وزارت داخلہ نے اَن لاک۴؍ سےمتعلق رہنما ہدایات جاری کیں،سماجی، تعلیمی، کھیل، ثقافتی، مذہبی اور سیاسی تقریبات میں ۱۰۰؍ افراد کی مشروط شرکت کی اجازت
EPAPER
Updated: August 30, 2020, 9:41 AM IST | Agency | New Delhi
وزارت داخلہ نے اَن لاک۴؍ سےمتعلق رہنما ہدایات جاری کیں،سماجی، تعلیمی، کھیل، ثقافتی، مذہبی اور سیاسی تقریبات میں ۱۰۰؍ افراد کی مشروط شرکت کی اجازت
کورونا وبا کی وجہ سے تقریباً ۵؍ مہینوں سے بند پڑی میٹرو سروس ملک میں آئندہ ۷؍ ستمبر سے ایک بار پھرسے شروع ہو گی حالانکہ اسکول، کالج، دیگر تعلیمی اور کوچنگ ادارے ۳۰؍ستمبر تک بند رہیں گے۔مرکزی وزارت داخلہ نے کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں مختلف مراحل میں نافذ کی گئی پابندیوں کو ختم کرنے کے سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے سنیچر کو اَن لاک۴؍ متعلق رہنما ہدایات جاری کیں۔
ان گائیڈ لائنس میں دہلی میٹرو کو مختلف شرائط اور پروٹوکول کے ساتھ۷؍ستمبر سے مرحلہ وار طریقہ سے چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ پروٹوکول اور شرائط و ضوابط رہائش اور شہری امور کی وزارت، ریلوے وزارت اور مرکزی صحت اور خاندانی فلاح وبہبود وزارت آپس میں صلاح و مشورہ کرکے طے کریں گی۔اسکول، کالج اوردیگر تعلیمی اور کوچنگ اداروں کو ریاستوں اورمرکز کے زیرانتظام علاقوں کے ساتھ صلاح ومشورہ کی بنیاد پر ۳۰؍ ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئی رہنما ہدایات میں۲۱؍ستمبر سے سماجی، تعلیمی، کھیل، ثقافتی، مذہبی اور سیاسی انعقاد کی اجازت دی گئی لیکن ان میں صرف۱۰۰؍لوگ شامل ہوسکیں گے۔تینوں وزارتیں مشترکہ طورپر میٹرو خدمات کو چلانے کے لئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار تیار کریں گی۔رہائش اور شہری امور کی وزارت آپریٹنگ طریقہ کار جاری کرے گی۔وزارت داخلہ کی طرف سے سنیچر کو جاری کردہ رہنما ہدایات یکم ستمبر سے نافذ ہوں گی۔