ممبئی کانگریس کے صدر ورکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے بدھ کو ولے پارلے میں واقع کے آر این کوپر اسپتال کا دورہ کیا۔
EPAPER
Updated: October 09, 2025, 10:34 AM IST | Iqbal Ansari | New Delhi
ممبئی کانگریس کے صدر ورکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے بدھ کو ولے پارلے میں واقع کے آر این کوپر اسپتال کا دورہ کیا۔
ممبئی کانگریس کے صدر ورکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے بدھ کو ولے پارلے میں واقع کے آر این کوپر اسپتال کا دورہ کیا۔ اس دورہ کے بعد انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ کوپر اسپتال میں گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی سہولتوں کا فقدان ہے۔ یہاں نہ تو مریضوں کیلئے ادویات ہیں ، نہ ہی درکارعملہ اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولتیں ہیں۔
انہوں نے بی جے پی کی مہا یوتی حکومت اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن پر الزام لگایاکہ یہ دونوں ممبئی کے شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ اگرچہ صحت عامہ کی خدمات فراہم کرنا حکومت اور میونسپل کارپوریشن کی لازمی ذمہ داری ہے لیکن ممبئی کے بہت سے میونسپل اسپتال سہولیات کی کمی کی وجہ سے وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ غریب گھرانوں کے مریض پریشان ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کا محکمہ صحت کا ۷؍ہزار کروڑ روپے کا فنڈ کہاں جاتا ہے؟
اس موقع پر سابق ایم ایل اے اشوک جادھو، سابق کارپوریٹر محسن حیدر، اشرف اعظمی، اونیش سنگھ، مہر حیدر، ترجمان سریش چندر راج ہنس اور دیگر موجود تھے۔
ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ اسپتال میں چوہوں کی بھرمار ہو گئی ہے۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ گزشتہ ۲؍ماہ میں یہاں ۶؍مریضوں کو چوہوں نے کاٹ لیا ہے لیکن حکومت اور بی ایم سی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ اگر اس حکومت میں تھوڑی سی بھی اخلاقیات باقی ہے تو وہ فوری طور پر عام آدمی کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے اور مریضوں کیلئے تمام ضروری سہولیات فوری طور پر شروع کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل میں نے کرلا، باندرہ، گوونڈی اور گھاٹکوپر کے مضافاتی اسپتالوں کا دورہ کیا تھا۔ میں نے وہاں بھی یہی صورتحال دیکھی۔ بار بار کی نشاندہی کے باوجود بلدیہ اور حکومت اس کو نظر انداز کر رہی ہے۔