Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم ایم سی انتخابات : ۷۰؍ہزار ووٹروںکو نااہل قراردینے سے انتخابی عمل متاثر

Updated: March 22, 2025, 10:03 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ڈاکٹروں کی مختلف تنظیموں کا انتخابات کوملتوی کرنے کا مطالبہ، ہائی کورٹ کی ۳؍اپریل کو پولنگ کی ہدایت

MMC elections will be held in every district of the state on April 3.
۳؍ اپریل کو ریاست کے ہرضلع میں ایم ایم سی کے انتخابات ہوںگے۔

مہاراشٹر میڈیکل کونسل( ایم ایم سی ) کے انتخابات کیلئے ۷۰؍ ہزار رائے دہندگان کو نااہل قرار دینے سے انتخابی عمل کےمتاثرہونےسے تقریباً ۳۵؍ہزارڈاکٹروں کے ووٹنگ سے محروم رہ جانے کا خدشہ ہے ۔ ڈاکٹروں کی مختلف تنظیمیں انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہی تھیںلیکن ریاستی حکومت کی اپیل پر ہائی کورٹ نے ۳؍اپریل کو پولنگ کرنےکی ہدایت دی ہے۔واضح رہےکہ ایم ایم سی کا انتخابی عمل ،جو دو سال سے ایک منتظم کے ماتحت کام کر رہا ہے، اس کے اعلان کے بعد ہی  سے تنازعات میں گھرا ہوا ہے۔ ڈاکٹروں کی مختلف تنظیمیں، انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے  ۷۰؍ہزار ڈاکٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کئے جانے کے باعث انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہی تھیںلیکن الیکشن حکام کی جانب سے اس کو نظر انداز کرتے ہوئے انتخابات کو عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ایم ایم سی قوانین کے مطابق رجسٹریشن کے دوران دیئے گئے پتے پر ووٹ ڈالنا لازمی ہے۔ اس اصول کی وجہ سے ریاست کے ۱۰؍ہزار ریسیڈنٹ ڈاکٹروں سمیت تقریباً ۳۵؍ہزارڈاکٹر ووٹنگ سے محروم ہو جائیں گے۔ اس میں ریاست کے مختلف میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں کام کرنے والے ۱۰؍ ہزار  ریسیڈنٹ ڈاکٹرز اور تقریباً ۲۵؍ہزارمیڈیکل آفیسرز شامل ہیں جو ضلع میں ڈیوٹی پر ہیں۔
 دریں اثناء ریاستی حکومت کی جانب سے جمعہ کو ہائی کورٹ میں پیش کی گئی اپیل میں کہاگیاہے کہ ایم ایم سی گورننگ باڈی کے آئندہ انتخابات کے شیڈول میں آخری لمحات میں تبدیلیاں کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے ۳؍اپریل کو ہر ضلع میں ایک ہی جگہ پر پولنگ اسٹیشن منعقد کرنے کی منظوری دے دی۔
 ایم ایم سی کے ساتھ رجسٹر ہوتے وقت، ڈاکٹر اپنے اصل پتہ پر رجسٹر ہوتے ہیںلیکن رہائشی ڈاکٹروں کو پوسٹ گریجویٹ تعلیم اور مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے کسی دوسرے ضلع یا حتیٰ کہ کسی غیر ملکی ریاست میں جانا پڑتا ہے۔ ریاست میں تقریباً ۱۰؍ہزار ریسیڈنٹ ڈاکٹرز ہیں اسی طرح ۲۵؍ہزار ڈاکٹر جو طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں دوسرے اضلاع یا ریاستوں میں سرکاری ملازمتوں اور طبی مشق کیلئے کام کر رہے ہیں۔ میڈیکل کالجوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کا زیادہ تر بوجھ ریسیڈنٹ ڈاکٹروں پر ہوتا ہے۔ انہیں ۲۴؍ گھنٹے مریضوں کی دیکھ بھال فراہم کرنے کیلئے بھی تیار رہنا ہوتاہے۔ ایم ایم سی کے انتخابات ۳؍اپریل کو ہیں، اس دن عام تعطیل نہیں ہے۔ اس لئےپڑوسی اضلاع میں مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے ریسیڈنٹ ڈاکٹروں سمیت ۳۵؍ہزار ڈاکٹرز پولنگ کے دن ووٹ ڈالنے کیلئے اپنے ضلع میں نہیں جا سکیں گے۔ایم ایم سی انتخابات میں، جسمانی طور پر پولنگ اسٹیشن پر جا کر ووٹ ڈالنا لازمی ہے۔ اس الیکشن کیلئے ہر ضلع میں ایک پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ ووٹنگ کیلئے پوسٹل ووٹنگ اور ٹینڈر ووٹنگ جیسی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK