دفاعی چمپئن کارلوس الکاراز نے سنسنی خیز میچ میں روبیلوو کو شکست دی۔ خواتین کی ٹاپ سیڈیافتہ ارینا سبالینکا نے ایلیز مارٹینز کو مات دی۔
EPAPER
Updated: July 08, 2025, 11:23 AM IST | Agency | London
دفاعی چمپئن کارلوس الکاراز نے سنسنی خیز میچ میں روبیلوو کو شکست دی۔ خواتین کی ٹاپ سیڈیافتہ ارینا سبالینکا نے ایلیز مارٹینز کو مات دی۔
دفاعی چمپئن کارلوس الکاراز نے ایک سنسنی خیز مقابلہ کرتے ہوئے آندرے روبیلوو کو شکست دی اور ومبلڈن کے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنائی جبکہ خواتین کی ٹاپ سیڈیافتہ ارینا سبالینکا نے اتوار کو ایلیز مارٹینز کے خلاف سیدھے سیٹوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھی۔
الکاراز۱۴؍ویں سیڈیافتہ روبیلووکے خلاف پہلا سیٹ ہار گئے لیکن انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے۷۔۶، ۳۔۶، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے کامیابی حاصل کی۔ ۲۲؍سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں اہم بریک پوائنٹس حاصل کیے اور چوتھے سیٹ میں ایک اور بریک کے ساتھ میچ اپنے نام کیا۔
الکاراز نے ، جو مسلسل تیسرے ومبلڈن ٹائٹل کی جانب گامزن ہیں، نے کہا کہ ’’ایک پوائنٹ میچ کو مکمل طور پر بدل سکتا ہے۔ آپ کو ہر وقت مضبوط رہنا ہوتا ہے، ذہنی طور پر مستحکم ہونا پڑتا ہے ۔‘‘وہ اگلے میچ میں کیمرون نوری سے مقابلہ کریں گے، جنہوں نے چلی کے نکولس جیری کو ۵؍ سیٹوںکے میراتھن مقابلے میں۳۔۶، ۶۔۷، ۷۔۶، ۷۔۶، ۳۔۶؍سے شکست دے دی۔ خیال رہے کہ پانچویں سیڈیافتہ ٹیلر فرِٹز نے ومبلڈن میں اپنی بہترین کارکردگی کو دُہرایا جب اُن کے حریف جارڈن تھامپسن انجری کے باعث مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔
عالمی نمبر ایک سبالینکا نےمارٹینز کے سخت چیلنج پر قابو پاتے ہوئے۴۔۶، ۶۔۷؍ سے کامیابی حاصل کی اور آخری ۸؍ میں جگہ بنائی۔ بیلاروس کی سبالینکا، خواتین کے ڈرا میں باقی رہ جانے والی واحد ٹاپ۶؍ سیڈ کھلاڑی ہیں، اب جرمنی کی۳۷؍ سالہ لوراسیگیمونڈ سے مقابلہ کریں گی، جنہوں نے لکی لوزر سولانا سیئیرا کے شاندار سفر کا اختتام۳۔۶، ۲۔۶؍ کی جیت سے کیا۔ امریکی کھلاڑی امانڈا انیسی مووا نے سخت مقابلے کے بعد لنڈا نوژکووا کو۲۔۶، ۷۔۵، ۴۔۶؍ سے شکست دے کر اپنے خطاب کی امیدوں کو مزید مضبوط کیا۔ ۱۳؍ویں سیڈیافتہ انیسی مووا کا اگلا مقابلہ اناستاسیا پاولیوچینکوا سے ہوگا، جنہوں نے دن کے اوائل میں برطانیہ کی سونائے کارٹل کو ہرایا۔