الزام لگایا کہ ترقی کی سست رفتار کو ’’ہندوگروتھ ریٹ‘‘ نام دیکر ہندوؤں کو بدنام کیاگیا، کہا: ملک کانگریس سے آزاد ہوگیا ہے
EPAPER
Updated: June 11, 2026, 7:14 AM IST | New Delhi
الزام لگایا کہ ترقی کی سست رفتار کو ’’ہندوگروتھ ریٹ‘‘ نام دیکر ہندوؤں کو بدنام کیاگیا، کہا: ملک کانگریس سے آزاد ہوگیا ہے
نریندر مودی نے بدھ کو سب سے طویل عرصہ تک مسلسل وزیراعظم کے عہدہ پر فائز رہنے کے معاملے میں جواہر لال نہرو کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ان کے اقتدار کے ۴؍ ہزار ۳۹۹؍ دن مکمل ہونے پر بدھ کو بھارت منڈپم میں این ڈی اے کی ایک میٹنگ منعقدکی گئی جس میں ان کی عزت افزائی کی گئی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کانگریس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’۱۲؍ برسوں میں ملک کانگریس کے چکر سے آزاد ہوگیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے ہندوستان کی ترقی کی سست رفتار کو ’’ہندو گروتھ ریٹ‘‘ کا نام دینے کیلئے بھی کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اس کے ذریعہ ہندوؤں کو بدنام کیاگیا جبکہ اس سست روی کی وجہ کانگریس تھی اس لئے اس کا نام ’’کانگریس گروتھ ریٹ ‘‘ ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کے دور میں ’’نہ گورننس تھی، نہ پالیسی، نہ عزم اور نہ ہی بروقت فیصلے۔ ناکامی کانگریس کی تھی لیکن اس کا داغ ہندو آبادی پر لگایا گیا۔‘‘
وزیر اعظم نے سنہرے خواب دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان کو صرف دنیا کی برابری نہیں کرنی بلکہ دنیا سے ایک قدم آگے رہنا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ہم میڈ اِن انڈیا طیارے بھی بنائیں گے۔‘‘ اس بیچ اجلاس میں وزیر اعظم مودی کے دورِ حکومت کی ستائش کرتے ہوئے ایک تہنیتی قرارداد منظور کی گئی۔ یہ قرارداد آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے پیش کی جبکہ ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو نے اس کی تائید کی۔