Updated: September 11, 2025, 6:02 PM IST
| Abu Dhabi
منگل کو قطر میں حملے کے بعد یو اے ای نے آئندہ ماہ دبئی میں ہونے والی دفاعی کانفرس میں اسرائیل پر پابندی عائد کردی ہے۔ تاہم، اس ضمن میں باقاعدہ کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا ہے البتہ اسرائیل کی جانب سے شریک ہونے والے افراد کو نوٹس بھیجا گیا ہے کہ وہ اس کانفرس میں شرکت نہ کریں۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کو آئندہ ماہ دبئی میں ہونے والی دفاعی کانفرنس میں شرکت سے روک دیا ہے۔ اسرائیلی روزنامہ يديعوت أحرونوت کے مطابق اسرائیل کی وزارت دفاع کو مطلع کیا گیا تھا کہ کمپنیوں کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، اس فیصلے کے ساتھ صنعت کے ایگزیکٹوز کو بھی براہ راست مطلع کیا گیا تھاجبکہ سرکاری وضاحتوں میں سیکوریٹی خدشات کا حوالہ دیا گیا۔ سینئر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ اقدام منگل کو قطری دارالحکومت دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے کے جواب میں ہے۔
مبینہ پابندی کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کو اسرائیل نے قطری سرزمین پر اپنا پہلا حملہ کیا، جس میں دوحہ میں حماس کے سیاسی لیڈروں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ خلیجی ریاست مصر اور امریکہ کے ساتھ مل کر بالواسطہ جنگ بندی مذاکرات کی میزبانی کر رہی تھی۔ قطر نے اس حملے کو ’’بزدلانہ فعل‘‘ اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انتباہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ’’لاپروا رویے‘‘ کو برداشت نہیں کرے گا۔
حماس نے بعد میں تصدیق کی کہ اس کی سیاسی قیادت اسرائیلی فضائی حملے میں بچ گئی جس میں گروپ کے پانچ ارکان مارے گئے تھے۔