جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سائمن ہارمر نے اپنی قومی ٹیم کے لیے صرف۱۲؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں لیکن ان کا فرسٹ کلاس کریئر شاندار رہا۔انہوں نے پاکستان کے خلاف ۱۰۰۰؍واں فرسٹ کلاس وکٹ لیا۔
EPAPER
Updated: October 23, 2025, 5:25 PM IST | Rawalpindi
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سائمن ہارمر نے اپنی قومی ٹیم کے لیے صرف۱۲؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں لیکن ان کا فرسٹ کلاس کریئر شاندار رہا۔انہوں نے پاکستان کے خلاف ۱۰۰۰؍واں فرسٹ کلاس وکٹ لیا۔
جنوبی افریقہ کو راولپنڈی ٹیسٹ جیتنے پر پہلے کیشو مہاراج اور پھر سائمن ہارمر کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ تقریباً ۳۷؍ سال کی عمر میں اور غیر معروف ہارمر صرف اپنا۱۲؍ واں ٹیسٹ کھیل رہے تھے لیکن وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہت تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔
ہارمر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ۱۰۰۰؍وکٹ لینے والے جنوبی افریقہ کے صرف چوتھے کھلاڑی ہیں۔ چارلی لیولین (۱۰۱۳)، مائیک پراکٹر (۱۴۱۷) اور ایلن ڈونالڈ (۱۲۱۶) وہ تین تھے جنہوں نے اس سے پہلے سنگ میل تک پہنچایا۔۲۱؍ویں صدی میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے صرف دو کھلاڑی فارمیٹ میں۱۰۰۰؍ وکٹ لے سکے ہیں۔ ہارمر، جن کا فرسٹ کلاس آغاز نومبر ۲۰۰۹ء میں ہوا اور جیمس اینڈرسن ، جنہوں نے مئی ۲۰۰۲ء میں ڈیبیو کیا۔
South Africa seal a comfortable second Test win to draw the series 1-1 against Pakistan 👊#WTC27 #PAKvSA 📝: https://t.co/OMV5JSbV3K pic.twitter.com/BmES6AUk7o
— ICC (@ICC) October 23, 2025
جنوبی افریقہ کی۱۸؍ سال بعد پاکستانی سرزمین پر فتح
جنوبی افریقہ نے پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر دو میچز کی سیریز ۱۔۱؍سے برابر کرلی۔ راولپنڈی میں کھیلے جانےوالے میچ میں جنوبی افریقہ نے ۶۸؍ رن کا ہدف بآسانی ۲؍وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان ایڈن مارکرم ۴۲؍رن اور ٹرسٹن اسٹبس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ رائن ریکلٹن۲۵؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ جنوبی افریقہ کی پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں ۲۰۰۷ء کے بعد پہلی فتح ہے۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل پاکستانی بیٹنگ لائن اپنی دوسری اننگز میں بری طرح ناکام ہوگئی تھی۔ پاکستان نے چوتھے روز ۹۴؍رن ۴؍ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو بابر اعظم (۵۰) اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرکے پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور ۱۸؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ نعمان علی اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا۲۸؍ اور ساجد خان۱۳؍ رن بناسکے۔
گزشتہ روز پاکستان نے ۷۱؍ رن کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو صرف ۱۶؍ کے مجموعی اسکور پر ٹاپ ۳؍ بیٹرس پویلین لوٹ گئے تھے۔ امام الحق ۹، عبداللہ شفیق ۶؍اور کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم اور سعود شکیل کے درمیان۴۴؍رن کی شراکت سے پاکستان ٹیم کچھ سنبھلی ہی تھی کہ سعود شکیل۱۱؍رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف ۱۳۸؍رن ہی بناسکی اور جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے ۶۸؍ رنز کا ہدف ملا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر نے ۶، کیشو مہاراج نے ۲؍ اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھئے:یوئیفا چمپئن لیگ :بائرن میونخ اورریئل میڈرڈ نے اپنے اپنے میچ جیت لئے
یاد رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۳۳۳؍ رن بنائے تھے۔ کپتان شان مسعود۸۷، سعود شکیل ۶۶؍اور عبداللہ شفیق ۵۷؍ رن بناکر نمایاں رہے تھے۔ سلمان آغا۴۵ ، محمد رضوان۱۹، امام الحق ۱۷، بابر اعظم ۱۶؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے۷، سائمن ہارمر نے۲ اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کیا تھا۔