• Thu, 09 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی دورے میں مودی کی کانگریس پر تنقید

Updated: October 09, 2025, 9:42 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعظم نے۲۰۰۸ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو اس وقت کی کانگریس کی حکومت کی ناکامی قرار دیا

Prime Minister Narendra Modi and Chief Minister Devendra Fadnavis. (PTI)
وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس۔ ( پی ٹی آئی)

نوی ممبئی  بین الاقوامی ایئر پورٹ ، ممبئی میٹرو ۳؍ اور ممبئی وَن ایپ کے افتتاح کے موقع پربدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس  اور اپوزیشن پارٹیوں پر جم کر تنقید کی۔ انہوں نے ۲۰۰۸ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو  اس وقت کی کانگریس کی حکومت کی ناکامی قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ کانگریس کی نااہلی کے سبب ہی دہشت گردوں کی ہمت بڑھی  اور متعدد حملوں میں ملک کے باشندوں کی جان گنوانی پڑی۔
کانگریس پر تنقید
 وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ممبئی کاروباری دارالحکومت کیساتھ ملک کے سب سے متحرک شہروں میں سے ایک ہے اور اسی لئے ۲۰۰۸ء میں دہشت گردوں نے ممبئی کو حملے کیلئے چنا تھا، اس وقت کانگریس کی سرکار تھی جس نے دہشت گردی کے سامنے اپنے گھٹنے ٹیک دینے کا پیغام دیا۔ ‘‘ انہوںنے کسی لیڈر کانام کئے بغیر کہا کہ ’’حال ہی میں کانگریس کے ایک بڑے لیڈر جو ملک کے وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں،نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ممبئی دہشت گردانہ حملے کے بعد ہماری فوج پاکستان پر حملہ کرنے کیلئے تیار تھی،پورا ملک بھی اس وقت یہی چاہتا تھا لیکن کسی دوسرے ملک کے دباؤ میں آکر ہندوستان یہ حملہ کرنے سے رک گیاتھا۔کانگریس کو یہ بتانا ہوگا کہ وہ کون تھا؟ جس نے غیر ملکی دباؤ میں یہ فیصلہ کیا اور ممبئی  اور ملک کے عوام کے جذبات سے کھلواڑ کیا۔ کانگریس کی اس کمزوری نے دہشت گردوں کو مضبوط کیا جس کی قیمت ملک کو بار بار جانیں دے کر چکانی پڑی۔ آج کا  ہندوستان دم دار جواب دیتا ہے اور گھر میں گھس کر مارتا ہے۔یہ دنیا نے آپریشن سیندور میں دیکھا ہے۔ ‘‘
 اپوزیشن پر تنقید 
 وزیر اعظم نے اپویشن پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ملک میں ایک ایسی سیاسی لہر بھی رہی ہے جو  عوام کی سہولتوں کو نہیں بلکہ اقتدار کے حاصل کرنے کو ترجیح دیتی  ہے ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کی ترقی میں دشواری پیدا کرتے ہیں اور گھوٹالے اور گھپلے کر کے ترقیاتی کاموں کو پٹری سے اتار نے کی کوشش کرتے ہیں۔ دہائیوں تک ملک نے ایسے نقصان کو دیکھا ہے۔ آج ( ۸؍ اکتوبر کو ) جس میٹرو لائن کا افتتاح ہوا ہے، یہ اُن لوگوں کے کارناموں کی یاد بھی دلاتا ہے۔ مَیں اس کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شامل بھی ہوا تھا لیکن پھر کچھ وقت کیلئے  جو حکومت آئی اس نے ہی روک دیا۔  ان کو اقتدار ملا لیکن ملک کو ہزاروںکروڑ روپے کا نقصان بھی ہوا تھا اور  اتنے برسوں تک شہریوں کو پریشانی ہوئی ۔
 وزیر اعظم  نے کہا کہ عوام کیلئے کئے گئے کاموں کو بھی بتایا ۔ انہوںنے کہا کہ ’’غریب، یامتوسط طبقہ  ہوان کی مضبوطی ملک کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ابھی جی ایس ٹی میں ’’نیکسٹ جنریشن ریفارم‘‘ سے بھی عوام کو سہولت ہوئی ہے اور بازار کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ امسال نوراتری کے موقع پر نئی اشیا کی خریداری کے کئی برسوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ اسکوٹر ، بائیک ، ریفرجریٹر، واشنگ مشین ، لوگ سب کچھ خرید رہے ہیں جس سے عوام کی زندگی بہتر ہو۔ ہماری سرکاری ایسے ہی قدم اٹھاتی رہے گی۔
مہاراشٹر میں جدید ٹکنالوجی کی تربیت د ی جائے گی
  وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ’’آج سے مہاراشٹر سرکار نے سیکڑوں آئی ٹی آئی اور تکنیکی اسکولوں میں نئے نصاب کی شروعات کی ہے۔  اس کے اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو بھی  ڈرون، روبوٹکس،الیکٹرک گاڑیاں،سولار اینرجی  اور گرین ہائیڈروجن جیسی کئی ٹیکنالوجی کی تربیت مل پائے گی۔   مَیں مہاراشٹر کے نوجوانوں کو بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘
 نریندر مودی نے کہا کہ ’’ گزشتہ ۱۱؍برس قبل کے سفر پر نظر ڈالیں تو ہندوستان کے کونے کونے میں اسی جذبہ سے تیز رفتار سے کام ہو رہا ہے۔ جب وندے بھارت  سیمی  ہائی اسپیڈ ٹرینیں پٹریوں پر دوڑتی ہیں،جب بلٹ ٹرین کا کام رفتاری سے چلتا ہے تو ملک کے ترقیاتی کاموں کااندازہ ہوتا ہے۔ ‘‘
 انہوںنے کہا کہ’’ آج ہندوستان دنیا کاسب سے یووا ملک ہے ۔ جب انفر اسٹرکچر بڑھے گا تو یہاں کے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK