Inquilab Logo

ایم ایل سی الیکشن :ایکناتھ کھڑسے کو بی جے پی کے اُس ایم ایل اے کا ووٹ ملے گا

Updated: June 18, 2022, 1:17 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

جلگائوں ضلع کا سیاسی ماحول گرم ہے ، قیاس آرائی ہے کہ یہاں کے بی جے پی کے دو ایم ایل ایزانتخاب میں کھڑسے کا ساتھ دے سکتے ہیں

Eknath Khadse.Picture:INN
ایکناتھ کھڑسے۔ تصویر: آئی این این

  قانون ساز کونسل (ایم ایل سی ) کے انتخابات کے تئیں سیاسی اتھل پتھل تیزی سے جاری ہے۔ سپریم کورٹ نے نواب ملک اور انیل دیشمکھ کورائے دہی کا حق دینے  سے انکار کر دیا ہے ۔ادھر دوسری جانب این سی پی نے ایکناتھ کھڑسے کو قانون ساز کونسل کے لئے  امیدوار نامزد کیا ہے۔ انہیں کامیاب ہونے کیلئے ۳؍سے ۴؍ ووٹ درکار ہیں۔ بھساول سے بی جے پی ایم ایل اے سنجے ساوکرےاور جلگائوںشہر سے بی جے پی کے ایم ایل اے سریش بھولے ایکناتھ کھڑسے کے قریب ہیں، اس لئے سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں ہیں کہ کھڑسے کو ان کا ووٹ ملنے کا امکان ہے۔ایم ایل سی الیکشن کو آج ( ۱۸؍جون) سے دو دن کا وقت  باقی  ہے ۔ان حالات میں اس طرح کی قیاس آرائیوں  سے سیاسی ماحول گرم ہو چکا ہے ۔ جمعہ کو جلگائوں میںضلع کلکٹر دفتر میں واقع ضلع ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی کمیٹی کا اجلاس تھا ۔جس میں ضلع کے تمام ایم ایل ایز اور کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی، میٹنگ کے بعد بھساول کے ایم ایل اے سنجے ساوکرے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ پارٹی کے خلاف ووٹنگ کے  ایک سوال کے جواب میں  انہوں  نے کہا کہ ’’جس  نیوز چینل نے یہ  خبر نشر کی اس سے پوچھ جائے کہ اسے کس حوالے سے یہ خبر ملی ،میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ذمہ دار ایم ایل ا ے ہوں ،کھڑسے سے سبھی پارٹیوں کے ایم ایل ایز کے اچھے تعلقات ہیں ،اب وہ الگ پارٹی میں ہیں، میں الگ پارٹی میں ہوں ،میں پارٹی کے حکم پر اپنا ووٹ کروں گا ‘‘اس بیان کے باوجود سیاسی حلقوں  میں اب بھی کہا جارہا ہےکہ ان کا یہ کہنا کہ ’’پارٹی  مجھے جو کہے گی وہ میں کروں گا‘‘ اس سے سسپنس  برقرار ہے۔  ایم ایل اے شریش بھولے عرف راجو ماما بھولے کا ووٹ بھی کھڑسے کو ملنے کا امکان ہے،جب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے  بھولے سے اس بابت استفسار کیا تو انہوں نے طنزیہ لہجےمیںکہا’’ کچھ خیر خواہ  ہوتے ہیں جو کسی کو کسی بھی طریقے سے بدنام کرتے ہیں ،سیاست میں یہ کوئی نئی بات  نہیں  ،میں پارٹی کاذمہ دار اور وفادار ہوں ،کوئی میری وفاداری پر شک نہ کرے ۔‘‘ ادھر دوسری جانب یہ بھی بحث ہے کہ جلگاؤں ضلع اس وقت سابق وزیر گریش مہاجن اور این سی پی لیڈر ایکناتھ کھڑسے کے درمیان ضلعی قیادت اور خود کو بڑا لیڈر بتانے کی دوڑ شروع ہیں ،اسی بات کا اصل امتحان قانون ساز کونسل کے انتخابی میدان میں دیکھا جارہا ہے ۔کیونکہ ایکناتھ کھڑسے کے بی جے پی سے این سی پی میں شامل ہونے کے بعد گریش مہاجن نے ضلع میں بی جے پی کی قیادت سنبھالی ہے۔ ضلع میں بی جے پی کے فیصلے ان کے ذریعے ہوتے ہیں۔انہوں نے جلگاؤں میونسپل کارپوریشن الیکشن میں پارٹی کی قیادت کی اور پارٹی کا جھنڈا بھی لہرایا۔ اب جبکہ  ایم ایل سی الیکشن اور اسکے بعد بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ اس باران دونوں ہی الیکشن میں بی جے پی اور این سی پی آمنے سامنے ہیں۔ اس سے بی جے پی کے گریش مہاجن اور این سی پی کے ایکناتھ کھڑسے کی قیادت کا امتحان ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK