Inquilab Logo Happiest Places to Work

مودی نے مسلسل سب سے طویل عرصے تک منتخب وزیرِ اعظم رہنے کا اعزاز حاصل کیا

Updated: June 10, 2026, 2:02 PM IST | New Delhi

وزیرِ اعظم نریندرمودی نے بدھ کو آزادہندوستان کے مسلسل سب سے طویل عرصے تک منتخب وزیرِ اعظم رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

Narendra Modi.Photo:INN
نریندر مودی۔ تصویر:آئی این این

وزیرِ اعظم نریندرمودی نے بدھ کے روز آزادہندوستان کے مسلسل سب سے طویل عرصے تک منتخب وزیرِ اعظم رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ مودی نے ۲۶؍ مئی ۲۰۱۴ء کو پہلی بار وزیرِ اعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل ملک کے منتخب وزیرِ اعظم کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مسلسل منتخب وزیرِ اعظم کی حیثیت سے منگل کو ان کی مدتِ کار کے۴۳۹۸؍ دن مکمل ہو گئے۔ یہ پنڈت نہرو کی منتخب وزیرِ اعظم کے طور پر ۴۳۹۸؍ دن کی مدتِ کار کے برابر ہیں۔ پنڈت نہرو ۱۳؍ مئی ۱۹۵۲ء سے ۲۷؍ مئی ۱۹۶۴ء تک وزیرِ اعظم رہے تھے۔ البتہ وہ آزادی کے بعد ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو ہندوستان کے پہلے وزیرِ اعظم بنے تھے، لیکن اس وقت وہ منتخب نہیں بلکہ عبوری حکومت کے وزیرِ اعظم تھے۔
اس سے قبل مودی سابق وزیرِ اعظم اندراگاندھی کے مسلسل منتخب وزیرِ اعظم کے طور پر ۴۰۷۷؍ دن کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ اندرا گاندھی ۲۴؍جنوری ۱۹۶۶ء سے ۲۴؍ مارچ ۱۹۷۷ء تک مسلسل وزیرِ اعظم رہیں، اگرچہ بعد میں ۱۹۸۰ء میں بھی وزیرِ اعظم منتخب ہوئی تھیں۔
 مودی وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ اعظم کی حیثیت سے مجموعی طور پر ۹۰۰۰؍ سے بھی زائد دن خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے تیسری مسلسل مدت کے لیے ۹؍ جون۲۰۲۴ء کو وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ذرائع کے مطابق قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی ریاستی حکومتوں کے وزرائے اعلیٰ کی ایک اہم میٹنگ آج ہوگی، جس میں مودی کو اس حصولیابی کے پر مبارکباد دی جائے گی۔ اس موقع پر ایک قرارداد بھی منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھئے:تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے نے ہدایتکار بھارتی راجا کو خراج عقیدت پیش کیا


مودی نے وزیر اعظم کے طور پر طویل ترین مدت تک خدمات انجام دینے کا ریکارڈ قائم کیا: برلا
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم کے طور پر سب سے طویل عرصے تک مسلسل خدمات انجام دینے کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔برلا نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر کہاکہ ’’آج وزیر اعظم اور لوک سبھا میں قائدِ ایوان نریندر مودی نے آزاد ہندوستان کی تاریخ میں منتخب وزیر اعظم کے طور پر طویل ترین مدت تک مسلسل خدمات کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا۔ وزیر اعظم کے طور پر۴۳۹۹؍ دنوں کی مسلسل خدمت کا یہ تاریخی سنگِ میل ہندوستانی جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی اعتماد کی علامت ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:نائیجر کے صحرا میں ٹرک خراب ہونے کے بعد کم از کم ۴۹؍ افراد پیاس سے ہلاک


 انہوں نے مزید کہاکہ ’’اس مدت کے دوران آئینی اقدار، پارلیمانی جمہوریت اور جمہوری اداروں کو صحت مند پارلیمانی طریقہ کار اور روایات کے ذریعے مزید استحکام حاصل ہوا ہے۔‘‘لوک سبھا اسپیکر نے کہا’’وزیر اعظم کو اس منفرد کامیابی پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ ملک کی مسلسل ترقی، گڈ گورننس اور ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کی تکمیل کے لیے ان کی قیادت کے لیے میری نیک تمنائیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK