دہیسر (مشرق) کو میرا بھائندر سے جوڑنے والی میٹرو ۹؍ کی تعمیر میں پیش رفت کرتے ہوئے بھائندر (مغرب) روڈ اوور بریج پر ۶۵؍ میٹر طویل گرڈر کامیابی سے نصب کردیا گیا۔ میٹرو انتظامیہ کے مطابق ریلوے ٹریک کے اوپر واقع ہونے کی وجہ سے یہ اہم کام انجام کو پہنچا ہے۔
بھائندر میں روڈ اوور بریج پر میٹرو کیلئے بچھایا گیاگرڈر۔ تصویر: آئی این این
دہیسر (مشرق) کو میرا بھائندر سے جوڑنے والی میٹرو ۹؍ کی تعمیر میں پیش رفت کرتے ہوئے بھائندر (مغرب) روڈ اوور بریج پر ۶۵؍ میٹر طویل گرڈر کامیابی سے نصب کردیا گیا۔ میٹرو انتظامیہ کے مطابق ریلوے ٹریک کے اوپر واقع ہونے کی وجہ سے یہ اہم کام انجام کو پہنچا ہے۔
انتظامیہ کے ذریعہ فراہم کی گئی اطلاع کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بھائندر مغرب کی ریلوے لائن پر خصوصی بلاک رکھا گیا تھا اور اسی شب میں اسٹیل کا یہ ۷۰۰؍ میٹرک ٹن وزنی گرڈر نصب کیا گیا ہے۔
میٹرو ۹؍ دراصل میٹرو ۷؍ اور ۷؍ اے کی توسیع ہے اس لئے جب یہ پروجیکٹ مکمل ہوجائے گا تو اس کے ذریعہ لائن ۷، ۷؍ اے، میٹرو لائن ۲؍ بی اور دیگر لائنوں کی مدد سے ممبئی ایئر پورٹ، اندھیری (مغرب)، گھاٹ کوپر، دہیسر (مشرق) میں واقع لنک روڈ، تھانے (مستقبل میں میٹرو۱۰؍ کی تعمیر کے بعد) اور آنے والے پروجیکٹ میٹرو ۱۳؍ کی مدد سے وسئی ویرار تک سفر کرنا ممکن ہوسکے گا۔
یہ بھی پڑھئے:’غزہ گلوبل مارچ‘ کے کارکنوں کومصرمیں حراست میں لے لیا گیا
میٹرو ۹؍ کی یہ خاص بات ہے کہ یہ تھانے میں شروع ہونے والی پہلی میٹرو لائن ہے اور گزشتہ ماہ اس کا کاشی گائوں سے دہیسر کے درمیان ٹرائل رَن شروع ہوا ہے۔ اس کی دیگر خصوصیات یہ ہیں کہ یہ میرا بھائندر کو ممبئی کے مشرقی اور مغربی مضافات اور ممبئی کے چھتر پتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے جوڑے گی۔
یہ ملک کی پہلی ایسی لائن ہے جو متوازی ’ڈبل ڈیکر‘ بریج پر ہوگی۔ اس ڈبل ڈیکر بریج کے اوپر والے حصہ پر میٹرو دوڑے گی جبکہ اس کے نیچے سے گزرنے والے بریج پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت ہوگی۔ اس کی کُل طولت ۱۰ء۵۴؍ کلو میٹر ہوگی جس پر ۸؍ اسٹیشن ہوں گے۔ یہ سب اسٹیشن بریج پر ہوں گے۔ اس کی تعمیر ۲؍ مراحل میں کی جارہی ہے جس میں پہلے مرحلہ میں دہیسر (مشرق) سے کاشی گائوں کے درمیان ۴ء۴؍کلو میٹر کا حصہ ہے۔ اس حصہ پر دہیسر (مشرق)، پانڈو رنگ واڑی، میرا گائوں اور کاشی گائوں اسٹیشن ہوں گے۔ گزشتہ ماہ ہی اس حصہ پر ٹرائل رَن شروع کیا گیا ہے۔