• Wed, 17 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹرو لائن ۲؍ بی اور ۹؍ اس ماہ کے اخیر تک شروع ہونے کا امکان

Updated: December 17, 2025, 3:42 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

میٹرو ’۲؍ بی‘ مانخورد منڈالے کے درمیان اور لائن ۹؍ دہیسر ایسٹ سے میرا بھائندر کو جوڑے گی۔

Passengers crowd to enter the metro station. Picture: INN
میٹرواسٹیشن میں داخل ہونے کے لئے مسافروں کی بھیڑ۔ تصویر: آئی این این
اندھیری میں ڈی این روڈ سے مانخورد منڈالے کے درمیان میٹرو لائن ’۲؍ بی‘ اور دہیسر ایسٹ سے میرا بھائندر میں کاشی گائوں کے درمیان میٹرو لائن ۹؍ کا پہلا مرحلہ ۳۱؍ دسمبر کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ 
میٹرو لائن ۲؍ بی (یلو لائن) کے پہلے مرحلے میں میٹرو خدمات اندھیری (مغرب) میں ڈی این روڈ پر ڈائمنڈر گارڈن اور مانخورد میں منڈالے کے درمیان ۵ء۳؍ کلو میٹر کے ٹریک پر چلائی جائے گی۔
’ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (ایم ایم آر ڈی اے) نے اندھیری کے ڈی این نگر سے کھار کے سرسوت نگر کے درمیان اس لائن کا دوسرا مرحلہ آئندہ گرمیوں میں شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ میٹرو ۲؍ بی کے مکمل منصوبہ میں یہ ۲۳ء۶؍ کلو میٹر طویل لائن ہوگی جس پر ۲۰؍ اسٹیشن ہوں گے۔ ان میں اندھیری، باندرہ کرلا کمپلیکس، کرلا، چمبور اور مانخورد اسٹیشن شامل ہیں جو مشرقی اور مغربی مضافات کو جوڑیں گے۔
واضح رہے کہ میٹرو لائن ۹؍ دراصل میٹرو لائن ۷؍ کا توسیع شدہ حصہ ہے جو ۱۳ء۵۸؍ کلو میٹر طویل ہے اور دہیسر (مشرق) اور میرابھائندر کے درمیان تعمیر کیا گیا ہے۔ اس لائن پر ’پلیٹ فارم اسکرین ڈورس‘ (پی ایس ڈی) نصب نہیں کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی دراصل شیشے کی ایسی دیوار ہوتی ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی شخص ٹریک پر نہیں جاسکتا اور اس میں نصب دروازے صرف اس وقت کھلتے ہیں جب ٹرین پلیٹ فارم پر اس طرح رُک جاتی ہے کہ دروازے کھلنے پر مسافر ٹرین میں داخل ہوسکیں گے یا اس سے باہر آسکیں گے۔ اس طرح کسی مسافر کے ٹریک پر گرنے جیسے حادثات سے حفاظت ہوتی ہے۔
اس سے قبل ۲۰۱۴ء میں گھاٹکوپر سے ورسوا کے درمیان چلائی جانے والی ممبئی کی پہلی میٹرو لائن ۱؍اس طرح سے شروع کی گئی تھی کہ اس میں پی ایس ڈی نہیں تھے، اس کے بعد تعمیر کی گئی تمام میٹرو لائن، بشمول زیر زمین میٹرو ۳؍ میں بھی پی ایس ڈی ہیں۔ان دونوں لائنوں پر ٹرینوں کا ٹرائل رَن جاری ہے اور افسران کے مطابق متعینہ وقت پر انہیں عوام کیلئے شروع کیا جاسکے گا۔ ان لائنوں سے بڑی تعداد میں لوگوں کو ٹریفک جام کے مسئلے سے راحت ملنے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK