Inquilab Logo

بہار میں مودی کو تمام ۴۰؍ سیٹیں جیتنے کا یقین

Updated: April 08, 2024, 12:38 PM IST | Hamid Firdousi | Nawada

نوادہ میں وزیر اعظم کی ریلی، انڈیا اتحاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی زبان بول رہی ہے۔

Prime Minister Modi in Riley . Photo: PTI
وزیر اعظم مودی نوادہ میں ریلی کےدوران تصویر: پی ٹی آئی

وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ہفتہ میں دوسری بار بہار میں انتخابی مہم کے دوران جلسہ عام سے خطاب کرتےہوئےاتوار کو نوادہ کے کنتی نگر میدان میں عوام سے بی جے پی امیدوار وویک ٹھاکر کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ مودی جی، کیا آپ تھکتے نہیں ؟ تو وہ لوگ کان کھول کر سن لیں، مودی جی مزے لینےکیلئے پیدا نہیں ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ صرف ٹریلر ہے، ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوادہ نے ہمیشہ این ڈی اے کو اپنی پوری محبت دی ہے۔ آج بھی آپ کا جوش صاف ظاہرکرتاہے کہ نوادہ کے ساتھ ساتھ پورے بہار میں این ڈی اے کا جھنڈا لہرانے والا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کو یاد ہوگا کہ میں نے لال قلعہ سے کہا تھا کہ یہی وقت ہے، یہی صحیح وقت ہے۔ ہندوستان کی تاریخ میں یہ وقت کئی صدیوں کے انتظار کے بعد آیا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب ہم مل کر کام کریں تو ہندوستان ترقی کر سکتا ہے۔ نوادہ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ’انڈیا‘اتحاد کو نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ’انڈیا‘اتحاد کے قائدین سناتن مخالف ہیں۔ 
کانگریس ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی زبان بول رہی ہے
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی زبان بول رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ راجستھان یا ملک کے دیگر حصوں کے لوگوں کا جموں و کشمیر میں دفعہ۳۷۰؍ ہٹانے سے کیا واسطہ ہے؟نوادہ پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑنے والے بی جے پی کے امیدوار وویک ٹھاکر کے حق میں اتوار کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس کے قومی صدر نے راجستھان میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ۳۷۰؍ کو ہٹا نے کا راجستھان یا ملک کے دیگر حصوں سے کیا لینا دینا ہے۔ وزیر اعظم یہاں آکر دفعہ۳۷۰؍ کی بات کیوں کرتے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ بات سن کر انہیں شرم آئی۔ کیا جموں و کشمیر ہمارا نہیں ؟ 
 مودی نے سخت لہجے میں کہا کہ کانگریس والے سن لیں اور سمجھ لیں جموں و کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے۔ بہار، راجستھان اور ملک کے دیگر حصوں کے بہت سے نوجوانوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ جموں و کشمیر کو بچانے کے لیے کئی بہادر فوجی ترنگے میں لپٹے ہوئے واپس آئے ہیں۔ ایسے شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے پوچھنا کہ ان کا دفعہ۳۷۰؍ سے کیا لینا دینا، شرمناک ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کا اثر ہے کہ یہ لوگ (کانگریس) ایسی زبان بولنے لگے ہیں۔ 
مودی کی گارنٹی سے مخالفین کو پریشانی ہورہی ہے 
وزیراعظم مودی نےکہاکہ گزشتہ ۱۰؍ سال میں بہار کے عوام نے ملک کے مفاد میں کئی بڑے فیصلے ہوتے دیکھے ہیں۔ آج بہار میں جدید انفراسٹرکچر بنایا جا رہا ہے، جدید ایکسپریس وے بن رہے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنوں کو جدید بنایا جا رہا ہے۔ آج پوری دنیا میں ہندوستان کی آوا سنائی دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں مسلسل تیسری بار این ڈی اے کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوادہ سمیت بہار کی تمام ۴۰؍سیٹوں پر این ڈی اے کی جیت یقینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی گارنٹی سے مخالفین کو پریشانی ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نےرام مندر اور آرٹیکل۳۷۰؍ کے حوالے سے انڈیا اتحاد کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر شری کرشن سنگھ اور لوک نائک جے پرکاش نارائن کو یاد کیا۔ انڈیا اتحاد کے لیڈروں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہاکہ `وہ کہتے ہیں کہ مودی کے ذریعہ گارنٹی دینا غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کانگریس لیڈر کے مبینہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مودی گارنٹی دیتے ہیں کیونکہ مودی کی نیت صاف ہے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ۲۰۰۵ء سے پہلے بجلی اور بیت الخلاء کی کیا حالت تھی؟ اس کے بعد جب ہم آئے تو سب کچھ ٹھیک ہو گیا۔ لوگوں کو روزگار نہیں مل رہاتھا۔ جب ہم آئے تو کتنی نوکریاں دی گئیں ؟۲۰؍ لاکھ روزگار کے وعدے کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اب تک پانچ لاکھ لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ ہم۱۰؍ لاکھ سرکاری نوکریوں کا وعدہ بھی پورا کرنے جا رہے ہیں۔ مرکزی حکومت بھی کافی مدد کر رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK