Inquilab Logo

راج ٹھاکرے نے پارٹی کا نیا جھنڈا لانچ کیا

Updated: January 23, 2020, 12:06 PM IST | Mumbai

شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کے یوم ولادت پر مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس یا منسے) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے آج پارٹی کا نیا جھنڈا لانچ کیا۔جمعرات کو گوریگاؤں کے نیسکو گراؤنڈ میں پارٹی کارکن کی موجودگی میں راج ٹھاکرے نے نیا جھنڈا پیش کیا۔ مہا ادھیویشن پر راج ٹھاکرے کے ساتھ ان کی بیوی شرمیلا ٹھاکرے اور بیٹا امیت ٹھاکرے کے سمیت خاندان کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

راج ٹھاکرے نیا جھنڈا لانچ کرتےوقت۔ تمام تصاویر: آئی این این
راج ٹھاکرے نیا جھنڈا لانچ کرتےوقت۔ تمام تصاویر: آئی این این

ممبئی: شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کے یوم ولادت پر مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس یا منسے) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے آج پارٹی کا نیا جھنڈا لانچ کیا۔جمعرات کو گوریگاؤں کے نیسکو گراؤنڈ میں پارٹی کارکن کی موجودگی میں راج ٹھاکرے نے نیا جھنڈا لہرایا۔ مہا ادھیویشن پر راج ٹھاکرے کے ساتھ ان کی بیوی شرمیلا ٹھاکرے اور بیٹا امیت ٹھاکرے کے سمیت خاندان کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ نیا جھنڈا ایم این ایس کی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی جانب اشارہ کررہا ہے جس کا اعلان آج شام تک کیا جائے گا۔ جھنڈے کا رنگ مکمل طورپر زعفرانی ہے جس پر ’راج مدرا‘ کا اسٹمپ ہے۔ یہ اسٹمپ چھترپتی شیواجی مہاراج کے دور میں استعمال کیا جاتا تھا۔ایم این ایس نے اس جھنڈے سے ہندوتوا نظریے کی جانب کی اشارہ کیا ہے۔ اسٹیج پر ونائک دامودر ساورکر، جو ہندوتوا نظریات کے حامی تھے، کے علاوہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، ساوتری بائی پھلے، شیواجی مہاراج اور پربودھانکر کارے کے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ایم این ایس گزشتہ چند انتخابات میں بری طرح شکست سے دوچار ہوئی ہے۔ حال ہی میں ہونے والے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں پارٹی، صرف ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کرسکی تھی۔ وہ سیٹ کلیان حلقے کی تھی۔ زعفرانی رنگ کے جھنڈے کے ساتھ ایم این ایس مہاراشٹر کی سیاست میں نیا موڑ لانا چاہتی ہے۔ پارٹی کے لیڈران کا کہنا ہے کہ اس سے ایم این ایس کے کارکنان میں نیا جوش پیدا ہوگا۔ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے نے اپنی پارٹی ۲۰۰۶ء میں لانچ کی تھی، اس وقت پارٹی کا جھنڈا ۳؍ رنگوں، زعفرانی، نیلا اور سبز تھاجو یہ ظاہر کرتا تھا کہ ایم این ایس مہاراشٹر کے ہندوؤں، دلتوں اور مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ 
چند باتیں ’راج مدرا‘ کے بارے میں
راج مدرا ایک مستند ڈاک ٹکٹ یا رائل سیل ہے جسےچھترپتی شیواجی مہاراج اپنے خطوط اور آرڈیننس میں استعمال کرتے تھے۔ مہاراشٹر میں ایسے ہزاروں خطوط ہیں جن پر راج مدرا چھپی ہوئی ہے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ راج مدرا شیواجی مہاراج کو ان کے والد شاہ جی راجے بھوسلے نے اس وقت دی تھی جب انہوں نے جیجا بائی اورنو جوان شیواجی کو پونے کی جاگیر سنبھالنے کیلئے بھیجا تھا۔ راج مدرا کے اسٹمپ کے ساتھ لکھا ہوا پہلا خط ۱۶۳۹ء کا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK