Inquilab Logo

مودی سرکار پیٹرولیم کی تمام مصنوعات کو جی ایس ٹی کے تحت لائے: کانگریس

Updated: May 12, 2021, 7:24 AM IST | New Delhi

پارٹی کے جنرل سیکریٹری رندیپ سرجیوالا نے الزام لگایا کہ اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی منافع خوری شروع کر دی گئی ہے ، عوام کی مصیبتوں کاخیال رکھنے کا مطالبہ

The government is making a living from petroleum products.Picture:PTI
حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے ذریعے اپنے وارے نیارے کررہی ہے تصویرپی ٹی آئی

کانگریس نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لا کر ایکسائز ڈیوٹی واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور میڈیا سیل کے سربراہ  رندیپ سنگھ سرجیوالا نے  یہاں  ایک بیان میں  بی جے پی کو’ `بھارتیہ جن لوٹ پارٹی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی  اس نے  تیل کی لوٹ کا کھیل شروع کردیا لیکن وہ عوام پر آئی مصیبتوں کو نہیں دیکھ رہی ہے جس کی وجہ سے کورونا سے بے حال عوام اب مہنگائی سے بھی بدحال ہو جائیں گے ۔ 
  سرجیوالا نے کہا کہ پچھلے آٹھ دنوں میں مودی حکومت نے پیٹرول کو ایک روپیہ ۴۰؍ پیسے اور ڈیزل کو ایک روپے ۶۳؍ روپے فی لیٹر مہنگا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی بالترتیب  ۳۲ء۷۸؍ روپے اور۳۷ء۲۸؍ روپے فی لیٹر کردی ہے اور عوام کے مفاد میں اسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہئے۔
 کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ جب مودی سرکار نے مئی۲۰۱۴ء میں پہلی بار اقتدار سنبھالا تھا، تب پیٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی ۹؍ روپے اور  فی لیٹر اور ڈیزل پر صرف ۳؍ روپے فی لیٹر تھی، لیکن اس حکومت کے دور میں یہ پیٹرول  پر کئی گنا بڑھاکر ۳۲؍ روپے سے زائد اور ڈیزل پر بھی کئی گنا بڑھاکر ۳۷؍ روپے سے زائد پہنچادی گئی ہے۔   انہوں نے کہا کہ۲۰۱۴ء سے لے کر اب تک حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر۱۲؍ مرتبہ ٹیکس بڑھایا ہے اور ساڑھے ۶؍سال میں عوام سے۲۱ء۵۰؍لاکھ کروڑ روپے کی وصولی کی ہے۔ یہاں تک کہ کورونا  بحران کے دور میں بھی  بار بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے منافع کمایا جارہا ہے اور ایک بار پھر سے ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے۔
 سرجیوالا کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل عوام کی ضروریات میں شامل ہیں۔ خاص طور پر ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے عوام کی جیب پر اس کا براہ راست اثر ہو تا ہے۔ اس کے باوجود یہ حکومت دام بڑھانے پر مصر ہے۔

petrol Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK