و زیر اعظم نریندر مودی نے ملاقات کے بعد کہا کہ جارجیا میلونی کی قیادت میں ہندوستان اور اٹلی کے تعلقات کو نئی رفتار، نئی سمت اور نیا اعتماد حاصل ہوا ہے۔
میلونی اور مودی۔ تصویر:پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دو روزہ دورۂ اٹلی میں اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں لیڈروں نے ہندوستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان کیا۔ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ تقریباً ساڑھے ۳؍ برس کے دوران انہیں کئی مرتبہ وزیر اعظم میلونی سے ملاقات کا موقع ملا جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون، اعتماد اور ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جارجیا میلونی کی قیادت میں ہندوستان اور اٹلی کے تعلقات کو نئی رفتار، نئی سمت اور نیا اعتماد حاصل ہوا ہے۔وزیر اعظم مودی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیتے ہوئے ’’خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق اس نئی شراکت داری کے تحت دفاع، تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی، مینوفیکچرنگ اور اختراعات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لا کر عالمی سطح پر نئی مثال قائم کر سکتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں لیڈروں نے عالمی اور علاقائی صورتحال، اقتصادی تعاون، دفاعی اشتراک، مصنوعی ذہانت، گرین انرجی اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے جیسے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سیاسی مبصرین کے مطابق ہندوستان اور اٹلی کے تعلقات کو ’خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری‘‘ تک لے جانا دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور عالمی سطح پر مشترکہ مفادات کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
دریں اثناء بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی نےروم میں اٹلی کے صدر سرجیو مٹاریلا سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔اس ملاقات کے بعد مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے صدر مٹاریلا کے ساتھ متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق بات چیت کی ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’میں نے روم میں صدر سرجیو مٹاریلا سے ملاقات کی۔ ہم نے ہندوستان اور اٹلی کے درمیان دوستانہ تعلقات سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی روابط شامل ہیں۔ ہم نے اس بات پر بھی غور کیا کہ دونوں ممالک اے آئی (مصنوعی ذہانت)، اہم معدنیات، خلائی تحقیق اور جوہری توانائی جیسے جدید شعبوں میں باہمی تعاون کو کس طرح مزید وسعت دے سکتے ہیں۔
صدر مٹاریلا سے ملاقات کے بعد مودی اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے جس کے بعد ان کا وطن واپس لوٹنے کا پروگرام ہے۔