Inquilab Logo

وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب ای ڈی کے سامنے پیش،تعاون کا یقین دلایا

Updated: September 29, 2021, 7:48 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کے ذریعہ سابق ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف درج کردہ کیس کے سلسلہ میں بھیجے گئے سمن پر بالآخر وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب نے حاضر ہو کر اپنا بیان درج کرایا

Anil Prabhu talking to reporters before attending the ED`s office. (PTI)
ای ڈی کے دفتر میں حاضری سے قبل انل پرب نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی)

 انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کے ذریعہ سابق ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف درج کردہ کیس کے سلسلہ میں بھیجے گئے سمن پر بالآخر وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب نے حاضر ہو کر اپنا بیان درج کرایا  ۔ اس سے قبل۲؍ ماہ کے درمیان ۲؍ مرتبہ جب ای ڈی نے سمن جاری کیا تھا تو انل پرب نے مصروفیات کے سبب حاضر ہونےسے معذر ت کرلی تھی جبکہ سنیچر کو تفتیشی ایجنسی نے دوبارہ سمن جاری کرتے ہوئے منگل کو بیان درج کرنے کیلئے  انل پرب کو طلب کیا تھا ۔انل پرب شام۷؍بجے بیان درج کراکر باہر آئے۔
 منگل کو جنوبی ممبئی کے بیلارڈ پیئر پر واقع ای ڈی کے دفتر میں صبح ۱۱ ؍بجے داخل ہونے سے قبل ۵۶؍ سالہ انل پرب نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ ایجنسی کی تفتیش میں ہرممکن تعاون کریں گے ۔ انہوںنے ذرائع ابلاغ کے پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ میں آج ایجنسی کے جاری کردہ سمن پر اپنا بیان درج کرنے کے لئے حاضر ہوا ہوں ۔ ہر چندکہ مجھے اب تک اس بات کا علم نہیں ہے کہ ای ڈی نے مجھے کیوں طلب کیا ہے لیکن میں اپنی بیٹی اور آنجہانی شیوسینا چیف کی قسم کھاتا ہوں کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اور اس لئے میں آج یہاں ایجنسی کے روبرو حاضر ہوا ہوں۔‘‘
 واضح رہے کہ  انل دیشمکھ کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس کی جانچ کے لئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اب تک ۳؍ بار انل پرب کو سمن جاری کر چکی ہے ۔ پہلا سمن ۳۱؍ اگست کو جاری کیا گیا تھا ۔ یہ بھی واضح رہے کہ انل دیشمکھ پر ۱۰۰؍ کروڑ ہفتہ وصولی کے لگائے گئے الزام کے بعد۲؍ مرکزی ایجنسیاں سی بی آئی اور ای ڈی دونوں ہی مختلف زاویہ اور الزامات کی بنیاد پر کیس کی تفتیش کررہی ہیں۔ اب تک ای ڈی نے اس معاملہ میں نہ صرف انل دیشمکھ کے پرسنل اسسٹنٹ اور پرسنل سیکریٹری کو گرفتار کیا ہے بلکہ ممبئی ، ناگپور سمیت کئی مقامات پر چھاپہ مار کارروائی  بھی کی ہے ۔ اس کے علاوہ ۵؍ مرتبہ انل دیشمکھ کو سمن جاری کرچکی ہے لیکن سابق وزیر  داخلہ ایک بار بھی ایجنسی کے روبرو حاضر نہیں ہوئے ہیں بلکہ اس جانچ کے خلاف بامبے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔یہ بھی واضح رہے کہ ای ڈی نے انل پرب کو اس لئے بھی طلب کیا ہے کیونکہ ممبئی فورس سے معطل کئے جانے والے افسر سچن وازے نے انل پرب پر بھی کروڑوں روپے ہفتہ مانگنے اور وصول کرنے کا الزام لگایاتھا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK