مذہبی نعرے لگائے گئے ،شرپسندوں نے پولیس سے ہاتھاپائی کی تو ہلکالاٹھی چارج کیا گیا،ایف آئی آر درج
EPAPER
Updated: June 29, 2023, 1:00 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai
مذہبی نعرے لگائے گئے ،شرپسندوں نے پولیس سے ہاتھاپائی کی تو ہلکالاٹھی چارج کیا گیا،ایف آئی آر درج
یہاں جے پی انفراکی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک مسلم خاندان کو قربانی کا بکرا لانے پر سوسائٹی اراکین کی جانب سے زبردست ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیکڑوں افراد بلڈنگ کے احاطے میں جمع ہو گئے اور نعرے بازی کرنے لگے۔ پولیس نے وہاں پہنچ کر بڑی مشقت کے بعد حالات کو قابو میں کیا ۔
مشتعل افراد نے زبردست ہنگامہ کیا اور رات بھربلڈنگ کے احاطے میں کھڑے رہے۔ جے شری رام کے نعرے لگائے گئے، ہنومان چالیسا پڑھا گیا ۔ پولیس نے سمجھانے کی کوشش کی کوشش کی تو ان کے ساتھ ہاتھا پائی کی گئی جس پرپولیس نے ہلکا لاٹھی چارج کیا ۔ مظاہرین بکرے کو فلیٹ سے نکالنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ موقع پر موجود ڈپٹی پولیس کمشنر جینت بجبلے نے لوگوں کو سمجھایا کہ ابھی صرف بکرا لایا گیا ہے، قربانی بلڈنگ میں نہیں ہوگی ۔ اگر قربانی ہوئی تو محسن کو گرفتار کریں گے ۔جے پی انفرا میں رہنے والے محسن خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خریداری کرکے جب منگل کی شام اپنے گھر آئے تو بلڈنگ کے دروازے پر ہی سیکوریٹی گارڈز نے ان کی گاڑی روک دی پھر بلڈنگ کے احاطے میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے اور ان کی اہلیہ کے ساتھ مارپیٹ کی جس کی شکایت انہوں نے رات ۳؍ بجے کاشی میرا پولیس اسٹیشن میں درج کرائی۔
دریں اثناءمتعدد نیوز چینلوں نے خبر دی ہے کہ میرا روڈ کی نجی ہاؤسنگ کالونی ایسٹیلا کے رہائشی محسن خان اپنے فلیٹ میں قربانی کیلئے بکرے لائے تھے۔ یہ سچ نہیں ہے۔وہ جانوروں کو بقرعید تک اپنے فلیٹ میں رکھنے کیلئے لائے تھے۔ نہ فلیٹوں میں اور نہ ہی سوسائٹی کے اندر۔ جے پی انفرا ہاؤسنگ سوسائٹیوں (ایلارا، ایسٹیلا اور ایٹریا) کے مکین بقرعید سے دو تین دن پہلے بکروں/بھیڑوں کو (قربانی کیلئے نہیں) رکھنے کیلئے ایک مخصوص جگہ چاہتے تھے۔ انہیں گزشتہ ۲؍برس سے بلڈر کی جانب سے جگہ فراہم کی جا رہی تھی۔ جب جے پی انفرا اور سوسائٹی دونوں نے انہیں بکرے رکھنے کیلئے جگہ دینے سے انکار کر دیا تو کچھ لوگ اپنے جانوروں کو اپنی رہائش گاہ پر لے گئے تاکہ عید تک جانوروں کو فلیٹ میں رکھا جا سکے (قربانی کیلئے نہیں)۔ ایلارا اینڈ ایسٹیلا سوسائٹی کے مکینوں اور جے پی انفرا کے سوسائٹی گروپ کے ساتھ یہ ای میل گفتگو ہوئی۔ جب جے پی بلڈر اور سوسائٹی کی جانب سے جانوروں کو رکھنےکیلئے مخصوص جگہ نہیں ملی تو محسن خان جانوروں کو اپنے فلیٹ میں لے آئے۔