عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے دنیا بھر سے تقریباً۹؍ ہزار ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کر دیا جو۲۰۲۳ء کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی برطرفی تصور کی جا رہی ہے۔
EPAPER
Updated: July 04, 2025, 11:49 AM IST | Agency | Washington
عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے دنیا بھر سے تقریباً۹؍ ہزار ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کر دیا جو۲۰۲۳ء کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی برطرفی تصور کی جا رہی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے دنیا بھر سے تقریباً۹؍ ہزار ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کر دیا جو۲۰۲۳ء کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی برطرفی تصور کی جا رہی ہے۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ میں کمپنی کو مزید مؤثراور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، یہ برطرفیاں مائیکروسافٹ کی مجموعی عالمی افرادی قوت کا تقریباً۴؍فیصد حصہ بنتی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ فیصلہ۲؍جولائی۲۰۲۵ء کو کیا گیا اور یہ حالیہ مہینوں کے دوران کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تیسری مرحلہ وار بر طرفی ہے۔ مائیکروسافٹ کے ترجمان نے کہا کہ ہم تنظیمی تبدیلیاں لا رہے ہیں تاکہ کمپنی اور اس کی ٹیمیں جدید، متحرک اور مسابقتی مارکیٹ میں بہتر طور پر کامیاب ہو سکیں۔مائیکروسافٹ کے گیمنگ ڈویژن کے سی ای او فِل اسپینسر نے اپنے شعبے کے ملازمین کو بھیجے گئے ایک میمو میں لکھا کہ گیمنگ کے شعبے میں دیرپا کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ہم مخصوص علاقوں میں کام کو محدود کریں یا بند کر دیں اور انتظامی سطحوں کو کم کر کے کارکردگی کو بڑھائیں۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے اس بڑے پیمانے پر عملہ کو کم کرنے کا ایک اہم سبب کمپنی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا تیزی سے بڑھتا ہوا استعمال بھی ہے۔
کمپنی کے سی ای او ستیہ نڈیلا پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ مائیکروسافٹ کا تقریباً ۲۰؍ سے۳۰؍ فیصد سافٹ ویئر کوڈ اب اے آئی کے ذریعے تیار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کی کمپنی مائیکروسافٹ اے آئی انفراسٹرکچر میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کر رہی ہے۔