Updated: June 29, 2026, 10:00 PM IST
| Mexico City
میکسیکو کے شہر لاگوس ڈی مورینو میں ’میکسیکن بیٹ مین‘ موٹر سائیکل چوروں کو پکڑ کر انہیں ٹیپ کی مدد سے گلی کے کھمبوں سے باندھ دیتا ہے اور ان کی پیشانی پر ہسپانوی لفظ ”ratero“ لکھ دیتا ہے، جس کا مطلب چور ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ شخص کوئی مقامی رہائشی ہے جو علاقے میں موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے جواب میں یہ کارروائیاں کر رہا ہے۔
”میکسیکن بیٹ مین“ کے ذریعے پکڑے گئے ’چور۔‘ تصویر: ایکس
انٹرنیٹ پر ”میکسیکن بیٹ مین“ (Mexican Batman) کے نام سے وائرل ہونے والا ایک شخص میکسیکو کے صوبے جالسکو کے شہر لاگوس ڈی مورینو میں موٹر سائیکل چوروں کو پکڑ رہا ہے اور انہیں ٹیپ کی مدد سے گلی کے کھمبوں سے باندھ دیتا ہے۔ وہ اپنے نشان کے طور پر ان موٹر سائیکل چوروں کے چہروں پر بلی کی مونچھیں بنا دیتا ہے اور ان کی پیشانی پر ہسپانوی لفظ ”ratero“ لکھ دیتا ہے، جس کا مطلب چور ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ شخص کوئی مقامی رہائشی ہے جو علاقے میں موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے جواب میں یہ کارروائیاں کر رہا ہے۔
”میکسیکن بیٹ مین“ مبینہ جرائم کی تفصیلات گلابی اور پیلے رنگ کے کاغذوں پر لکھ کر بندھے ہوئے افراد کے اوپر لٹکا دیتا ہے اور ثبوت کے طور پر چوری شدہ بائیک بھی پاس ہی رکھ دیتا ہے۔ ان میں سے کئی افراد کی پٹائی بھی کی گئی ہے۔ ایک شخص کی حالت تو خاصی خراب پائی گئی۔ اس ”انصاف پسند مہم“ کے باوجود، پولیس اس شخص کو مجرم اور کھمبے سے بندھے ہوئے مردوں کو مظلوم (متاثرہ فریق) کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دوحہ: ایک چور نے فلسطینی خاتون کا چوری شدہ بیگ معافی نامہ کے ساتھ واپس کردیا
رپورٹس کے مطابق، اس طرح کا پہلا معاملہ ۱۳ جون کو سامنے آیا جب ایک نوجوان کو کھمبے سے بندھا ہوا پایا گیا اور اس کے اوپر گتے کا ایک سائن بورڈ لگا تھا جس پر درج متن میں اس نوجوان پر چوری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کے دنوں میں، شہر میں ٹیپ سے بندھے ہوئے مزید افراد کے معاملات سامنے آئے۔
اسٹیٹ سیکوریٹی سیکریٹری جوآن پابلو ہرنانڈیز نے تصدیق کی ہے کہ حکام نے اب تک ایسے پانچ معاملات کی شناخت کی ہے۔ پولیس ابھی تک اس شخص کی تلاش میں ہے۔ انہوں نے دو ایسی گاڑیوں کی نشان دہی کر لی ہے جو ان واقعات سے جڑی ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اٹلی: روم میں’’ ویسپا‘‘ اسکوٹر کی ۸۰؍ ویں سالگرہ، ہزاروں سواروں کی ریلی میں شرکت
پڑوسی ریاست میں خواتین بھی میدان میں اتریں
ایک الگ معاملے میں، قریبی ریاست میکوآکان (Michoacán) میں خواتین بھی قانون ہاتھ میں لے رہی ہے۔ چند خواتین نے جالسکو نیو جنریشن کارٹیل (منشیات فروش گروہ) سے تحفظ کیلئے خود کو اسالٹ رائفلوں سے لیس کر لیا ہے اور حالیہ ہفتوں میں کئی لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان خواتین نے مسلح بدمعاشوں سے اپنا دفاع کرنے کیلئے ایک دیسی ٹینک بنایا ہے اور سڑکوں پر ناکہ بندی کر دی ہے۔