Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹا کے بانی مارک زکربرگ کی ’ایکس ‘ پر واپسی ،مِیوز اسپارک ۱ء۱؍ اے آئی ماڈل لانچ کیا

Updated: July 11, 2026, 10:02 AM IST | Agency | New York

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے ۳؍ سال سے زائد عرصے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر واپسی کی ہے۔ انہوں نے کمپنی کے جدید ترین مصنوعی ذہانت(اے آئی) ماڈل’’میوز اسپارک ۱ء۱‘‘کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔

Meta Ceo Mark Zuckerberg.Photo:INN
میٹا کے سی ای او مارک زکر برگ۔ تصویر:آئی این این
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے ۳؍ سال سے زائد عرصے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر واپسی کی ہے۔ انہوں نے کمپنی کے جدید ترین مصنوعی ذہانت(اے آئی) ماڈل’’میوز اسپارک ۱ء۱‘‘کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔ زکربرگ کا یہ قدم اے آئی مارکیٹ میں اوپن اے آئی اوراینتھروپک جیسی بڑی کمپنیوں کو ٹکر دینے کی میٹا کی حکمتِ عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
 
 
مارک زکربرگ نے اپنی پوسٹ میں لکھا’’آج ہم میوز اسپارک۱ء۱؍ جاری کر رہے ہیں۔ یہ انتہائی کم قیمت پر دستیاب ایک مضبوط ایجنٹک اور کوڈنگ ماڈل ہے۔ یہ ہمارے نئے میٹا ماڈل اے پی آئی اور میٹا اے آئی میں دستیاب ہوگا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ یہ ماڈل ٹول استعمال کرنے، کمپیوٹر آپریٹ کرنے اور ایجنٹک کارکردگی کے لحاظ سے انتہائی طاقتور ہے۔یہ۱۰؍لاکھ ٹوکن کاٹیکسٹ ونڈو کے ساتھ آتا ہے، جس کی بدولت یہ طویل اور پیچیدہ کاموں کو آسانی سے انجام دے سکتا ہے۔ اس میں بیک وقت کئی ذیلی ایجنٹس کو مختلف ذمہ داریاں سونپنے کی صلاحیت بھی موجود ہے، جبکہ اسے ڈیسک ٹاپ، موبائل اور براؤزر پر کمپیوٹر انٹرفیس استعمال کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔
زکربرگ کے مطابق ڈویلپرز میوز اسپارک۱ء۱؍ کی مدد سے نئی اے آئی ایپلی کیشنز تیار کر سکیں گے۔ کمپنی کا بنیادی ہدف کم لاگت میں طاقتور ایجنٹک اور ملٹی موڈل ماڈلز فراہم کرنا ہے۔ امریکہ میں ڈویلپرز اب میٹا ماڈل اے پی آئی  کے پبلک پری ویو کے ذریعے اس ماڈل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔میٹا کا کہنا ہے کہ یہ اپ گریڈ شدہ ماڈل کوڈنگ، ایجنٹک ورک فلو اور سافٹ ویئر آٹومیشن کیلئے اب تک کا سب سے طاقتور اے آئی سسٹم ہے۔ یہ نہ صرف کوڈ لکھ سکتا ہے اور اس میں موجود غلطیوں کو درست کر سکتا ہے بلکہ مختلف سافٹ ویئر ٹولز کے ساتھ براہِ راست تعامل بھی کر سکتا ہے۔یہ ماڈل متن(ٹیکسٹ)، تصاویر(امیج)اور ویڈیوزکو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بغیر انسانی مداخلت کے پیچیدہ اور کئی مراحل پر مشتمل کام مکمل کر سکتا ہے۔
 
 
میوز اسپارک۱ء۱؍کو میٹا کی’’سپر انٹیلی جنس لیبس‘‘نے تیار کیا ہے۔ اس نئے ماڈل کے ساتھ میٹا نے باضابطہ طور پرپیڈ اے آئی ماڈل اے پی آئی مارکیٹ میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔اس کیلئے رجسٹریشن کرنے والے ڈویلپرز کو ابتدائی طور پر۲۰؍ ڈالر کا مفت کریڈٹ دیا جائے گا، جس کے بعد وہ جتنا استعمال، اتنی ادائیگی ماڈل پر منتقل ہو جائیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK