ہزاروں مسافر پریشان، گھاٹ کوپر سے ورسوا کے درمیان میٹرو کے اسٹیشنوں پر شدید بھیڑ سے بھگدڑ کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا،ہاربر لائن کی خرابی پیر کو درست کی جا سکی
EPAPER
Updated: July 07, 2025, 11:59 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ہزاروں مسافر پریشان، گھاٹ کوپر سے ورسوا کے درمیان میٹرو کے اسٹیشنوں پر شدید بھیڑ سے بھگدڑ کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا،ہاربر لائن کی خرابی پیر کو درست کی جا سکی
پیر کی صبح ممبئی واسیوں کیلئے آزمائش بھری رہی کیونکہ ممبئی میٹرو وَن اور مونو ریل اور ہاربر لائن میں تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے ان تینوں لائنوں پر خدمات متاثر رہیں اور ہزاروں مسافر پریشان ہوئے۔
میٹرو
اپنی خدمات کو ممبئی کی لوکل ٹرین سے بہتر بتانے والی ممبئی میٹرو کو پیر کی صبح اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب تکنیکی خرابی کے سبب گھاٹ کوپر سے ورسوا کے درمیان چلائی جانے والی ممبئی کی پہلی میٹرو ’بلیو میٹرو‘ جسے ’ممبئی میٹرو وَن‘ بھی کہا جاتا ہے، کے اسٹیشن پر لوکل ٹرین کے اسٹیشنوں کی طرح بھیڑ نظر آئی اور وہاں موجود مسافروں کو خطرہ محسوس ہورہا تھا کہ کہیں بھگدڑ نہ مچ جائے ورنہ جانی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔
گھاٹ کوپر کے میٹرو کے اسٹیشن پر پھنسے مدثر خان نے کہا کہ ’’میٹرو اسٹیشن پر اس قدر بدنظمی تھی کہ بھیڑ بھاڑ کی وجہ سے سانس لینا دشوار ہورہا تھا۔ ہمیں خوف ہورہا تھا کہ کہیں غلطی سے بھگدڑ مچ گئی تو ہماری جان پر بن آئے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ممبئی کی پہلی میٹرو ٹرین ہے جس پر کافی مسافر سفر کرنے لگے ہیں اس لئے ان ٹرینوں کی بوگیوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک وقت میں زیادہ افراد سفر کرسکیں۔
حالات ایسے پیدا ہوگئے تھے کہ چند مسافروں نے سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو ’ٹیگ‘ کرکے پیغام لکھ دیا تھا کہ ’’جلدی کچھ کرو ورنہ یہاں بھگدڑ مچ جائے گی اور جانی نقصان ہوگا۔ میٹرو ٹرین کی بوگیوں اور ٹرینوں، دونوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
مونو ریل
میٹرو ون چلانے کی ذمہ دار ’ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (ایم ایم آر ڈی اے) نے سوشل میڈیا پر میٹرو کے تعلق سے خاموشی اختیار کررکھی تھی۔ بس اتنا بتایا گیا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے میٹرو تاخیر سے چل رہی ہے۔ البتہ مونو ریل کے تعلق سے بھی تکنیکی زبان استعمال کرتے ہوئے بس چھوٹا سا پیغام یہ دیا گیا کہ ’’رولنگ اسٹاک (مونو ریل) میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مونو ریل کی خدمات تاخیر سے چلائی جارہی ہیں اور ٹرینوں کی آمدورفت کے درمیان وقفہ زیادہ بڑھ گیا ہے۔‘‘
اس پیغام میں مزید کہا گیا کہ ’’ہماری ٹیم اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہمیں مسافروں کو پیش آنے والی تکلیفوں پر افسوس ہے اور مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ صبر سے کام لیں اور تعاون کریں۔‘‘
واضح رہے کہ تکنیکی خرابی کے سبب دو مونو ریل کی اسٹیشن پر آمد کے درمیان کا وقفہ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا۔
تاہم مونو ریل انتظامیہ نے تکنیکی خرابی کی اطلاع دینے کے کچھ وقفہ بعد ہی یہ بھی اعلان کردیا تھا کہ ان مسائل کی وجہ سے اسٹیشنوں پر مسافروں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے زائد مونو ریل چلائی جارہی ہیں۔
ہاربر لائن لوکل
اتوار کی شام تقریباً ۴؍ بج کر ۲۰؍ منٹ پر نیرول اسٹیشن کے قریب ’ٹریک ری لئینگ ٹرین‘ (ٹی آر ٹی۔ ریلوے ٹریک ٹھیک کرنے کی والی مشین)پٹری سے اتر گئی تھی۔ اس کی وجہ سے اَپ اور ڈائون دونوں جانب کی لوکل ٹرینیں متاثر ہوئیں۔شام کی بھیڑ بھاڑ کے اوقات میںسینٹرل لائن کی ہاربر لائن پر خدمات متاثر ہونے سے ہزاروں مسافر پریشان ہوگئے۔ اگرچہ اس لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت جاری تھی لیکن ٹرینیں وقت پر نہیں چل رہی تھیں اور ٹرینوں کی آمد کے درمیان وقفہ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا۔رات بھر مرمت کا کام جاری رہنے کے بعد پیر کی صبح ۵؍ بج کر ۶؍ منٹ پر ہاربر لائن کے اس حصہ پر پہلی لوکل ٹرین چلائی گئی۔اس کے بعد ۶؍ بج کر ۲؍ منٹ پر پنویل سے سی ایس ایم ٹی کیلئے پہلی ٹرین روانہ کی گئی جس سے پوری لائن ٹھیک ہوجانے کا اشارہ ملا تاہم وسئی اور بیلا پورکے درمیان پہلی ٹرین ۶؍ بج کر ۹؍ منٹ پر چلائی گئی۔