Inquilab Logo

گجرات کی بربادی کیلئے مودی نے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا

Updated: November 24, 2022, 7:37 AM IST | Mehsana

ٹویٹر پر وزیراعظم کا بیان موضوع ِ بحث، صارفین نے یاد دلایا کہ ریاست میں ۲۷؍ سال سے بی جےپی برسراقتدار ہے

Prime Minister Modi addressing an election rally in Gujarat on Wednesday.
وزیراعظم مودی گجرات میں بدھ کو انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے۔

گجرات جہاں گزشتہ ۲۷؍ برسوں سے بی جےپی برسراقتدار ہے اور لگاتار ۷؍ ویں مرتبہ اسمبلی الیکشن جیتنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے، میں بدھ کو  انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کانگریس کو ریاست کی بدحالی کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نےشمالی گجرات کے   مہسانہ ضلع میں عوام سے   بی جےپی کو بھاری ووٹوں سے فتح یاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس ماڈل‘‘ کے معنی اقرباء پروری ، ذات  پات اور فرقہ واریت ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کانگریس پر گجرات کو تباہ کردینے کا الزام عائد کیا۔
 واضح رہے کہ سیاسی ماہرین کے مطابق گجرات میں بی جےپی کیلئے راہیں  آسان نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم مودی  اور وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت کئی وزرائے اعلیٰ انتخابی مہم کیلئے ریاست میں خیمہ زن ہیں۔ وزیراعظم   مودی  نے گجرات سے اپنے ذاتی تعلق کو بھنانے کی کوشش کرتے ہوئے پیر کو مظلومیت کارڈ بھی کھیلنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے مدھو سودن مستری کے اس بیان کا کہ الیکشن میں  ووٹر بی جے پی کو اوقات بتادیں گے،  اطلاق اپنے اوپر کیا  اور گاندھی پریوار کو نشانہ بنایا۔ بدھ کو مہسانہ میں انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ’’کانگریس ماڈل کا مطلب اقرباء پروری، بدعنوانی، خاندانی  سیاست، ذات پات پر بندی سیاست اور فرقہ واریت ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’وہ اقتدار میں رہنے کیلئے عوام میں پھوٹ ڈالنے اور ووٹ بینک کی سیاست کرنے کیلئے جانے جاتے ہیں۔‘‘ گجرات کی بربادی کیلئے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’اس ماڈل نے نہ صرف گجرات کو تباہ کیا بلکہ پورے ملک کو تباہ کرڈالا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک کو آگے لے جانے کیلئے ہمیں اس قدر محنت کرنی پڑ رہی ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے بدھ کو داہوڈ، بڑودہ اور بھاؤ نگر میں بھی ریلیوں سے خطاب کیا۔ وزیراعظم کا ۱۵؍ دنوں میں  ۲۵؍ انتخابی ریلیوں سے خطاب کا پرمنصوبہ ہے۔ دوسری طرف کانگریس  کے لیڈروں اور سیاسی تجزیہ نگار وزیراعظم کے اس بیان پر تنقید کررہے ہیں کہ کانگریس نے گجرات کو تباہ کردیا۔ ٹویٹر پرمودی کو یاد دلایاگیا کہ ۲۷؍ سال سے گجرات میں بی جےپی برسراقتدار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK