Updated: July 11, 2026, 10:03 AM IST
|
Agency
| London
کپتان ہرمن پریت کور،نائب کپتان اسمرتی مندھانا اور دیپتی شرما کی ہاف سنچریاں،میزبان ٹیم کیلئے سوفی ایکلسٹن نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔
اسمرتی مندھانا۔ تصویر:آئی این این
ا سمرتی مندھانا کی ۸۳؍رنوں کی جارحانہ اننگز اور کپتان ہرمن پریت کور کے شاندار ۵۸؍رنوں کے بعد دپتی شرما (۵۷) کی ہاف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان جمعہ کو یہاں کھیلے جا رہے واحد خاتون ٹیسٹ کے پہلے دن ۲۸۵؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کےلئے سوفی ایکلسٹن نے ۳؍جبکہ لارین فلر،اسی وانگ اورمیڈی ولیرس نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ایک وکٹ لارین بیل نے حاصل کیا۔
چائے کے وقفے سے ٹھیک پہلے ہرمن پریت کور ۱۲۱؍ گیندوں میں ۷؍چوکے لگاکرمیڈی ولیرس کی شاندار آف بریک گیند پر بولڈ ہو گئیں، جس سے ہندوستانی ٹیم دباؤ میں آ گئی۔ جس وقت ہرمن پریت کور آؤٹ ہوئیں تب ہندوستان کا اسکور ۵؍وکٹ پر ۲۰۵؍رن تھا اور ٹیم بڑے اسکور کی جانب گامزن تھی۔ دیپتی شرما نے۵۷؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر ہندوستان کا اسکور ۲۸۵؍رنوں تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔
اس تاریخی میچ میں ٹیم انڈیا نے صبح کے سیشن میں تیزی سے رن بنائے لیکن لنچ کے بعد اس کی رن بنانے کی رفتار دھیمی پڑ گئی۔ دوسرے سیشن میں ٹیم نے ۲۶ء۲؍اوور میں صرف ۸۰؍ رن جوڑے اور اس دوران ۲؍ وکٹیں گنوائیں۔ ٹیم انڈیا نے پہلے سیشن میں ۳؍ وکٹوں پر ۱۲۲؍ رن بنائے تھے۔ اسمرتی مندھانانے ۱۰۸؍گیندوں کی اپنی اننگز کے دوران ۱۱؍چوکے اور ایک چھکا مار کر ۸۳؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوںنے جمائمہ روڈریگز (۳۵) کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے ۶۴؍رنوںکی شراکت نبھائی۔
واضح رہے کہ لارڈز کا یہ تاریخی میدان بالاخر ایک طویل انتظار کے بعد خواتین کے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کر رہا ہے جو کہ ۱۴۲؍ سال قبل ۱۸۸۴ءمیں یہاں کھیلے گئے پہلے مردوں کے ٹیسٹ میچ (جس کے بعد اب تک یہاں ۱۵۰؍مردوں کے ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں) کے بعد ایک بڑا سنگِ میل ہے۔اس تاریخی ٹیسٹ میچ کو جیتنے کےلئے میزبان انگلینڈ اور ہندوستان کی ٹیم ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں۔