس سینٹر میں انوراگ کشیپ کی ایجنسی ہے

فلم ڈائریکٹر انوراگ کشیپ کے گھر پر انکم ٹیکس ( آئی ٹی)کی چھاپہ مار کارروائی کو مہاراشٹر کے لیڈروںنے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نےکہا ہے کہ یہ حکم شاہی جیسا ہی ہےکہ جو بھی مرکز پر تنقید کرے گا اس کے خلاف ایجنسیوں کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔
 اس تعلق سے کانگریس کے ریاستی صدر اور سابق اسپیکر نانا پٹولے نے کہا کہ ’’ ملک میں مودی کی سرکار کو سچائی بتانے والے جو بھی لوگ ہیں ان پر جھوٹے الزام لگا کر سی بی آئی ،ای ڈی اور انکم ٹیکس کے ذریعے اس طرح کی کارروائی کئے جانے کا جو سلسلہ مودی حکومت نے شرو ع کیا ہے ، جمہوریت میں اس طرح کی کارروائی کبھی نہیں ہوئی۔کسانوں کے احتجاج پر دہشت گردی کاالزام عائد کیا جاتا ہے۔مخالفین اور ناقدین کے خلاف یہ جو مہم مودی حکومت نے شروع کی ہے کانگریس اس کی مذمت کرتی ہے۔
 اس ضمن میں سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے کہا کہ ’’ انوراگ کشیپ کے گھر چھاپہ ، مودی حکومت میں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔جو بھی حقیقت حال سامنے رکھ رہا ہے یا مرکز پر تنقید کر رہا ہے اس کے خلاف اسی طرح کارروائی کی جارہی ہے ۔ اس کا مقصد یہی ہے کہ لوگوں  پر دباؤ ڈالا  جا سکے اور انہیںخاموش کیاجاسکے۔‘‘
 انہوںنے مزید کہاکہ ’’ مرکزی حکومت ایجنسیوں کا استعمال کرکے عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
 اس سلسلے میں سماجوادی مہاراشٹر کے صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ ’’ مَیں اس ملک کے ۱۳۰؍ کروڑ عوام کو کہنا چاہتاہوںکہ ملک سے اب جمہوریت ختم ہوتی جارہی ہےاور ڈکٹیٹر شپ آرہی ہے۔راجا اور نوابوں کی حکومت چل رہی ہے کہ ان کے خلاف اگر کسی نے بول دیا تو اسے فوراً جیل بھیج دولیکن با با بھیم راؤ امبیڈکر نے ہمیں اظہار رائے کا حق دیا ہے۔‘‘
  انہوںنے کہا کہ جتنے لوگ سرکار کی جی حضوری کر رہے ہیں وہ ترقی کر رہے ہیں، جھوٹ بولنے اور چاپلوسی کرنے والے آگے بڑھ رہے ہیںجو عوام کے مسائل کو اجاگر کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔لہٰذا جمہوریت پر یقین رکھنے والے عوام کو مل کر اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر دینا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK