• Tue, 09 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مودی کا نہرو پر حملہ جواب میں پرینکا کے سخت سوال

Updated: December 08, 2025, 11:45 PM IST | New Delhi

پوچھا کہ کیا حکومت میں  بیٹھے افراد خود کو گاندھی اور امبیڈکر سے بھی بڑا سمجھنے لگے ہیں، یہ قلعی بھی کھول دی کہ وندےماترم پر بحث بنگال اسمبلی الیکشن کیلئے ہورہی ہے

Prime Minister Modi initiated the debate, which was answered by Priyanka Gandhi.
وزیراعظم مودی نے بحث کا آغاز کیا جس کا جواب پرینکا گاندھی نے دیا

قومی گیت  کے ۱۵۰؍ سال مکمل ہونے پر پیر کو لوک سبھا میں اس پر  وزیراعظم مودی کے ذریعہ شروع کئے گئے مباحثہ  کے جواز پر ہی کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمان پرینکا گاندھی نے سوال کھڑا کر دیا۔اس  کےساتھ ہی  وزیراعظم کے ذریعہ پیر کو پھر ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کو نشانہ بنائے جانے پر انہوں نے حکومت سے کئی تلخ  سوالا ت کرڈالے۔انہوں نے وزیراعظم مودی کو  یاد دلایا کہ انہیں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالے ۱۲؍ سال ہوگئے ہیں جبکہ نہرو نے ۱۲؍ سال ملک کی آزادی کی جدوجہد کے دوران  جیل میں گزارے ہیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکمراں محاذ سے سوال کیا کہ کیا اس کے لیڈر خود کو مہاتما گاندھی اور امبیڈکر سے بھی بڑا سمجھنے لگے ہیں؟
  وزیراعظم کا نہرو اور اپوزیشن پر حملہ
بحث کا آغاز وزیر اعظم نے اپنے خطاب سے کیا۔ اس دوران کچھ دیر نوک جھونک بھی ہوئی۔   مودی نے  نہرو کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ’’جب گاندھی جی کو وندے ماترم قومی ترانہ کے طور پر دکھتا  ہے تو اس کے ناانصافی کیوں ہوئی۔‘‘وزیر اعظم نے  کہاکہ وندے ماترم پر مسلم لیگ کی مخالفت کی   تیز ہوتی جارہی تھی۔ جناح نے لکھنؤ میں ۱۵؍ اکتوبر ۱۹۳۷ء کو وندے ماترم کے خلاف نعرہ بلند کیا ۔ کانگریس کے اس وقت کے صدر جوہر لال  نہر و کو اپنی کرسی کھسکتی دکھائی دی۔ بجائے اس کے کہ مسلم لیگ کے بے بنیاد دعوؤں کا وہ معقول جواب دیتے۔  انھوںنے وندے ماترم کی ہی جانچ شروع کردی۔ ‘‘وزیراعظم نے  الزام لگایا کہ جناح کی مخالفت کے پانچ دن کے بعد ہی ۲۰؍ اکتوبر کو نہرو جی نے نیتا جی سبھاش بابو کو خط لکھا اور جناح  سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ وندے ماترم کا آنند مٹھ کا پس منظر مسلمانوں کو مشتعل کرسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ۲۶ ؍اکتوبر کو کانگریس نے وندے ماترم پر سمجھوتہ کرلیا اور اس کے ٹکڑے کردیئے ۔ اس فیصلہ  کا جواز سماجی ہم آہنگی  کے طور پر دیاگیا لیکن تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ کانگریس نے مسلم لیگ کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے اور مسلم لیگ کے دباؤ میں یہ قدم اٹھایا۔‘‘ 
 پرینکا کے جواب میں تلخ سوال
وزیر اعظم کے ذریعہ شرو ع کی گئی بحث   کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے  فضول قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ بحث اس لیے کرائی جارہی ہے کیونکہ بنگال میں الیکشن  ہونے ہیں اور وزیراعظم اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، یہ بحث ملک کے عوام کا دھیان بھٹکانے کی کوشش ہے ۔ پرینکا گاندھی نے کہاکہ ہم جب وندے ماترم کا نام لیتے ہیں تو ہمیں جنگ آزادی کی تاریخ یاد آ جاتی ہے۔  آج اس پر بحث مجھے عجیب سی لگ رہی ہے۔ یہ گیت ملک کے لوگوں کے دلوں میں بس چکا ہے۔ اس پر آج ہم بحث کررہے ہیں ،اس کی کیا وجہ ہے۔ یہ ہمارا قومی گیت ہے ،اس پر بحث کی کیا ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  دراصل اس کی دو وجہ ہیں۔ پہلی ، بنگال میں الیکشن آرہا ہے اور اس میں وزیر اعظم اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری وجہ ،جن لوگوں نے ملک کی آزادی کی لڑائی لڑی اور قربانیاں دیں حکومت ان پر نئے الزامات عائد کرنے کا موقع چاہتی ہے۔ ملک کے عوام کا دھیان پھر سے بھٹکانا چاہتی ہے۔ یہ حکومت مستقبل اور موجودہ دور کی جانب دیکھنا نہیں چاہتی اور یہ اس قابل نہیں رہی (،صرف ماضی  میں ہی کھوئی رہنا چاہتی ہے۔) اس کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم  نریندر مودی کو ذاتی طور پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعظم اب وہ نہیں جو ایک وقت میں تھے۔ ان کی خود اعتمادی میں کمی آئی ہے۔ ان کی پالیسیاں ملک کو کمزور کررہی ہیں۔ ‘‘ وزیر اعظم پرطنزکرتے ہوئے انھوںنے کہاکہ وزیراعظم   اچھا  بولتے ہیں مگر ثبوتوں کے معاملہ میں کمزور پڑ جاتے ہیں۔  پرینکا گاندھی نے کہاکہ وزیر اعظم نے چٹھی کی بات تو کی مگر وہ پوری نہیں بتائی ۔۲۸ ؍اکتوبر ۱۹۳۷ ءمیں کانگریس کی ورکنگ کمیٹی نے اپنی تجویز میں وندے ماترم کو قومی گیت کا درجہ دیا تھا۔
’کیا خود کو گاندھی اورٹیگور سے بڑاسمجھتے ہیں‘
 انھوںنے کہاکہ اقتدار میں بیٹھے ہمارے ساتھی اتنے مغرور ہوگئے کہ اپنے آپ کو گاندھی ، ٹیگور ، راجند ر پرساد ، مولانا آزاد ،ڈاکٹر امبیڈکر جیسی عظیم شخصیات سے بھی بڑا سمجھنے لگے ہیں۔ قومی گیت کو کاٹنے کا الزام لگا کر آپ ان سب کی توہین کر رہے ہیں۔ نہرو پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے  پرینکا گاندھی نے  ان کے ذریعہ قائم کئے گئے اداروں کا بھی ذکر کیا۔انھوںنے کہاکہ میری ایک صلاح ہے کہ نہرو جی ، اندرا جی اور راجیو سے آپ کو جتنی شکایات ہیں، جنتی غلطیاں آپ کے ذہن میں ہیں، جنتی گالیاں دینی ہیں اس کی ایک فہرست بنالیں،ہم اس پر ایک ہی بار بحث کرلیں۔اس کے بعد بے روزگاری ، مہنگائی ، خواتین کے مسائل ،پی ایم او میں کیا ہورہا ہے ،اس پر بحث کی جائے۔  کانگریس لیڈر نے مودی کو کٹہرے میں کھڑا کرتےہ وئے کہا کہ آج ہر جگہ یہ گیت گایا جاتا ہے ، آپ اسے متنازع بناکر بہت بڑا گناہ کررہے ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK